دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

اے دعوتِ اسلامی تِری دھوم مچی ہے!

دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

*مولانا حسین علاؤالدین عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضان مدینہ اکتوبر 2022


جانشینِ امیرِ اہلِ سنت کی اہلیہ کا انتقال

امیرِ اہلِ سنّت نے نمازِ جنازہ پڑھائی ،

تدفین صحرائے مدینہ میں کی گئی

تفصیلات کے مطابق امیرِ اہلِ سنّت علامہ محمد الیاس عطّاؔر قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کی بہو اور جانشینِ امیر اہلِ سنت مولانا عبید رضا عطّاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی کی اہلیہ  ” اُمِّ اسیدعطّاریہ “  کا 5 اگست2022ء کو جمعہ کے روز رضائے الٰہی سے انتقال ہوگیا۔ اِنَّا لِلہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رٰجِعُوْن۔ مرحومہ کی نمازِ جنازہ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں نمازِ جمعہ کے بعد امیر اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کی امامت میں ادا کی گئی ، اس موقع پر اراکین ِشوریٰ ، ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی اورکثیر تعداد میں عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔مرحومہ کی تدفین صحرائے مدینہ ٹول پلازہ کراچی میں کی گئی۔ مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لئے  سوئم کی تقریب 07 اگست 2022ء کو عالمی مدنی مرکز میں ہوئی ، قراٰن خوانی اور نعت خوانی کے بعد امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے مدنی پھول ارشاد فرمائے اور اختتام پر دعا کروائی۔

جھیل پارک کراچی میں شجر کاری کا سلسلہ

یوٹیوبرز نے مولانا عبد الحبیب عطّاری

کے ہمراہ پودے لگائے

28 جولائی 2022ء کو دینی و فلاحی تنظیم  ” دعوتِ اسلامی “  کے زیرِ اہتمام جھیل پارک کراچی میں پلانٹیشن کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی YouTubers اور شعبے کے متعلقہ ذمہ داران نے شرکت کی۔ ترجمانِ دعوتِ اسلامی مولاناحاجی عبد الحبیب عطّاری نے تقریب میں بیان کیا اور شجر کاری کے متعلق بریفنگ دی۔ تقریب کے اختتام پر یوٹیوبرز  ( YouTubers )  نے مولانا عبد الحبیب عطّاری کے ساتھ مل کر جھیل پارک میں شجر کاری مہم میں حصہ لیتے ہوئے پودے لگائے۔

کراچی میں 2 دن کا پروفیشنلز اجتماع

ملک بھر سے انجینئرز ، آئی ٹی ایکسپرٹس ، ڈاکٹرز ، پرنسپلزاور دیگر پروفیشنلز کی شرکت

شعبہ پروفیشنلز ڈیپارٹمنٹ  ( دعوتِ اسلامی )  کے تحت 30 اور 31 جولائی 2022ء کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں پروفیشنلز اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر سے آئی ٹی ایکسپرٹس ، پرنسپلز ، انجینئرز ، پروفیسرز ، ڈاکٹرز اور دیگر پروفیشنلز اداروں سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوئے۔ اجتماع کے پہلے دن استاذُ الحدیث مفتی محمد حسان عطّاری مدنی صاحب نے سنّتوں بھرا بیان فرمایا اور انہیں کام کے دوران آنے والی پریشانیوں کا شرعی حل بتایا ، مفتی صاحب نے پروفیشنلز کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات بھی ارشاد فرمائے۔ دورانِ اجتماع پروفیشنلز نے ہفتہ وار مدنی مذاکرے میں بھی شرکت کی اور امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کے علم وحکمت سے بھر پور مدنی پھول سماعت کئے۔ اجتماع کے دوسرے روز نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی اور رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطّاری نے سنتوں بھرے بیانات کئے۔ دعا اور صلوٰۃ و سلام پر اجتماع کا اختتام ہوا۔

