خوابوں کی تعبیریں

خوابوں کی تعبیریں

*مولانا اسد عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ مارچ2024ء

خواب:ایک شخص جیل میں قید ہے اور گھر والی نے خواب میں دیکھا کہ وہ جیل سے رہا ہو کر گھر آیا ہے، دو بار ایسا خواب دیکھا ہے، دوسری بار وائٹ سوٹ پہنا ہوتا ہے، اس خواب کی تعبیر بتا دیں۔

تعبیر:اللہ پاک انہیں رہائی عطا فرمائے۔ جب کسی کا قریبی آزمائش میں ہو تو اس کے چھٹکارے کا خیال دل میں رہتا ہے۔ اور بعض اوقات وہی خیال خواب کی شکل میں بھی نظر آجاتا ہے۔ اللہ پاک کی ذات سے اچھی امید رکھیں اور دعا بھی کرتی رہیں۔

خواب:میرے ابو کو وفات پائے 5سال ہوگئے، ابو جی  میری بہن کے خواب میں آئے ہیں اور میری بہن کو کہہ رہے ہیں کہ میں عمرہ کرنے جارہا ہوں، میرے ساتھ کچھ اور بھی لوگ ہیں۔ براہِ مہربانی اس خواب کی تعبیر بتا دیجئے۔

تعبیر:مردے کو اچھی حالت میں دیکھنا اچھا ہے۔ اِنْ شآءَ اللہ آپ کے ابو عافیت میں ہوں گے البتہ ان کے لئے دُعا اور ایصالِ ثواب کرتے رہیں۔

خواب: کسی قریبی رشتہ دار کی کچھ عرصہ قبل ہی وفات ہوئی ہے، ان کی زوجہ ابھی عدت میں ہیں، پہلے کچھ مرتبہ ان کو یا کسی اور کو وہ خواب میں دِکھے تو اچھی حالت میں تھے لیکن اس کے بعد دو سےتین بار ان کی زوجہ نے دیکھا کہ ایک بار ان کے سر میں درد تھا، ایک بار دیکھا کہ وہ ٹرین میں ہیں اور ان کا ایکسیڈنٹ ہوتے ہوتے بچ گیا لیکن ان کو کچھ چوٹیں آئی ہیں اسی طرح ایک بار اور ایسے ہی دیکھا۔ اور ایک بار دیکھا کہ انہوں نے احرام باندھا ہوا تھا۔ اس کی تعبیر بتادیجئے۔

تعبیر:فوت شدہ کو احرام کی حالت میں دیکھنا بہت مبارک ہے، البتہ درد سر ہونا اچھا نہیں۔ یہ خواب اس مردے کی اچھی بُری کیفیت کو بیان کرتا ہے۔ اللہ پاک سے حُسنِ ظن رکھیں کہ وہ اگر تکلیف میں تھے تو اب عافیت میں ہوں گے۔ البتہ ان کے لئے دُعائے مغفرت ضرور کریں اور ایصالِ ثواب بھی کرتی رہیں۔

خواب: میں نے  ایک خواب دیکھا کہ میں اور میرے ساتھ گھر کا ایک فرد گاڑی پر سفر کر رہے ہیں، ایک مقام پر ڈرائیور نے ڈرائیونگ اپنے کنڈیکٹر کو دی، اس کے تھوڑی دیر بعد گاڑی ان سے اُلٹ گئی، لیکن اَلحمدُلِلّٰہ ہم سب بچ گئے۔ اس کی تعبیر بتا دیں۔

تعبیر:ایسا خواب دیکھنے کے بعد ضروری نہیں کہ حادثہ پیش آئے۔ بعض اوقات ایسے خواب شیطان کے عمل کی وجہ سے بھی نظر آجاتے ہیں۔ البتہ احتیاط ضرور کرنی چاہئے۔ کسی سفر پر روانہ ہوں تو سفر کے تقاضے پورے کریں،سفر کی  دُعا پڑھیں اور سفر سے پہلے راہِ خدا میں صدقہ کریں اِن شآءَ اللہُ الکریم حادثات سے حفاظت ہوگی۔

