قارئین کی طرف سے موصول ہونے والے چند منتخب خوابوں  کی تعبیریں

خوابوں کی تعبیریں

قارئین کی طرف سے موصول ہونے والے چند منتخب خوابوں  کی تعبیریں

*مولانا محمد اسد عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ اپریل2023

خواب : گھر سے باہر کسی کو بجلی لگی اس کو دیکھنے نکلا ٹرانسفارمر اور بوہڑ کے نزدیک آدمی پر انہوں نے پانی ڈالا اور ریت ڈالنے کی کوشش کی تو میں گھر میں داخل ہوا۔ سیلابی صورتحال کی وجہ سے سب مکان گر چکے ہیں لیکن میں ایک کچے کمرے میں داخل ہوا جس میں بیوی اور ایک مہمان عورت بچے کو دودھ پلا رہی ہے۔ساتھ ہی ایک اور گھر نمودار ہوا۔

تعبیر : مذکورہ بالا خواب بے ربط ہے۔ خیالات کے منتشر ہونے کی وجہ سے اس طرح کے خواب دکھائی دیتے ہیں۔ نمازوں کی پابندی کرتے رہیں اور اللہ پاک کی بارگا ہ میں دعا کرتے رہیں۔

خواب : آج صبح میں نے خواب میں دیکھا کہ پتھروں کی بارش ہورہی ہے اور میں اپنی بیٹی کو اس بارش سے بچا رہی ہوں اس کی تعبیر بتا دیجئے۔

تعبیر : آسمان سے پتھروں کی بارش کسی گناہ پر گرفت کی علامت ہے۔ جس کے بارے میں خواب دیکھا گیا اسے چاہئے کہ اپنے اعمال کا بغور جائزہ لے اگر کسی گناہ میں مبتلا ہے تو اس سے توبہ کرے۔ البتہ ماں کا اسے بچانے کی کوشش کرنا اچھا ہے۔ اس میں اشارہ ہے کہ ماں اسے اس کام سے منع کرتی ہے۔

خواب : خواب میں خربوزہ دیکھنا کیسا ہے ؟

تعبیر : خربوزہ غم کی علامت ہے البتہ موسم میں میٹھا خربوزہ دیکھنا غم کے دور ہونے کی نشانی ہے۔

خواب : میری بہن نے خواب میں دیکھا کہ وہ اپنے سسرال میں ہےاور وہ چھت پر گئی وہ نیچے دیکھتی ہے تو نیچے سیلاب آیا ہوا ہے۔

تعبیر : عمومی حالات میں سیلاب کا دیکھنا  آزمائش کی علامت ہے ، جو شخص یہ خواب دیکھے اسے چاہئے کہ اللہ ربُّ العزت کی بارگاہ میں عافیت کی دعا کرے ، نیز اللہ کی راہ میں صدقہ دے ، اِنْ شَآءَ اللہ مفید ہوگا۔

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ دکان بند کرتے ہوئے مجھ پر چمگادڑوں نے حملہ کر دیا ہے اور میرے ہاتھ پر زخم آئے ہیں۔ اس کی تعبیر بتا دیں ؟

تعبیر : خواب اچھا نہیں ، آپ اپنی دکان اور کاروبار کے معاملے میں احتیاط سے کام لیجئے ، خاص طور پر کسی نئے معاہدے یا سودے کو طے کرتے ہوئے خوب غور و خوض کیجئے تاکہ کسی کی طرف سے پہنچنے والے ممکنہ نقصان سے محفوظ رہ سکیں۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

*  نگران مجلس مدنی چینل


Share

Articles

Comments


Security Code