دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

اے دعوتِ اسلامی تِری دھوم مچی ہے !

دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

*مولانا عمر فیاض عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ جون2023


دعوتِ اسلامی نے ویلز یوکے میں 145 سالہ

غیرمسلموں کی عبادت گاہ کو خرید کر مسجد میں بدل دیا

عنقریب اس جگہ پر عظیم الشان فیضانِ مدینہ ،

جامعۃُ المدینہ اور مدرسۃُ المدینہ قائم کیا جائے گا

تفصیلات کے مطابق دعوتِ اسلامی نے نیوپورٹ ویلز ، یوکے میں 145سال تک غیرمسلموں کے زیرِ استعمال رہنے والی عبادت گاہ کو خرید کر مسجد میں تبدیل کردیا۔ خوشی کے اس موقع پر سنّتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں تلاوت و نعت کے بعد مبلغینِ دعوتِ اسلامی نے سنّتوں بھرے بیان کئے۔ اس موقع پر دعوتِ اسلامی ویلز کے نگران سیّد فضیل رضا عطّاری کا کہنا تھا کہ اس بلڈنگ کی تزئین و آرائش کے بعد دعوتِ اسلامی یہاں ویلز کا پہلا عظیمُ الشان اسلامک سینٹر و مدنی مرکز فیضانِ مدینہ قائم کرے گی جبکہ قراٰنِ پاک کی تعلیم کے لئے بچّوں اور بچیوں کے لئے علیحدہ علیحدہ مدارسُ المدینہ کی برانچز قائم ہوں گی۔ اسی کے ساتھ عالم کورس کے لئے جامعۃُ المدینہ کی برانچ بھی قائم کی جائے گی۔

کنزُالمدارس بورڈ پاکستان کی جانب سے فیضانِ مدینہ

کراچی میں تقریبِ تقسیمِ اسناد و انعامات کا انعقاد

نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطّاری اور مفتی محمد

ہاشم خان عطّاری مدنی نے سنّتوں بھرے بیانات کئے

کنزُ المدارس بورڈ پاکستان  ( دعوتِ اسلامی )  اور جامعۃُ المدینہ انسٹیٹیوٹ کے زیرِ اہتمام 5 مارچ 2023ء کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں تقسیمِ اسناد و انعامات کا اہتمام کیا گیا جس میں دارُالافتاء اہلِ سنّت کے مفتیانِ کرام ، مرکزی مجلسِ شوریٰ کے اراکین اور کنزُالمدارس بورڈ کے اراکین سمیت مختلف شعبوں کے ذمّہ داران ، طلبۂ کرام ، سرپرستوں اور دیگر عاشقانِ رسول نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس تقریب میں استاذُالحدیث مفتی محمد ہاشم خان عطّاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے ” مدارسِ اسلامیہ کی اہمیت و افادیت “ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے مدارسِ دینیہ کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی جبکہ نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطّاری مُدَّظِلُّہُ العالی نے سنّتوں بھرا بیان کرتے ہوئے گناہوں بھری زندگی سے بچتے ہوئے دینِ اسلام کے بتائے گئے طریقۂ کار کے مطابق اپنی زندگی گزارنے کا ذہن دیا۔ اختتام پر کنزُالمدارس بورڈ پاکستان کے امتحانات میں پوزیشن لینے والے طلبۂ کرام میں سرٹیفکیٹس اور شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔

