دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

اے دعوت اسلامی تری دھوم مچی ہے

دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

*مولاناغیاث الدین عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ فروری 2025

ملک بھر میں قافلہ اجتماعات، ہزاروں افراد کی شرکت

نگرانِ شوریٰ نے خصوصی بیانات کئے

دعوت اسلامی کے تحت 15نومبرتا 15دسمبر 2024ء تک ماہِ قافلہ منایا گیا۔ اس دوران سینکڑوں قافلوں میں ہزاروں عاشقانِ رسول پاکستان کے مختلف شہروں میں نیکی کی دعوت کو عام کرنے کے لئے روانہ ہوئے۔ماہِ قافلہ میں ملک بھر میں بڑے پیمانے پر قافلہ اجتماعات منعقد کئے گئے۔ 15نومبرکو فیضانِ مدینہ کاہنہ نو لاہور، 17نومبر کو میونسپل ہائی اسکول گراؤنڈ نواب شاہ، 24نومبر کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی، 8دسمبر کو فیضانِ مدینہ جی الیون اسلام آباد، 9 دسمبر کو فیضانِ مدینہ شاہ جہانگیر روڈ گجرات، 10دسمبر کو فیضانِ مدینہ نیو سٹلائٹ ٹاؤن سرگودھا، 11دسمبر کو فیضانِ مدینہ سوساں روڈ مدینہ ٹاؤن فیصل آباد، 12دسمبر کو فیضانِ مدینہ انصاری چوک شاہ رکن عالم کالونی ملتان اور 13دسمبر کو فیضانِ مدینہ عباسیہ ٹاؤن بہاولپور میرجام غلام قادراسٹیڈیم مین RCDروڈحب چوکی بلوچستان سمیت دیگر مقامات پرقافلہ اجتماعات منعقد کئے گئے جن میں ہزاروں عاشقانِ رسول شریک ہوئے۔ ان اجتماعات میں نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطّاری اور دیگر مبلغین نے خصوصی بیانات کئے۔ نگرانِ شوریٰ کا کہنا تھا کہ اللہ کے نیک بندے علم دین حاصل کرنے اور دوسروں تک پہچانے کے لئے بڑے بڑے فاصلے طے کیا کرتے تھے اور بے شمار فیوض و برکات پاتے تھے جبکہ آج لوگ دولت کے لئے طویل سفر طے کرتے نظر آتے ہیں۔آج کے اس پُر فتن دور میں معاشرے میں بڑھتی ہوئی بے راہ روی سےخودکو اور اپنی نسلوں کو بچانے کے لئے ہمیں راہِ خدا میں سفر کرنا ہوگا۔

فیضانِ مدینہ اسلام آباد میں پروفیشنلز Meet UP کا انعقاد

مدنی مرکز فیضانِ مدینہ سیکٹر G-11 اسلام آباد میں پروفیشنلز Meet up کا اہتمام ہوا جس میں مختلف شعبہ جات سے وابستہ پروفیشنلز و دیگر عاشقانِ رسول شریک ہوئے۔ Meet up میں نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے نماز کی اہمیت بیان کرتے ہوئے اس کو پابندی کے ساتھ باجماعت ادا کرنے کا ذہن دیا اور انہیں اپنے شعبے میں دعوتِ اسلامی کے ساتھ مل کر نیکی کی دعوت کو عام کرنے کی ترغیب دی۔ اس موقع پر اراکینِ شوریٰ حاجی محمد شاہد عطّاری، حاجی وقارُ المدینہ عطّاری، حاجی یعفور رضا عطّاری اور دیگر اسلامی بھائی بھی موجود تھے۔

دارُالمدینہ یونیورسٹی اور جامعۃ المدینہ بوائز کے

ٹیچرز و اسٹوڈنٹس کا سیشن

14 نومبر 2024ء وفاقی دارُالحکومت اسلام آبادG-11میں واقع مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں دارُ المدینہ انٹرنیشنل یونیورسٹی میں ایک سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں ایجوکیشن، بینکنگ اینڈ فنانس، انگلش اور عربک ڈیپارٹمنٹس کے اسٹوڈنٹس سمیت جامعۃُ المدینہ کے طلبہ و اساتذۂ کرام شریک ہوئے نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے اسٹوڈنٹس کو دارالمدینہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کی افادیت بیان کرتے ہوئے ”علمائے کرام دین و اسلام کی ترویج و اشاعت میں کیا کردار ادا کرسکتے ہیں؟“ اس حوالے سے راہنمائی کی۔

