دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

* مولانا محمد عمرفیاض عطاری مدنی

ماہنامہ جنوری2022


ملکِ شام سے آئے ہوئے شیخ صاحبان کی

امیرِ اہلِ سنّت سے ملاقات

کراچی ، لاہور اور فیصل آباد کے مدنی مراکز کا وزٹ بھی کیا

اللہ کے نبی حضرت عیسیٰ روحُ اللہ  علیہ السّلام  ملک ِ شام کی جس جامع مسجد کے شرقی منارے پر آسمان سے اتریں گے اس مسجد کے خطیب و امام شيخ سيّد حسن بادِنْجِكي الحسيني اور ان کے بیٹے شيخ سیّد عمر بادنجکی حفظھما اللہ کی ماہِ ربیعُ الاول میں دیگر چند عُلمائے کرام کے ہمراہ کراچی آمد ہوئی۔ نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطّاری نے کراچی ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ شیخ صاحبان نے امیرِ اہلِ سنّت حضرت علامہ محمد الیاس عطّار قادری  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ  سے ملاقات کی اور بارھویں شریف کے مدنی مذاکروں اور جلوسِ میلاد میں امیر اہل سنّت کے ہمراہ شرکت کی۔ شیخ صاحبان نے دورۃُ الحدیث شریف اور تخصصات کے طلبۂ کرام میں بیان بھی کیا اور چند احادیث کی اجازت بھی مرحمت فرمائی۔ شیخ صاحبان نے لاہور میں استاذُ الحدیث مفتی ہاشم خان عطّاری مدنی اور رکنِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطّاری جبکہ مدنی مرکز فیصل آباد میں نگرانِ پاکستان محمد شاہد عطّاری سےبھی ملاقات کی۔

رکنِ شوریٰ حاجی عبد الحبیب عطاری کی

سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف سے ملاقات

دعوتِ اسلامی کے دینی و فلاحی شعبہ جات پر بریفنگ دی

دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن مولانا عبد الحبیب عطّاری نے رکنِ شوریٰ حاجی وقارُ المدینہ عطّاری کے ہمراہ وفاقی دار الحکومت اسلام آباد میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف سے ان کی رہائش گاہ جاکر ملاقات کی اور انہیں دعوتِ اسلامی کے دینی و فلاحی شعبہ جات کا تعارف پیش کیا۔ بالخصوص FGRF کے تحت مختلف حادثات کے بعد ہونے والے ریلیف کے کاموں ، شجر کاری مہم اور تھیلیسیمیا فری پاکستان کمپین کے حوالے سے بھی بتایا اور عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی آنے کی دعوت دی۔ حاجی عبدُالحبیب عطاری نے راجہ پرویز اشرف کو دین کی خدمت میں اپناحصہ ملانے اور دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں میں ساتھ دینے کی ترغیب بھی دلائی جس پر انہوں نے دعوتِ اسلامی کی کاوشوں کو سراہا اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

پنجاب کی تمام یونیورسٹیز کے سلیبس میں

 “ معرفۃُ القرآن “ کو شامل کرلیا گیا

اس کتاب کی ایپلی کیشن بھی جلد لاؤنچ کریں گے۔

حاجی اطہر عطّاری

پنجاب گورنمنٹ نے پنجاب کی تمام یونیورسٹیز میں قراٰنِ مجید کے ترجمے کو نصاب کا لازمی حصہ قراردے دیا ہے۔ اسٹوڈنٹس کو قراٰنِ پاک کا ترجمہ پڑھے اوراس کا پیپر پاس کئے بغیر ڈگری جاری نہیں کی جائے گی۔ شعبہ پروفیشنلز دعوت اسلامی کی کاوش سے تراجم کی فہرست میں مفتیِ اہلِ سنّت مفتی محمد قاسم قادری صاحب  مُدَّظِلُّہُ الْعَالِی  کا لکھا ہوا ترجمۂ قرآن “ معرفۃُ القرآن “ بھی شامل کرلیا گیاہے۔ رکنِ شوریٰ حاجی اطہر عطّاری نے اپنے ایک آڈیو پیغام میں عاشقانِ رسول کو بتایا ہے کہ مجلس آئی ٹی (دعوتِ اسلامی) بہت جلد اس کتاب کی ایپلی کیشن بھی لاؤنچ کرے گی جس کے باعث سرچنگ اور ریڈنگ میں طلبہ کو بہت آسانی ہوگی۔ نوٹ : “ معرفۃُ القرآن “ کو PDF کی صورت میں دعوتِ اسلامی کی آفیشل ویب سائٹ سے بالکل مفت ڈاؤن لوڈ بھی کیا جاسکتا ہے۔

