سیلاب زدگان اور دعوتِ اسلامی

فریاد

سیلاب زدگان اور دعوتِ اسلامی

Flood-affectees and Dawat-e-Islami

دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا محمد عمران عطّاری

ماہنامہ فیضانِ مدینہ نومبر 2022ء

 ربِّ کریم ارشاد فرماتا ہے :  ( اِنَّمَا الْمُؤْمِنُوْنَ اِخْوَةٌ )  ترجَمۂ کنزُالعرفان : صرف مسلمان بھائی بھائی ہیں۔(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں) (پ26 ، الحجرات : 10) اُمَّت کےغَم خوار نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا ارشاد ہے : تم مسلمانوں کو آپس کی رحمت ، باہمی محبت اور مہربانی میں ایک جسم کی طرح دیکھو گے کہ جب ایک عُضْوْ بیمار ہوجائے تو سارے جسم کے اَعضاء بے خوابی اور بخار کی طرف ایک دوسرے کو بلاتے ہیں۔  جبکہ ایک روایت میں ہےکہ سارے مسلمان ایک شخص کی طرح ہیں ، جب اس کی آنکھ میں تکلیف ہوگی توسارے جسم میں تکلیف ہوگی اور اگراس کے سرمیں دردہوتوسارے جسم میں درد ہوگا۔  (بخاری ، 4 / 103 ، حدیث : 6011 ، مسلم ، ص1071 ، حدیث : 6589)

پیارے اسلامی بھائیو ! اللہ پاک کی رحمت ہےکہ میرے شیخِ طریقت امیرِ اہلِ سنّت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطّاؔر قادری  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ دعوتِ اسلامی والوں کوعشقِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے ساتھ ساتھ امتِ مصطفےٰ کا درد اور اُمّت کی محبت بھی گھول گھول کر پلاتے ہیں ، یہی وجہ ہے کہ پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی اُمّت جب اور جہاں تکلیفوں ، پریشانیوں اور دُکھوں میں مبتلا نظر آتی ہے وہاں یہ احساس اپنا اثر دِکھانا شروع کردیتا ہے اور دعوتِ اسلامی والے وہاں دینی اور فلاحی کاموں کےلئے ایکٹیو ہوجاتے ہیں۔

یوں تو اللہ پاک کے کرم سے دعوتِ اسلامی 41 سال سے بھلائی کے کاموں میںمصروفِ عمل ہے ، دنیا بھر میں ہزاروں مَقامات پر دعوتِ اسلامی کے ذمہ داران موجود ہیں ، صرف پاکستان میں کم و بیش 5 لاکھ ذمہ داران ڈویژن ، ڈسٹرکٹ ، تحصیل ، یوسی اور وارڈ لیول پر دعوتِ اسلامی کےتنظیمی سیٹ اپ کا حصہ ہیں۔  لاکھوں لاکھ مبلغینِ دعوتِ اسلامی کی تعداد اس کے علاوہ  ہے ، جبکہ دعوتِ اسلامی سے محبت کرنے والوں اور بغیر ذمہ داری کے بھی دینِ مَتین کی خدمت اور مسلمانوں کی خیرخواہی کرنے والوں کی دعوتِ اسلامی میں کمی نہیں ہے۔ پچھلےدنوں ہمارے پیارے وطن پاکستان میں جس سیلابی صورتحال کا سامنا ہوا کہ جس سے ہمارے ملک کا ایک بہت بڑا حصہ متأثر ہوا ، اس میں متأثرین کی تقسیم بھی اسی طرح ہی تھی ، مگر چونکہ دعوتِ اسلامی کا نیٹ ورک پہلے ہی سے گاؤں گاؤں ، شہر شہر اور ملک بَہ ملک پھیلا ہوا ہے اس لئے دعوتِ اسلامی کے شعبے  FGRF کو اُمّت کی خیرخواہی کرنے میں دیگر کئی اداروں کی بنسبت سہولت رہی کیونکہ عام طور پر جو جس علاقے کا ہوتا ہے اسے اپنے علاقے کے لوگوں کا پتا ہوتا اور ان لوگوں کے حالات و معاملات سے وہ کچھ نہ کچھ آگاہ بھی ہوتا ہے ، تو دعوتِ اسلامی کے نیٹ ورک سے FGRF کو ایک اور فائدہ یہ بھی ہوگیا کہ ضرورت مندوں تک پہنچنا  آسان ہوگیا ، ہم نے اپنا یہ ذہن بنایا ہوا ہے کہ قوم کا چندہ ہمارے پاس امانت ہوتا ہے ، عاشقانِ رسول اپنا چندہ دعوتِ اسلامی کو آنکھیں بند کرکے (یعنی اعتماد کرکے) دیتے ہیں تو دعوتِ اسلامی والوں کو وہ چندہ اپنی آنکھیں کھول کر (یعنی شریعت کے مطابق) استعمال کرنا ہوتا ہے۔