نارووال اور  لاہور میں مسجد و جامعاتُ المدینہ کا افتتاح

افتتاحی تقریب میں

رکن شوریٰ حاجی یعفور رضا عطّاری نے بیان فرمایا

ماہِ جولائی 2022ء میں نارووال اور لاہور میں دعوتِ اسلامی کے تحت تین جامعاتُ المدینہ ، ایک مدرسۃُ المدینہ بوائز اور دو مساجد کا افتتاح کیا گیا۔ اس دوران ان مقامات پر افتتاحی تقریب بھی منعقد ہوئی جن میں رکنِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطّاری نے  ” مسجد بنانے اور انہیں آباد کرنے “ کے حوالے سے سنتوں بھرے بیانات کئے۔ افتتاحی تقریب میں مقامی شخصیات اور دیگر عاشقان ِرسول شریک تھے۔

پاکستانی کرکٹر شاداب خان کا

فیضانِ مدینہ اسٹچفورڈ برمنگھم یوکے کا دورہ

سید فضیل رضا عطّاری نے شاداب خان کو

دعوتِ اسلامی کی ایکٹیویز کے حوالے سے بریفنگ دی

ماہِ جولائی میں پاکستان کرکٹ ٹی کے نائب کپتان شاداب خان نے اسٹچفورڈ برمنگھم یوکے میں قائم مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کا دورہ کیا۔ نگرانِ ویلز یوکے حاجی سید فضیل رضا عطّاری نے ان کا استقبال کیا اور فیضانِ مدینہ کا وزٹ کروایا۔ سید فضیل رضا عطّاری نے شاداب خان کو یوکے سمیت دنیا بھر میں دعوتِ اسلامی کے تحت ہونے والے دینی و فلاحی کاموں سے آگاہ کیا اور انہیں مکتبۃُ المدینہ کی کتابیں تحفے میں دیں۔

شعبہ کفن دفن کی 9 ماہ کی کارکردگی رپورٹ

ملک و بیرون ملک تقریباً 23 ہزار 850 کورسز ہوئے جن میں پانچ لاکھ سے زائد اسلامی بھائیوں نے شر کت کی

دعوتِ اسلامی نے خدمتِ انسانیت کے جذبے کے تحت ایک شعبہ بنام  ” شعبہ کفن دفن “  بھی قائم کررکھا ہے جس کے ذریعے میت کو غسل دینے اور کفن دفن کی خدمت سر انجام دی جاتی ہے۔اس شعبے نے یہ بیڑابھی اٹھایا ہوا ہے کہ عاشقانِ رسول میں میت کو غسل دینے ، کفن پہنانے اور تدفین کی اسلامی و شرعی تعلیمات کو اُجاگر کیا جائے۔ ان تعلیمات کو دنیابھر میں عام کرنے کے لئے شعبہ کفن دفن نے ” نمازِ جنازہ کورس “  اور  ” تدفین کورس “  ڈیزائن کیا ہوا ہے جس کا دورانیہ 30 منٹ ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ اس شعبے کے ذریعے 7 دن کا آن لائن شارٹ کورس ، جزوقتی اور ایک دن کا رہائشی کفن دفن کورس بھی ہوتا ہے جن میں غسلِ میت ، نمازِ جنازہ ، تدفین اور تلقین کا طریقہ سکھایا جاتا ہے۔

شعبہ کفن دفن کی جانب سے کورسز کے حوالے سے سالانہ کارکردگی جاری کی گئی ہے جس کے مطابق اکتوبر 2021ء تا جون 2022ء تک ملک و بیرونِ ملک 23 ہزار 850 کورسز ہوئے جن میں شرکت کرنے والے اسلامی بھائیوں کی تعداد 5لاکھ سے زائد تھی۔ واضح رہے کہ شعبہ کفن دفن جس طرح اسلامی بھائیوں کا ہے اسی  طرح اسلامی بہنوں میں بھی اپنی خدمات فراہم کررہا ہے جس سے ہزاروں اسلامی بہنیں مستفیض ہورہی ہیں۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ ، شعبہ دعوت اسلامی کے شب و روز ، کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code