اے دعوتِ اسلامی تِری دھوم مچی ہے!

دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

* مولانا  عمرفیاض عطّاری مدنی

مرکزی جامعۃُ المدینہ فیضانِ مدینہ کراچی میں

اصولِ جرح و تعدیل کورس کا اہتمام

کورس میں استاذُالحدیث

مولانا حسان عطّاری مدنی نے لیکچرز دیئے

مرکزی جامعۃُ المدینہ فیضانِ مدینہ کراچی میں’’اصولِ جرح و تعدیل کورس “ کا انعقاد کیا گیا۔ کورس 25 اکتوبر 2021ء میں شروع ہوکر 18 جنوری 2022ء کو اختتام پذیر ہوا جس میں تخصص فی الحدیث (سالِ اول و دوم) کے 45 سے زائد طلبۂ کرام اور جامعۃُ المدینہ بوائز کےاساتذۂ کرام نے شرکت کی۔ کورس میں استاذُ الحدیث مولانا حسّان عطّاری مدنی نے لیکچر دیئے۔ کورس کے آخری روز اختتامی نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں مولانا گل رضا عطّاری مدنی (نگرانِ شعبہ تعلیمی امور) نے شُرکا کے ساتھ اہم نکات کا تبادلہ کیا۔

نگرانِ مجلس رابطہ بالعلماء کی کراچی میں

علما و مفتیانِ کرام سے ملاقاتیں

علمائے کرام کو کنزُ المدارس بورڈ پاکستان کا تعارف پیش کیا گیا

دعوتِ اسلامی کی مجلس رابطہ بالعلماء کے پاکستان سطح کے ذمہ دار مولانا حافظ افضل عطّاری مدنی نے ماہِ جنوری 2022ء میں کراچی میں قائم چند مدارسِ اہلِ سنت کا وزٹ کیا جہاں مفتیانِ کرام اور معروف مذہبی شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ نگرانِ مجلس نے پروفیسر مفتی منیب الرحمٰن صاحب (صدر تنظیمُ المدارس اہلِ سنت پاکستان) ، ڈاکٹر کوکب نورانی اوکاڑوی صاحب ، مفتی محمد اکمل صاحب (معروف مذہبی اسکالر ، کراچی) ، پیر مفتی محمد جان نعیمی مجددی صاحب (صدر مرکزی جماعتِ اہل سنت صوبہ سندھ) ، مفتی وسیم ضیائی صاحب (ناظمِ اعلیٰ مدارس البرکات) ، مفتی سہیل رضا امجدی صاحب (مذہبی اسکالر ، کراچی) ، مفتی محمد الیاس رضوی صاحب (مہتمم جامعہ نضرۃ العلوم کراچی) ، مفتی رفیق الحسنی صاحب (مہتمم جامعہ مدینۃ العلم کراچی) ، مفتی نذیر جان نعیمی صاحب (صدر تنظیم المدارس اہل سنت صوبہ سندھ) ، ڈاکٹر مفتی رضوان نقشبندی صاحب (مہتمم جامعہ انوارالقرآن ، کراچی) اور مولانا ریحان امجدی صاحب (مہتمم دارالعلوم امجدیہ کراچی)سے ملاقاتیں کیں کی اور انہیں دعوتِ اسلامی کے کنز المدارس بورڈ پاکستان کا تعارف پیش کرتے ہوئے دعوتِ اسلامی کی تعلیمی سرگرمیوں کے متعلق بریفنگ دی جسے علمائے کرام نے خوب سراہا اور اپنی دعاؤں سے نوازا۔ مولانا افضل مدنی نے انہیں عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی کے وزٹ کی دعوت دیتے ہوئے کنز المدارس بورڈ پاکستان کی کوڈ بُک اور المدینۃ العلمیہ (اسلامک ریسرچ سینٹر) کی چند کتابیں تحفے میں پیش کیں۔