عمر شریف کے بیٹے جواد عمر کی عالمی مدنی مرکز

فیضانِ مدینہ کراچی میں نگرانِ شوریٰ سے ملاقات

والدِ مرحوم کی آخری رسومات میں بھرپور معاونت پر دعوتِ اسلامی کی ٹیم کا شکرگزار ہوں ، جواد عمر

معروف اداکار عمر شریف کے بیٹے جواد عمر کی 09 اکتوبر 2021ء کو دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی آمد ہوئی۔ اس دوران نگرانِ مرکزی مجلسِ شوریٰ (دعوتِ اسلامی) مولانا حاجی عمران عطّاری اور ترجمانِ دعوتِ اسلامی مولانا حاجی عبدالحبیب عطّاری نے ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران جواد عمر کا کہنا تھا کہ دعوتِ اسلامی کی ٹیم نے جس طرح میرے والد مرحوم کی آخری رسومات کی ادائیگی میں تعاون کیا ہے اور بڑھ چڑھ کر خدمات انجام دی ہیں اس پر شکریہ ادا کرنے کے لئے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں ، میں تہ دل سے دعوتِ اسلامی کی ٹیم کا شکرگزار ہوں۔ اس دوران نگرانِ شعبہ رابطہ برائے شوبز سید عارف الحسن عطّاری نے جواد احمد کو مدنی چینل کا وزٹ کروایا اور دعوتِ اسلامی کی خدمات سے آگاہی فراہم کی۔ اس موقع پر دعوتِ اسلامی کے فلاحی ڈیپارٹمنٹ FGRF کے نگران محمد شفاعت علی عطّاری بھی موجود تھے۔

گورنر ہاؤس سندھ کراچی میں سیرتُ النبی کانفرنس کا انعقاد

مفتی علی اصغر عطّاری کا شانِ رسالت پر خصوصی بیان

گورنرسندھ عمران اسماعیل کی جانب سے گورنر ہاؤس کراچی میں سیرت النبی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں علمائے اہلِ سنّت ، چیئرمین سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ حاجی مولانا محمد بشیر فاروقی صاحب ، دعوتِ اسلامی کی مجلسِ رابطہ کے حاجی یوسف سلیم عطّاری اور اعلیٰ سطح کے حکومتی عہدیداران نے شرکت کی۔ سیرت النبی کانفرنس میں ماہر امورِ تجارت و رکنِ رؤیتِ ہلال کمیٹی پاکستان مفتی علی اصغر عطّاری مدنی نے سنّتوں بھرا بیان کیا اور اللہ پاک کے آخری نبی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کی سیرت کے مختلف پہلوؤں سے روشنی حاصل کی جبکہ نعت خواں حضرات نے بارگاہ رسالت ، مآب  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔

جناح ہسپتال کراچی میں اجتماعِ میلاد کا انعقاد

نگران شعبہ مدنی چینل

محمد اسد عطّاری مدنی کا خصوصی بیان

جناح ہسپتال کراچی میں قائم سرکاری پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر میں دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام اجتماعِ میلاد کا انعقاد کیا گیا جس میں ہسپتال کے اسٹاف اور دیگر عاشقانِ رسول سمیت ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی نے شرکت کی۔ نگرانِ شعبہ مدنی چینل محمد اسد عطّاری مدنی نے “ سیرتِ مصطفٰے  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے موضوع پر سنّتوں بھرا بیان کیا اور شرکا کو سنّتِ رسول اپناتے ہوئے اپنی زندگی گزارنے کا ذہن دیا۔ نگرانِ شعبہ مدنی چینل نے اسلامی بھائیوں کودعوتِ اسلامی کے دینی ماحول سے وابستہ ہونے اور دین کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا ذہن دیا جس پر شُرکا نے دعوتِ اسلامی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا۔

حسن کالونی بائی پاس منڈی وار برٹن پنجاب میں

فیضانِ غوث الاعظم مسجد کا افتتاح

افتتاحی تقریب میں رکنِ شوریٰ حاجی اظہر عطّاری کا بیان

حسن کالونی بائی پاس منڈی وار برٹن میں شاندار تعمیر کے بعد فیضانِ غوث الاعظم مسجد کا افتتاح کردیا گیا۔ 23 اکتوبر 2021ء کو افتتاحی تقریب کے سلسلے میں دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام اجتماعِ میلاد کا انعقاد کیاگیا جس میں کثیر تعداد میں عاشقانِ رسول اور ذمہ داران نے شرکت کی۔ مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی محمد اظہر عطّاری نے “ سیرتِ مصطفٰے “ پر سنتوں بھرا بیان کیا اور شُرکا کو نماز کی پابندی کرنے اور مسجد کو آباد کرنے کا ذہن دیا۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ ، ذمہ دار شعبہ دعوت اسلامی کے شب و روز ، کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code