محمد مصطفٰے جب حَشْر میں تشریف لائیں گے

نعت

محمد مصطفٰے جب حَشْر میں تشریف لائیں گے

تو اپنے نام لیووں کو اِشارے میں چُھڑائیں گے

جو مَحْشَر میں پکاریں گے اَغِثْنِیْ یَارَسُوْلَ اللّٰہ

تو اُن کی دَسْت گیری کے لیے سرکار آئیں گے

جہنم چیختا جب عرصۂ مَحْشَر میں آئے گا

سیہ کاروں کو وہ دامانِ رحمت میں چھپائیں گے

”محمد“ وِردِ لب، دامانِ اَحمد دونوں ہاتھوں میں

گدایانِ نبی اس شان سے مَحْشَر میں آئیں گے

گزر جائیں گے پُل سے ”رَبِّ سَلِّم“ کی صدا سُن کر

وہ بیڑا پار خود اپنے غلاموں کا لگائیں گے

جو ہوں گی حشر میں سوکھی زبانیں پیاس سے باہر

تو شاہِ خُلد و کوثر جام بھر بھر کے پلائیں گے

خدا چاہے تو پیشِ حق عدالت میں کھڑے ہوکر

جمیلِؔ قادری نعت اپنے مولیٰ کی سنائیں گے

از: مَدَّاحُ الْحَبِیْب مولانا جمیل الرحمٰن قادری رضوی رحمۃُ اللہِ علیہ

قبالۂ بخشش،ص310

مشکل الفاظ کے معانی: وِلا:محبت۔ حَشْر:قیامت۔ مَحْشَر:قیامت کامیدان۔ اَغِثْنِیْ یَارَسُوْلَ اللّٰہ:اے اللہ کےرسول! میری مددفرمائیے۔ دَسْت گیری: مدد۔ عرصۂ مَحْشَر: میدانِ قیامت۔ سیہ کاروں:گناہ گاروں۔ گدایانِ نبی:نبیِّ پاک  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کے غلام۔ رَبِّ سَلِّم:اے میرے رب! (میری امت کو پُل صِراط سے) سلامتی سے گزاردے۔ قیامت کے دن حضور  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کی مبارک زبان پر جاری کلمات۔ شاہِ خُلد و کوثر :جنت اور حوضِ کوثر کے مالک  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔ پیشِ حق: اللہ پاک کی بارگاہ میں۔ مولیٰ: سرکارِ مدینہ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔


Share

Articles

Comments


Security Code