سانحۂ مری کے متأثرین کے لئے

فیضانِ مدینہ اسلام آباد میں ایصالِ ثواب اجتماع

حاجی وقار المدینہ عطّاری کا فکر آخرت کے موضوع پر بیان

14 جنوری 2022ء کو مدنی مرکز فیضانِ مدینہ اسلام آبادG-11 میں سانحہ مری میں انتقال کرجانے والے عاشقانِ رسول کے لئے قراٰن خوانی و ایصال ثواب اجتماع کا اہتمام کیا گیا جس میں مرحومین کے لواحقین سمیت بڑی تعداد میں عاشقانِ رسول اور شخصیات نے شرکت کی۔ رکنِ شوریٰ و نگران اسلام آباد مشاورت حاجی وقار المدینہ عطّاری نے اجتماعِ پاک میں فکر آخرت کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان فرمایا اور آخرت کی تیاری کا ذہن دیتے ہوئے حاضرین کو نمازوں کی پابندی کا ذہن دیا۔ رکنِ شوریٰ نے شرکا کو مساجد کو آباد کرنے ، دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں میں حصہ ملانے اور ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع میں شرکت کرنے کی ترغیب بھی دلائی۔ اختتام پر مرحومین کے لئے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کا سلسلہ بھی ہوا ۔

ماہِ دسمبر 2021 ء میں پاکستان کے مختلف قبرستانوں میں گورکن مدنی حلقوں کا سلسلہ

641 تربیتی حلقوں میں دو ہزار 764 گورکنوں کی شرکت

ماہ دسمبر 2021ء میں پاکستان کے مختلف قبرستانوں میں گورکن (قبر کھودنے والوں) کے درمیان شعبہ کفن دفن کے تحت تربیتی حلقوں کا سلسلہ ہوا۔ اس دوران مبلغینِ دعوتِ اسلامی نے عیب جوئی اور اس سے بچنے کے طریقوں کے عنوان پر تربیت کی۔ شعبہ کفن دفن کی جانب سے ماہنامہ فیضانِ مدینہ کو ملنے والی رپورٹ کے مطابق ماہ دسمبر 2021 میں 641 گورکن حلقے لگائے گئے جن میں دوہزار 764 گورکن اسلامی بھائیوں نے شرکت کی سعادت پائی۔ واضح رہے کہ شعبہ کفن دفن اوورسیز میں بھی اپنی خدمات فراہم کر رہا ہے۔ پچھلے دنوں یوکے کے شہر مانچسٹر میں ایک دن کا کفن دفن کورس ہوا ہے جس میں 60 عاشقانِ رسول شریک ہوئے۔ کورس میں مبلغ دعوتِ اسلامی نے شرکا کو غسل ِمیت دینے ، کفن کاٹنے ، کفن پہنانے ، جنازہ اٹھانے ، تدفین کرنے اور تلقین کرنے کے موضوع پر تربیت دی۔

برمنگھم سٹی یونیورسٹی میں “ The Best Amongst You “ کے عنوان سے ورکشاپ کا انعقاد

رکن ویسٹ مڈلینڈ یوکے کابینہ افتخار عطّاری نے شرکا کی تربیت کی

شعبۂ تعلیم (دعوتِ اسلامی) یوکے برمنگھم کے زیر اہتمام 10 جنوری 2022ء کو برمنگھم سٹی یونیورسٹی میں “ The Best Amongst You “ کے عنوان سے ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں پروفیشنلز اور اسٹوڈنٹس نے شرکت کی۔ ویسٹ مڈلینڈ یوکے کابینہ کے رکن افتخار عطّاری نے شرکا کے سامنے بطورِ مسلمان اپنے فرائض کی اہمیت کو سمجھنے پر گفتگو کی اور انہیں اپنے منتخب شعبے سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد ایک اچھا اور دیانت دار انسان بنتے ہوئے امت محمدیہ کی خدمت کرنے کا ذہن دیا۔ افتخار عطّاری نے سامعین کو اس طرح کی دیگر ورکشاپس میں شرکت کرنے کی بھی ترغیب دلائی جس پر شرکا نے خود شرکت کرنے اور دوسروں کو بھی مدعو کرنے کی نیت کی ۔

تحصیل رینالہ خورد ضلع اوکاڑہ میں مدرسۃُ المدینہ کا افتتاح

افتتاحی تقریب میں نگرانِ ڈسٹرکٹ کا سنتوں بھرا بیان

دعوتِ اسلامی کے شعبہ مدرسۃ المدینہ بوائز کے زیرِ اہتمام 16 جنوری 2022ء بروز اتوار ضلع اوکاڑہ پنجاب پاکستان کی تحصیل رینالہ خورد میں بچّوں کو قراٰنِ پاک کی تعلیم دینے کے لئے مدرسۃُ المدینہ بوائز کا افتتاح کیا گیا۔ اس موقع پر سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں مقامی اسلامی بھائیوں سمیت شخصیات نے شرکت کی۔ دورانِ اجتماع نگرانِ ڈسٹرکٹ سرفراز احمد عطّاری نے ’’فضائلِ قراٰن اور حفظِ قراٰن‘‘ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے وہاں موجود عاشقانِ رسول کو اپنے بچّوں کو مدرسۃُ المدینہ بوائز میں داخلہ دلوانے کی ترغیب دلائی جس پر انہوں نے اچھی اچھی نیتوں کا اظہار کیا۔

عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں “ 30روزہ فنّ تخریجِ حدیث کورس “ کا انعقاد

کورس کے شُرکا کو احادیثِ مبارکہ تلاش کرنے کے طریقے سکھائے گئے اور پریکٹیکل بھی کروایا گیا۔

المدینۃُ العلمیہ (اسلامک ریسرچ سینٹر) میں شعبہ ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ کے تحت “ 30روزہ فنّ تخریجِ حدیث کورس “ ہوا۔ یہ کورس نگرانِ مجلس المدینۃ العلمیہ و رکنِ شوریٰ مولانا حاجی ابوماجد محمد شاہد عطّاری مدنی کے فرمانے پر منعقد ہوا جبکہ اس کورس کی ڈیزائننگ اور ٹریننگ کی خدمات ایڈیٹر ماہنامہ فیضان مدینہ مولانا راشد علی عطاری مدنی اور نگران شعبہ فیضانِ حدیث مولانا ناصر جمال عطّاری مدنی نے انجام دیں۔ اس کورس میں المدینۃ العلمیہ کے 16 اسکالرز نے شرکت کی۔ کورس میں کتبِ حدیث سے احادیث مبارکہ تلاش کرنے کے مختلف طریقے سکھائے گئے۔ سلائیڈز کے ذریعے لیکچرز کو آسان تر بنانے کی کوشش کی گئی اور تخریجِ  احادیث کا پریکٹیکل بھی کروایا گیا۔  کور س کا مقصد علمائے کرام کو فنِّ تخریجِ حدیث میں مضبوط اور تجربہ کار بنانا ہے۔ یہ کورس 12 جنوری کو شروع ہوا جبکہ 7فروری کو اس کا اختتام ہوا۔ کورس کے اختتام پر شریک علمائے کرام نے مدنی چینل کو اپنے تأثرات بھی دئیے۔

خطیبِ پاکستان مولانا شفیع اوکاڑوی رحمۃُ اللہِ علیہ کا عرس عقیدت و احترام  سے منایا گیا

خطیبِ پاکستان ، واعظِ شیریں بیان ، مشفق و محبِ دعوتِ اسلامی حضرت مولانا حافظ محمد شفیع اوکاڑوی رحمۃُ اللہِ علیہ کا  39واں سالانہ عرس 17اور 18فروری2022ء  کو   نہایت مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔

عرسِ پاک کا مرکزی اجتماع جامع مسجد گلزارِ حبیب ، گلستان اوکاڑوی (سولجر بازار) میں ہوا جہاں دعوتِ اسلامی کے کئی ذمہ داران اور دیگر اسلامی بھائیوں  سمیت ملک و بیرون ملک سے علما و مشائخ اور عقیدت مند حضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ عرسِ پاک میں علما و مشائخ اہل سنت  اور ائمہ و خطبا نے اپنے خطابات میں حضرت کی حیات و خدمات ، ذات و صفات اور دین و ملت اور ملک و قوم کے لئے ان کے مثالی کا رہائے نمایاں اور عشقِ رسول کے حوالے سے انہیں والہانہ خراج محبت وعقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر ایصال ثواب کے لئے اجتماعی فاتحہ خوانی و دعا بھی  کی۔

خطیبِ پاکستان ، واعظِ شیریں بیان حضرت مولانا حافظ محمد شفیع اوکاڑوی بن شیخ کرم الٰہی  رحمۃُ اللہِ علیہ  کی ولادت 1348ھ / 1929ء کو کھیم کرن ، مشرقی پنجاب (ہند) میں ہوئی۔ آپ  رحمۃُ اللہِ علیہ 1947 ء میں قیام پاکستان کے موقع پر ہجرت کرکے اوکاڑہ آئے۔

شیخ الحدیث والتفسیر حضرت مولانا غلام علی اشرفی اوکاڑوی  رحمۃُ اللہِ علیہ  اور غزالیٔ دوراں حضرت علامہ سید احمد سعیدکاظمی شاہ صاحب  رحمۃ اللہ علیہ  سے علومِ دینیہ حاصل کئے اور اسناد حاصل کیں ۔