خواب:میں نے خواب دیکھا کہ میرے دادا جن کے انتقال کو 2سال ہو گئے ہیں، کہہ رہے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کو بھی (مَعاذَ اللہ) موت آگئی ہے، اور اللہ کو کس نے بنایا؟ میں نے کہا کہ ایسے نہیں بولو، کتنی غلط بات کر رہے ہو، یہ حرام و کفر ہے۔ اس کی تعبیر بتادیجئے۔

تعبیر:یقیناً یہ جملے زندگی میں کہے جائیں تو کفر ہی ہیں۔ البتہ خواب میں کسی کے بارے میں دیکھنا الگ بات ہے۔ جس مسلمان کا انتقال اسلام پر ہوا تو اسے مسلمان سمجھنا ضروری ہے اور اس طرح کے خواب کی بنیاد پر کسی فوت شدہ مسلمان کے بارے میں بدگمانی کرنا جائز نہیں۔ یاد رہے! بعض اوقات شیطان بھی خواب میں آکر بدگمانیاں پیدا کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ لہٰذا اس خواب کی طرف زیادہ توجہ نہ کریں البتہ اپنے فوت شدہ دادا کے بارے میں مغفرت کی دُعا اور ایصالِ ثواب ضرور کریں۔

خواب:خواب میں بدبودار پانی دیکھنا کیسا ہے؟

تعبیر:بُرا ہے۔ اللہ پاک کی بارگاہ میں عافیت کی دُعا کریں۔

خواب:میری امی کے انتقال کو تقریباً 3 سال ہو چکے ہیں، رات کو میں نے خواب میں دیکھا کہ ہماری فیملی کے بچے پانی میں گر رہے ہیں اور امی ان کو ایسے بچا رہی ہیں جیسے کوئی پرندہ اپنے بچوں کو بچاتا ہے، اس کے بعد امی فوت ہو گئیں اور میں بہت روئی اور اتنا روئی کہ جب جاگی تو آنکھوں میں آنسو تھے اور میرے رونے کی آواز میرے بچوں نے بھی سنی کہ آپ سوتے ہوئے رو رہی تھیں۔ اس کی تعبیر بتا دیجئے۔

تعبیر:اللہ پاک آپ کی والدہ کی مغفرت فرمائے۔ قریبی رشتہ داروں کے دنیا سے چلے جانے کے بعد اس طرح کے خواب نظر آنا ایک معمول کی بات ہے۔ چونکہ والدہ سے بچوں کا ایک گہرا تعلق ہوتا ہے اس لئے بھی وہ خواب میں نظر آتے ہیں۔ البتہ اپنی والدہ کے لئے دُعا اور ایصال ثواب کی کثرت کرتی رہیں۔

خواب:میں نے خواب میں رنگ برنگے طوطے اڑتے ہوئے دیکھے ہیں، برائے مہربانی اس کی تعبیر بتادیجئے۔

تعبیر:خواب میں طوطے کا دیکھنا کئی طرح سے ہے، کبھی یہ لڑکے اور کبھی یہ عورت کی علامت ہوتا ہے۔ خواب دیکھنے والے کی کیفیت اور حالت کے مختلف ہونے سے طوطے کا دیکھنا مختلف ہوسکتا ہے۔

خواب:خواب میں آسمان پر لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللہُ لکھا ہوا دیکھنا کیسا ہے؟

تعبیر:اچھا ہے، اللہ سے محبت کی علامت ہے۔ خواب دیکھنے والے کوچاہئے کہ کثرت سے ذِکرُ اللہ کرے کہ اس کی برکتیں حاصل ہوں گی۔