البتہ اس بار پاکستان میں جو سیلابی صورتحال ہوئی اس میں متأثرین تک ان کی ضروریات کا سامان پہنچانے میں کچھ دِقّت کا سامنا کرنا پڑا ، اس کی دو وجوہات تھیں ایک تو متأثرین کی تعداد بھی بہت زیادہ تھی اور ساتھ ہی کئی علاقے اور شہر چاروں طرف سے پانی میں ڈوبے ہوئے تھے جس کے سبب زمینی رابطہ ان علاقوں سے منقطع ہو چکا تھا ، ایک بڑا پرابلم یہ بھی تھا کہ کچھ شَرپسند ، دنیاوی مال کے حریص ، دنیا سے محبت اور اپنی آخرت کو خراب کرنے والے لوگ راستوں پر بیٹھ کر متأثرین کی مدد کے لئے پہنچنے والے افراد کی گاڑیوں اور ٹرکوں کو لوٹ رہے تھے اور بعض مقامات پر تو تشدد بھی کر رہے تھے ، اللہ پاک کی رحمت سے ان شَرپسند عَناصِر کی وجہ سے دعوتِ اسلامی متأثرین کی مدد سے پیچھے نہیں ہٹی بلکہ آگے بڑھ بڑھ کر اپنے مسلمان بھائیوں کی مدد کرتی رہی۔

اَلحمدُ لِلّٰہ !  ہمارےملک کے دیگر کئی اداروں کے ساتھ ساتھ ہماری فورسز نے بھی ہمارے ساتھ تعاون کیا اور سیلاب زدگان تک ان کی ضروریاتِ زندگی پہنچانے میں ہماری بہت مدد کی ، اللہ پاک کے کرم سے پکے ہوئے کھانے ، خشک راشن ، نقد رقم اور دیگر امدادی سامان کے کئی ٹرکوں اور گاڑیوں کے ساتھ ساتھ C-130 کے جہاز بھی متاثرہ علاقوں کی جانب بھیجے گئے۔

یاد رہے کہ سیلاب سے متأثرہ افراد کی مدد کے کام کو دعوتِ اسلامی کے شعبے  FGRFنے تین مراحل میں تقسیم کیا ہوا ہے :

پہلا مرحلہ : ان متأثرین کو کھلے آسمان تلے پانی کے بیچ میں زندہ رکھنے کی کوشش کرنا۔  اس کے لئے ان متأثرین کو جہاں راشن پہنچانے کا انتظام کیا گیا وہیں بےشمار مقامات پر روزانہ کی بنیاد پر متأثرین کو کھانا پکاکر پہنچایا جاتا رہا ، جہاں کمبل اور بستروں کی ضرورت تھی وہاں یہ چیزیں ان متأثرین کو پیش کی گئیں ، کئی مقامات پر خیمہ بستیاں قائم کی گئیں جبکہ جہاں جہاں ممکن تھا وہاں ٹینٹ لگاکر نمازوں کا اہتمام کیا گیا اور ان متأثرین کو دین کی تعلیمات پہنچانے کی کوشش بھی کی گئی ، یوں کہئے کہ انہیں جسمانی غذا کے ساتھ ساتھ روحانی غذا بھی پہنچانے کا اہتمام کیا گیا۔

دوسرا مرحلہ : ان متأثرین کی صحت کا تحفظ کرنا ، انہیں اور ان کے جانوروں کو بیماریوں سے بچانا ، ان کے علاج معالجے کا اہتمام کرنا۔  اس کے لئے جہاں متأثرین کو مچھر دانیاں پہنچانے کا اہتمام کیا گیا وہیں دعوتِ اسلامی سے وابستہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے اَلحمدُ لِلّٰہ خود کو پیش کیا اور بےشمار مقامات پر سیلاب سے متأثرہ مریضوں کے میڈیکل کیمپس قائم کئے۔

تیسرا مرحلہ : ان متأثرین کی بَحالی یعنی ان کی مساجد اور ان کے مدارس کو دوبارہ بنوانا ، ان کے مکانات کو تعمیر کروانا اور ان کے روزگار کا اہتمام کرنا۔  اَلحمدُ لِلّٰہ !  ان تینوں مَراحِل پر اب بھی کئی مقامات پر اُمّت کی خیرخواہی کا کام جاری ہے۔  

میری تمام تر عاشقانِ صحابہ و اہل ِبیت سے فریاد ہے !  محبتِ رسول کا ایک تقاضا یہ بھی ہے کہ پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی اُمّت سے پیار کیا جائے اور اس سے دکھ درد دُور کئے جائیں ، میرے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی اُمّت اس وقت پریشان ہے ، مصیبتوں میں گھری ہوئی ہے اور اللہ پاک نے ہمارے وطنِ عزیز میں مالداروں کی کمی بھی نہیں رکھی ، لہٰذا آگے بڑھ کر غم زَدوں کی مدد کیجئے اور ان دُکھیاروں کے دِلوں کی دعائیں لیجئے۔

اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

Account Details : Dubai Islamic Bank Title : Dawat E Islami-Faizan Global Relief Foundation (FGRF)

ACCOUNT NO : 1760135392017 IBAN NO : PK53DUIB0000000135392017

ہیلپ لائن نمبر : 03152678657


 


Share

Articles

Comments


Security Code