دعوتِ اسلامی کے تحت ہونے والے

مختلف دینی و فلاحی کاموں کی جھلکیاں

*ضلع بدین سندھ کے شہر ترائی میں 2024ء میں ہونے والی بارشوں کی وجہ سے سیم نالہ ٹوٹ گیا تھا اور نالے کا پانی گاؤں گوٹھوں میں جانے کے سبب کئی لوگ بے گھر ہوچکے تھے۔ پریشانی اور آزمائش کی اِس گھڑی میں دعوتِ اسلامی کے فلاحی شعبے FGRF کی جانب سے بے گھر ہونے والے افراد کے لئے FGRF نگران شفاعت علی عطّاری نے وہاں جاکر لوگوں میں رہائش کے انتظامات کئے اور راشن سمیت دیگر اشیائے ضروریاتِ زندگی بانٹیں۔ *ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن حیدرآباد میں شعبہ رابطہ برائے وکلا دعوتِ اسلامی کے تحت سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر ڈسٹرکٹ بارایسو سی ایشن، جنرل سیکریٹری ہائی کورٹ اور سینیئر وکلا حضرات کی شرکت ہوئی۔ تلاوت و نعت کے بعد رکنِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطّاری نے سنتوں بھرا بیان کیا جس میں انہوں نے سیرتِ مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے چند پہلوؤں پر گفتگو کی۔ *مسلم آباد سوسائٹی، کراچی کی جامع مسجد فیضانِ سنت میں دعوتِ اسلامی کے تحت داؤد یونیورسٹی کے اسٹوڈنٹس کے درمیان Meet UP ہوا جس میں مختلف ڈیپارٹمنٹس کے اسٹوڈنٹس اور شعبہ تعلیم کے ذمہ داران شریک ہوئے۔ رکنِ شوریٰ عبد الوہاب عطاری نے گفتگو کرتے ہوئے اسٹوڈنٹس کی تربیت کی۔ *مرکزی جامعۃُ المدینہ بوائز کاہنہ نو لاہور میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ لائبریری کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔استاذُ الحدیث مفتی محمد ہاشم خان عطاری سلمہ الباری نے لائبریری کا افتتاح کیا جس کے بعد انہوں نے ”مطالعہ اور دارُالمطالعہ“ کے موضوع پر بیان کرتے ہوئے اُن کی اہمیت و افادیت پر گفتگو کی۔ لائبریری میں مکتبۃُ المدینہ کے کُتُب و رسائل سمیت دیگر علمائے کرام و مفتیانِ کرام کی کتابیں و تفاسیر بھی موجود ہیں۔ *دعوتِ اسلامی کی جانب سے ڈیف کلب اسلام آباد میں ”غسلِ میت اور کفن دفن کورس“ کا اہتمام کیا گیا جس میں مبلغِ دعوتِ اسلامی نے شرکا کو کفن کاٹنے، پہنانے کا طریقہ بتاتے ہوئے غسلِ میت کے مراحل بیان کئے اور اس دوران کی جانے والی غلطیوں کی نشاندہی کی۔ *جوہانسبرگ، ساؤتھ افریقہ کے علاقے Fordsburg میں واقع مدنی مرکز فیضانِ مدینہ سے متصل مقام پر شعبہ کفن دفن کے تحت ”Funeral service کا آغاز کردیا گیا ہے جہاں میت کو غسل دینے اور کفن پہنانے کی سہولیات میسر ہیں۔آغاز کے موقع پر کفن دفن کورس بھی منعقد ہوا جس میں مبلغِ دعوتِ اسلامی نے وہاں موجود مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے عاشقانِ رسول کو غسلِ میت دینے، کفن پہنانے اور اس کی احتیاطوں کے بارے میں بتایا نیز چند اہم مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ *حاجی علی رضا عطّاری (خادمِ امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ) کی والدہ کے انتقال پر خلیفۂ عطّار مولانا حاجی عبیدرضا عطاری مدنی مُدّظلہ العالی کی ذمہ داران کے ہمراہ 11 نومبر 2024ء کو ان کے گھر واہ کینٹ، پنجاب آمد ہوئی جہاں انہوں نے مرحومہ کے لواحقین سے ملاقات کی۔ خلیفۂ عطّار نے اہلِ خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور فاتحہ خوانی کرتے ہوئے مرحومہ کے لئے دعائے مغفرت کی۔

ہفتہ وار رسائل کی کارکردگی (نومبر 2024ء)

شیخ ِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ محمد الیاس عطّاؔر قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ اور آپ کے خلیفہ حضرت مولانا عبیدرضا عطاری مدنی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ ہر ہفتے ایک مدنی رسالہ پڑھنے/ سننے کی ترغیب دلاتے اور پڑھنے/سننے والوں کو دُعاؤں سے نوازتے ہیں، نومبر 2024ء میں دیئے گئے 4 مَدَنی رَسائل کے نام اور ان کی کارکردگی پڑھئے: (1)خوفِ خدا والوں کی نماز: 25 لاکھ، 58ہزار713 (2)علمِ دین کے بارے میں 22 سوال جواب: 26 لاکھ، 64 ہزار 115 (3)فیضان امام جلال الدین سیوطی شافعی رحمۃُ اللہِ علیہ: 27 لاکھ، 64ہزار581 (4)منہ کی صفائی کے فائدے: 26لاکھ، 64ہزار 911۔

نومبر 2024ء میں امیرِ اہلِ سنّت کی جانب سے

جاری کئے گئے پیغامات کی تفصیل

شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے نومبر 2024ء میں نجی پیغامات کے علاوہ المدینۃ العلمیۃ (اسلامک ریسرچ سینٹر،دعوتِ اسلامی) کے شعبہ ”پیغاماتِ عطّاؔر “ کے ذریعے تقریباً 3479 پیغامات جاری فرمائے جن میں 578 تعزیت کے، 2752 عیادت کے جبکہ 149 دیگر پیغامات تھے۔ اِن پیغامات کے ذریعے امیرِ اہلِ سنّت نے بیماروں سے عیادت کی، اُنہیں بیماری پر صبر کا ذہن دیا جبکہ مرحومین کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے مغفرت اور بلندیِ درجات کی دعا کی۔

دعوتِ اسلامی کی تازہ ترین اپڈیٹس کے لئے وزٹ کیجئے

news.dawateislami.net

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب و روز، کراچی


Share