خواب: میں نے آج تقریباً4بجے کے بعد خواب دیکھا کہ میں چارپائی پر اپنے بھائی کے ساتھ بیٹھی ہوں، وہ مجھ سے کہتا ہے کہ تمہیں بہت اچھا تحفہ ملنے والا ہے، میں نے کہا کون سا؟ کہتا ہے ابھی چاہتی ہو تو میں نے کہا جی۔ میرے بھائی نے کہا ٹھیک ہے، میں کلمہ پڑھنے لگ جاتی ہوں، ابھی آدھا کلمہ پڑھا تھا کہ میں اٹھ گئی اور مجھے ایسا لگا جیسے میں مرنے والی ہوں۔

تعبیر:اس طرح کے خواب نظر آنے سے پریشان نہیں ہونا چاہئے، مختلف خیالات ایسے خواب کا باعث ہوتے ہیں، اپنی تسلی کے لئے اللہ پاک کی راہ میں کچھ صدقہ کردیں اور درازیِ عمر بالخیر کی دعا کریں۔

خواب:اگر شوہر کو خواب آئے کہ اس کی بیوی کے پیچھے چڑیل بھاگ رہی ہے اور شوہر بیوی کو اس سے بچا رہا ہے۔ اور ایسے ہی خواب کا اُلٹ خواب بیوی کو آئے تو اس کی کیا تعبیر ہوگی؟

تعبیر:فضول خواب ہے اس کی طرف توجہ نہ فرمائیں، کبھی اس طرح کے خواب اپنے ہی پریشان خیالات کی وجہ سے نظر آجاتے ہیں۔ پریشان نہ ہوں، اللہ پاک کی بارگاہ میں عافیت کی دُعا کریں۔

خواب: میں نےخواب میں دیکھا کہ میں قبرستان گیا، وہاں ایک قبر کھلی اور اس میں سے ایک بابا نکلے جو مُردہ تھے، لیکن اُن کی آنکھیں کُھلی ہوئی تھیں، پھر وہ بات کرنے لگے تو میں اُن کے پاس گیا اور میں نے اُن سے کہا کہ آپ میرے لئے دُعا کریں گے؟ انہوں نے کہا، ہاں۔ میں نے کہا میرے گھر والے حج و عمرہ کریں ، انہوں نے دعا کی۔ پھر انہوں نے کہا اور۔ میں نے کہا میں عالم بن جاؤں تو انہوں نے دعا کردی۔ اس کی تعبیر بتا دیجئے۔

تعبیر:بابا سے آپ کی مراد کیا ہے واضح نہیں۔ البتہ حج کرنا اور عالمِ دین بننا یقیناً بہت اعلیٰ اور فضیلت والے کام ہیں، ان کے لئے اسباب اختیار کریں اور اللہ پاک کی بارگاہ میں دُعا بھی کرتے رہیں۔

خواب:میں نے خواب میں حضرت بہاءُ الدّین زکریا ملتانی رحمۃُ اللہِ علیہ  کا مزار دیکھا، اس کے ہر طرف پانی ہی پانی تھا جیسے سیلاب آیا ہوا ہو، لیکن لوگ اس میں خوشی خوشی گھوم رہے تھے جیسے میلا لگا ہوا ہو، اس کی تعبیر بتادیجئے۔

تعبیر:اچھا خواب ہے، بُزرگوں کی برکت ملنے کی علامت ہے۔

خواب:میں نے اس ہفتے تین بار یہ خواب دیکھا کہ میری شادی ہورہی ہے، اس کی تعبیر کیا ہوگی بتا دیجئے۔

تعبیر:جس کی شادی نہ ہوئی ہو اس کے لئے عنقریب نکاح کرنے کی خبر ہے۔ اور اکثر شادی شدہ کے لئے کوئی خوشی کی بات پہنچنے کی علامت ہے۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* نگرانِ مجلس مدنی چینل


Share

Articles

Comments


Security Code