 آپ مسلسل 40سال تک تقاریر فرماتے رہے ہیں۔ آپ کی علمی استعداد ، حُسنِ بیان ، خوش الحانی اور شانِ خطابت نہایت منفرد اور ہر دل عزیز تھی۔ ماہِ محرم کی شبِ عاشورہ میں آپ کا خطاب امتیازی حیثیت کا حامل ہوتا تھا۔

آپ نے دینِ متین کی خدمت کے لئے شرقِ اوسط ، خلیج کی ریاستوں ، ہند ، فلسطین ، جنوبی افریقہ اور ماریشس سمیت کئی ممالک  کے سفر کئے۔

آپ نے وعظ و بیان کے ساتھ ساتھ تحریروتصنیف کے ذریعے بھی خدمت دین کی ، آپ کی تصانیف میں ذکرِ جمیل ، ذکرِ حسین ، راہِ حق ، درسِ توحید ، شامِ کربلا ، امام پاک اور یزید پلید ، برکاتِ میلاد شریف ، مسلمان خاتون ، انوارِ رسالت سمیت کئی کتب شامل  ہیں۔

16اکتوبر 1962ء میں کراچی کے علاقہ کھڈا مارکیٹ میں دَورانِ تقریر مخالفین نے آپ پر چُھریوں اور چاقوؤں سے قاتلانہ حملہ کِیا جس کے سبب آپ شدید زخمی ہوئے اور کئی دن تک  کراچی کے سِوِل اسپتال میں زیرِ علاج رہے۔ لیکن آپ نے حملہ آوروں کو معاف کردیا۔ (ماخوذ از : خطیب پاکستان ، ص 9 تا 15)

آپ کو دعوتِ اسلامی  سے بہت  اُلفت ومحبت تھی۔ 1401ھ میں دعوتِ اسلامی کا آغاز ہوا ، اس وقت   ایک سوال پیشِ نظر تھا کہ ہفتہ وار سنّتوں بھرا اجتماع کہاں کیا جائے؟ چنانچہ اسی سلسلہ میں  امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ محمد الیاس عطّاؔر قادری  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ  نے خطیبِ پاکستان ، حضرت علامہ مولانا محمد شفیع اوکاڑوی  رحمۃُ اللہِ علیہ سے ملاقات کی اور صورتِ حال بیان کی۔ آپ  دعوتِ اسلامی کے بارے میں سُن کر بہت  خوش ہوئے اور اپنے دستخط   کےساتھ دعوتِ اسلامی کیلئے تائیدی لیٹر جاری فرمایا۔ امیر اہلِ سنّت  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ  اس حوالے سے لکھتے ہیں کہ “ آپ کی مسلکِ اہلِ سنّت سے مَحَبَّت صد کروڑ مرحبا!بے مانگے کراچی کے قَلْب میں واقِع اپنی زیرِ تَو لِیَت جامِع مسجِد گلزارِ حبیب (واقِع گلستانِ اوکاڑوی کراچی)میں ہفتہ وار سنّتوں بھرے اجتماع کی اجازت کی سعادت عنایت فرمائی ۔ چُنانچِہ دعوتِ اسلامی کا اوّلین مَدَنی مرکزجامِع مسجِد گلزارِ حبیب بنا۔ اُن کی حِینِ حیات اور بعدِوَفات ہم نے برسوں تک وہاں ہفتہ وار سُنّتوں بھر ا اِجتماع کیا ۔ عاشِقانِ رسول کی تعداد میں روز افزوں اضافہ ہوتا رہا یہاں تک کہ جامِع مسجد گلزارِ حبیب اجتماع کے لئے ناکا فی ہوگئی ، اللہ پاک نے اسباب مُہَیّا کئے ، سب اسلامی بھائیوں نے مل کرخوب بھاگ دوڑ کی ، کم و بیش سوا دو کروڑ پاکستانی روپے کا چندہ اکٹّھاکیا اور (پُرانی)سبزی منڈی کے پاس کراچی میں تقریباً 10 ہزارگز کا پلاٹ خریدا اور پھر مزید کروڑوں روپے کے چندے سے عظیمُ الشّان عالَمی مدنی  مرکز فیضانِ مدینہ قائم کیا گیا جس میں شاندار مسجد ، مَدَنی کاموں کیلئے مُتَعَدَّد مَکاتِب اور جامعۃُ المدینہ کی عالی شان عمارت کے ذریعے لاکھوں مسلمان فیضانِ مدینہ لوٹ رہے ہیں۔ (آدابِ طعام ، ص445)

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ ، ذمہ دارشعبہ دعوتِ اسلامی کے شب و روز ، کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code