خوابوں کی تعبیریں

خوابوں کی تعبیریں

قارئین کی طرف سے موصول ہونے والے چند منتخب خوابوں  کی تعبیریں

*مولانا محمد اسد عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ جنوری 2023

خواب : میں نے 22جولائی 2022ء کو رات میں یہ خواب دیکھا ہے کہ میں اپنے والدین کے ساتھ عمرے پر گئی ہوں۔ برائے کرم ! اس کی تعبیر بتادیجئے۔

تعبیر : اچھا خواب ہے ، اِن شآءَ اللہ حقیقت میں عمرے کی سعادت نصیب ہوگی۔ البتہ اس کے لئے اسباب اختیار کرنے کی کوشش کرنے کے ساتھ ساتھ اللہ پاک کی بارگاہ میں دعا بھی کرتی رہیں۔

خواب : خواب میں گائے دیکھنا کیسا ہے ؟ اکثر مختلف خوابوں میں غصّہ کرتی اور بدکتی گائے دکھائی دیتی ہے۔

تعبیر : گائے دیکھنے کی کئی تعبیریں ہیں بعض صورتوں میں خشک سالی جبکہ بعض صورتوں میں خوشحالی کی علامت ہے۔ نیز گائے کا رنگ اور شکل مختلف ہونے سے تعبیر مختلف ہوجاتی ہے۔ لہٰذا کسی خاص صورت پر دیکھے گئے خواب کی خاص تعبیر بیان کی جا سکے گی۔

خواب : میری چچی نے خواب دیکھا ہے کہ ان کے پیچھے کتے بھاگ رہے ہیں اور کچھ کتے بھونک بھی رہے ہیں ۔ اس کی تعبیر کیا ہوگی ؟

تعبیر : کمزور دُشمن کی علامت ہے اللہ پاک کی بارگاہ میں حفاظت کی دعا کریں ، راہِ خدا میں صدقہ کریں اور ظاہری اعتبار سے اپنی اور گھر والوں کی حفاظت کی تدابیر بھی اختیار کریں ، اِن شآءَ اللہ نقصان سے محفوظ رہیں گی۔

خواب : میں نے خواب میں ذائقے دار رس گُلّے اور لڈّو دیکھے اور کھائے ہیں ، برائے مہربانی اس کی تعبیر بتادیجئے۔

تعبیر : اچھا خواب ہے ، میٹھا کھاتے ہوئے دیکھنا خوشخبری کی علامت ہوتی ہے۔ یونہی جائز مراد کے پورے ہونے پر بھی دلیل ہوتی ہے۔

خواب : میں نے رات کو خواب میں دیکھا کہ میں پکا ہوا گوشت کھا رہا ہوں۔ اس کی کیا تعبیر ہوگی ؟

تعبیر : اچھا خواب ہے ، رزق میں وسعت کی علامت ہے جبکہ حلال جانور کا گوشت ہو۔ یو نہی تنگدست کے لئے فراخ دستی کی علامت ہے۔

خواب : میں نے خواب میں ہری ہری گھاس اور لال لال گاجریں دیکھی ہیں ، اس کی تعبیر بتادیجئے۔

 تعبیر : اچھا خواب ہے ، دین کی خوبی کی علامت ہے ، اللہ پاک دینی معاملات میں ترقی عطا فرمائے گا۔ لہٰذا عبادت میں مزید کوشش کریں اور اللہ کی رحمت سے حصہ پائیں۔

خواب : خواب میں اپنے کسی رشتہ دار  ( چاچو ، ماموں ، پھوپھو ، خالہ وغیرہ )  کو فوت شدہ دیکھنا کیسا ہے ؟ نیز جس کو خواب میں دیکھا ہے کیا اس کو اس بارے میں بتانا چاہئے یا نہیں ؟

تعبیر : کسی رشتہ دار کو خواب میں فوت شدہ دیکھنے کی کئی صورتیں ہوتی ہیں کچھ اچھی اور کچھ بری ، اور ان کے مختلف ہونے سے تعبیر بھی مختلف ہوجاتی ہے۔ کسی سے خواب بیان کرنے میں احتیاط کرنی چاہئے صرف وہ خواب بیان کریں جو اچھا ہو اور وہ بھی اچھے دوست یا جس سے تعبیر معلوم کرنی ہو اس سے بیان کیا جائے۔ ہر ایک کو اپنا خواب بیان نہیں کرنا چاہئے۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* نگران مجلس مدنی چینل


Share

Articles

Comments


Security Code