پنجاب اور سندھ کے مختلف مدارسُ المدینہ میں سینکڑوں

بچّوں نے حفظ و ناظرہ مکمل کرنے کی سعادت حاصل کی

حیدرآباد ، فیصل آباد ، لاہور ، خانیوال اور دیگرشہروں میں

اسناد و انعامات تقسیم کرنے کی تقریبات منعقدکی گئیں

دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام چلنے والے مدارسُ المدینہ سے گزشتہ سال 2022ء میں50754بچّوں نے قراٰنِ پاک ناظرہ اور9416 بچّوں نے حفظِ قراٰن مکمل کرنے کی سعادت حاصل کی۔ ان طلبہ میں اسناد و انعامات تقسیم کرنے کے لئے 19مارچ 2023ء کو حیدرآباد ، فیصل آباد ، لاہور اور خانیوال سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں تقریبات منعقد کی گئیں۔ تقسیمِ اسناد کا مرکزی اجتماع فیضانِ مدینہ فیصل آباد میں منعقد ہوا جس میں نگرانِ پاکستان انتظامی کابینہ حاجی محمد شاہد عطّاری نے سنّتوں بھرا بیان فرمایا ، یہ بیان دیگر مقامات پر بذریعہ لنک دیکھا گیا۔ بیان کے بعد تمام مقامات پر موجود اراکینِ شوریٰ و مبلغینِ دعوتِ اسلامی نے طلبہ کو اسناد اورتحائف دیئے۔ رکنِ شوریٰ حاجی محمد سلیم عطّاری نے بتایا کہ دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام اس وقت تقریباً ساڑھے 10ہزار مدارسُ المدینہ چل رہے ہیں جہاں لاکھوں بچے اور بچیاں حفظ و ناظرہ کی تعلیم بالکل مفت حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال  ( 2022ء )  دعوتِ اسلامی کے ان مدارس سے 10ہزار کے آس پاس بچوں نے حفظِ قراٰنِ پاک مکمل کیا ہے۔

کراچی میں واقع انسٹیٹیوٹ آف بینکرز پاکستان کے آڈیٹوریم میں پُر وقار تقریب کا انعقاد

ماہرِ امورِ تجارت مفتی علی اصغر عطّاری اور نگرانِ شوریٰ

مولانا حاجی محمد عمران عطّاری نے بیانات کئے

دعوتِ اسلامی کے شعبے مرکز الاقتصادی الاسلامی ، دارُ الافتاء اہلِ سنّت اور جامعۃُ المدینہ انسٹیٹیوٹ کے زیرِ اہتمام 5 مارچ 2023ء کو کراچی کے علاقے سلطان آباد میں واقع انسٹیٹیوٹ آف بینکرز پاکستان کے آڈیٹوریم میں ایک پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں دارُالافتاء اہلِ سنّت کے مفتیانِ کرام ، اسلامک فنانس کورس کے تیسرے اور چوتھے بیج کے اسٹوڈنٹس اور ذمّہ داران نے شرکت کی۔ تقریب میں ماہر امورِ تجارت مفتی علی اصغر عطّاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے دعوتِ اسلامی کے تحت مستقبل قریب میں قائم ہونے والے اسلامک فنانس سینٹر کے متعلق بریفنگ دی۔ بعد ازاں نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے ” رزقِ حلال کمانے اور سود سے بچنے “ کے موضوع پر سنّتوں بھرا بیان کرتے ہوئے اسلامی بھائیوں کو مالِ حرام سے بچنے کی ترغیب دلائی۔ اختتام پر کورس مکمل کرنے والے بیج تھری اور فورتھ کے166 پروفیشنلز اور 74 علمائے کرام کو سرٹیفکیٹ دیئے گئے۔

مرحوم نگرانِ شوریٰ حاجی مشتاق عطّاری

کےلئے ایصالِ ثواب اجتماع

رکنِ شوریٰ حاجی عبدالحبیب عطّاری کا سنّتوں بھرا بیان

مرحوم نگرانِ شوریٰ حاجی مشتاق عطّاری کے ایصالِ ثواب کے لئے19 مارچ 2023ء بروز اتوار بابری چوک کراچی کی جامع مسجد کنزُالایمان میں سنّتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں عاشقانِ رسول کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تلاوتِ قراٰن اور نعت شریف کےبعد دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن مولانا حاجی عبد الحبیب عطّاری نے سنّتوں بھرا بیان کیا اور اسلامی بھائیوں کی دینی و اخلاقی اعتبار سے تربیت کی۔ رکنِ شوریٰ نے اسلامی بھائیوں کو دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور اسلامی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگی گزارنے کا ذہن دیا جس پر اسلامی بھائیوں نے اچّھی اچھی نیتوں کا اظہار کیا۔


ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

*   فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ، ذمہ دار شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب وروز


Share

Articles

Comments


Security Code