دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

اے دعوتِ اسلامی تری دھوم مچی ہے

دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

*مولانا عمر فیاض عطّاری مدنی


دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام عرسِ سیدنا غوثِ اعظم رحمۃُ اللہ علیہ نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا

مدنی مذاکروں میں امیر ِاہلِ سنّت کے مدنی پھول

 ملک و بیرونِ ملک سے ہزاروں عاشقانِ رسول کی شرکت

دعوتِ اسلامی کی جانب سے شہنشاہِ بغداد، حضور غوثِ پاک حضرت شیخ عبد القادر جیلانی رحمۃُ اللہِ علیہ کے سالانہ عرس کے موقع پر 16 تا 26 اکتوبر 2023ء عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکروں کا انعقاد کیا گیا۔ مدنی مذاکروں میں امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطّار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقانِ رسول کو مدنی پھولوں سے نوازا اور ان کی اخلاقی و شرعی تربیت کی۔ مدنی مذاکروں کے آغاز میں جلوسِ غوثیہ کا اہتمام بھی کیا جا تا رہا۔ ان مدنی مذاکروں میں پاکستان کے مختلف شہروں اور علاقوں کے ساتھ ساتھ بیرون ِملک سے انڈونیشیا اور بنگلہ دیش کے عاشقانِ رسول بھی شریک ہوئے، نیز نائجیریا کے علمائے کرام کی بھی آمد ہوئی۔ مختلف ملکوں،شہروں اور علاقوں سے آنے والے عاشقانِ رسول کی تربیت کے لئے مدنی مذاکرے کے علاوہ سیکھنے سکھانے کے حلقے بھی لگائے گئے جبکہ نگرانِ شوریٰ، اراکینِ شوریٰ اور دیگر مبلغینِ دعوتِ اسلامی نے بیانات کرکے اسلامی بھائیوں کی تربیت کی۔

شعبہ انٹرنیشنل افیئرز کے تحت

فیضانِ مدینہ کراچی میں سات دن کا سنتوں بھرا اجتماع

52 ممالک سے عاشقانِ رسول شریک ہوئے

دعوتِ اسلامی کے تحت یکم نومبر 2023ء تا7نومبر2023ء عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں سات دن کا سنتوں بھرا اجتماع ہوا، جس میں 52 ممالک کے عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ دورانِ اجتماع امیرِ اہل ِسنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطّار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ، جانشین امیر ِاہل ِسنت مولانا حاجی عبید رضا عطّاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی، نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی، اراکینِ شوریٰ و مبلغینِ دعوتِ اسلامی نے بیانات کئے، بیرونِ ملک سے آئے ہوئےعاشقانِ رسول کا کہنا تھا کہ یہاں آکر ہمیں دلی سکون ملا ہے، ہماری روحانیت میں بھی اضافہ ہوا ہے، دینی کاموں کو کرنے کا جذبہ بڑھا ہے، اسی جذبے کے ساتھ اپنے ملک جائیں گے اور خوب دینی کام بڑھائیں گے۔اِن شآءَ اللہ

شعبۂ تعلیم کے تحت ملک بھر میں اجتماعاتِ میلاد کا انعقاد

نگرانِ شوریٰ اور اراکین شوریٰ نے بیانات کئے

شعبۂ تعلیم (دعوتِ اسلامی) کے تحت ربیع الاول کے مبارک مہینے میں ملک بھر میں قائم کالجز اور یونیورسٹیز سمیت1ہزار 993 مقامات پر اجتماعاتِ میلاد کا انعقاد کیا گیا جن میں پروفیسرز، ٹیچرز، پرنسپلز اور دیگر عہدیداران سمیت 1لاکھ 72 ہزار سے زائد اسٹوڈنٹس شریک ہوئے۔ اجتماعات میں نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی، اراکینِ شوریٰ حاجی مولانا عبد الحبیب عطّاری، حاجی محمد اظہر عطّاری، قاری سلیم عطّاری، عبد الوہاب عطّاری، قاری ایاز عطّاری اور دیگر مبلغینِ دعوتِ اسلامی نے سنتوں بھرے بیانات کئے۔

دعوتِ اسلامی کے چند دینی کاموں کی مزید جھلکیاں

٭شیخ ِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ محمد الیاس عطّاؔر قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ اور آپ کے خلیفہ حضرت مولانا عبیدرضا عطّاری مدنی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ ہر ہفتے ایک مدنی رسالہ پڑھنے/ سننے کی ترغیب دلاتے اور پڑھنے/سننے والوں کو دُعاؤں سے نوازتے ہیں، اکتوبر 2023ء میں دیئے گئے 4مَدَنی رَسائل کے نام اور ان کی کارکردگی پڑھئے: (1)اِرشاداتِ حضرت سَری سَقطی: 28 لاکھ 93 ہزار 182 (2) واہ کیا بات غوثِ اعظم کی (مَع 8کراماتِ غوثِ اعظم):  26لاکھ13ہزار172 (3) غوثِ اعظم کا شوقِ علمِ دین: 26لاکھ 78ہزار877 (4) امیرِ اہلِ سنّت سے سائنس کے بارے میں 10 سوال جواب: 26لاکھ38ہزار89۔

٭08 اکتوبر 2023ء کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں کراچی سٹی کے تمام سطح کے ذمہ داران کا سنتوں بھرااجتماع ہوا۔ نگران شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطّاری نے شرکا کی تربیت کی۔

٭جامعۃ المدینہ بوائز کے زیر اہتمام 10 اکتوبر 2023ء کو فیضانِ مدینہ کراچی میں سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔ سنتوں بھرے اجتماع میں نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے ”مطالعے کی اہمیت“ پر سنتوں بھرا بیان کیا۔

٭12 اکتوبر 2023ء کو نیو جوڈیشل کمپلیکس،تحصیل کورٹس پتوکی میں اجتماع کا اہتمام کیا گیا جس میں ایڈیشنل سیشن ججز پتوکی اور پتوکی بار کے ججز سمیت وکلا اور دیگر عاشقان رسول نے شرکت کی۔ رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبدالحبیب عطّاری نےسنتوں بھرا بیان کیا۔

٭16 اکتوبر 2023ء کو چیمبر آف کامرس کانفرنس ہال سیالکوٹ میں، 17 اکتوبر کو آڈیٹوریم قذافی اسٹیڈیم لاہور میں اور 21 اکتوبر کو E-Library Adjacent to Gymnasium Hall شیخوپورہ میں آئی ٹی اینڈ ای کامرس پروفیشنلز کے درمیان Meet-Up’s ہوئے جن میں آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ نگرانِ مجلس شعبہ پروفیشنلز فورم محمد ثوبان عطّاری نے خصوصی بیانات کئے۔

٭دعوتِ اسلامی کے شعبہ ڈونیشن سیل ڈیپارٹمنٹ کے زیرِ اہتمام 17 تا 19 اکتوبر 2023ءکو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان بھر سے ڈونیشن سیل کے ذمہ داران اور اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔ شیخ طریقت امیر اہل سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ، اراکینِ شوریٰ و مبلغینِ دعوتِ اسلامی نے شُرکا کی تربیت فرمائی۔

٭دعوتِ اسلامی کے تحت 20 تا 22 اکتوبر 2023ء کو اسپیشل پرسنز (گونگے، بہرے اور نابینا افراد) کا تین دن کا اجتماع ہوا جس میں پاکستان بھر سے کم و بیش 900 عاشقانِ رسول اور ان کے سرپرستوں نے شرکت کی۔ اسپیشل پرسنز نے مدنی مذاکرے میں بھی شرکت کی اور اشاروں کی زبان میں شیخِ طریقت امیر اہل ِسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ سے سوالات کئے جبکہ اراکینِ شوریٰ و مبلغینِ دعوتِ اسلامی نے بھی شرکا کی تربیت فرمائی۔

٭راولپنڈی ڈسٹرکٹ بار کونسل میں23 اکتوبر 2023ء کو دعوتِ اسلامی کے شعبہ رابطہ وُکلا کے زیر اہتمام اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر ہائی کورٹ بار اور بار کونسل کے اراکین سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔رکن شوریٰ مولانا حاجی محمد اظہر عطّاری نے سنتوں بھرا بیان کیا۔

٭مرکزی جامعۃ المدینہ کراچی کے درجہ ثالثہ (rd Year3) میں زیرِ تعلیم 19 سالہ طالبعلم احمد ابو سارب عطّاری نے کراچی انٹرمیڈیٹ بورڈ کے امتحان میں حصہ لےکر پورے کراچی میں اول پوزیشن (st Position1) اپنے نام کرلی۔ پوزیشن حاصل کرنے پر بورڈ آف سیکنڈری اینڈ انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی کی جانب سے احمد ابو سارب عطّاری کو اعزازی ایوارڈ سے نوازا گیا۔

٭دعوتِ اسلامی کے تحت گوتھن برگ (Gothenburg) سویڈن میں مدنی مرکز فیضانِ قراٰن کا افتتاح کردیا گیا۔افتتاحی تقریب میں مبلغ دعوتِ اسلامی مولانا بلال عطّاری مدنی سمیت دعوتِ اسلامی کے ذمہ داران اور گوتھن برگ کے عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ قائم ہونے والے مدنی مرکز سے اِن شآءَ اللہ قراٰن و سنت کی تعلیمات کو عام کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس مدنی مرکز کے افتتاح سے چند روز قبل سویڈن کے شہر مالمو میں بھی مدنی مرکز فیضانِ قراٰن کا افتتاح ہوا تھا۔

دعوتِ اسلامی کی تازہ ترین اپڈیٹس کے لئے وزٹ کیجئے

news.dawateislami.net

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ،ذمہ دار شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب وروزکراچی


Share

Articles

Comments


Security Code