اے دعوتِ اسلامی تِری دھوم مچی ہے!

دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

* مولانا عمر فیاض عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ اکتوبر 2021

مجلس تحقیقاتِ شرعیہ(دعوتِ اسلامی) کا اجلاس

مختلف شہروں سے مفتیان ِکرام کی شرکت

علما و مفتیانِ کرام پر مشتمل جدید مسائل پر غور و فکر کرنے والی مجلس تحقیقاتِ شرعیہ (دعوتِ اسلامی) کا دو دن کا اجلاس عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں واقع دارُالافتاء اہلِ سنّت کے ہیڈ آفس میں ہوا۔ 14جولائی سے شروع ہونے والے اس اجلاس میں دو اہم موضوعات (1)گناہ میں تعاون اور (2)آن لائن خریداری کے تعلق سے عصرِ حاضر کے بعض اہم مسائل پر گفتگو کی گئی۔ اس اجلاس کے مقالہ جات (Thesis) لکھنے کا سلسلہ دو ماہ قبل ہی شروع ہوچکا تھا۔ اجلاس میں کراچی ، لاہور ، راولپنڈی ، ملتان اور حیدرآباد سے دارُ الافتاء اہلِ سنّت کے وہ علما و مفتیانِ کرام بھی تشریف لائے جو تحقیقاتِ شرعیہ کے رکن ہیں۔ اجلاس کے پہلے دن دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطاری اور ترجمانِ دعوتِ اسلامی مولانا عبدُالحبیب عطّاری نے بھی شرکت فرمائی۔

دعوتِ اسلامی کا یتیم خانے بنانے کا اعلان

امیرِاہلِ سنّت نے “ مدنی ہوم “ نام رکھا

شجر کاری مہم ، بلڈ ڈونیشن مہم اور تھیلیسیمیا فری پاکستان مہم کے بعد اب دعوتِ اسلامی نے کراچی میں یتیم خانہ بنانے کا اعلان کیا ہے جس کا نام امیرِاہلِ سنّت حضرت علّامہ محمد الیاس عطّاؔر قادری  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ  نے “ مدنی ہوم “ رکھا ہے۔ دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اب دعوتِ اسلامی “ مدنی ہوم “ کے نام سے یتیم خانے بھی بنائے گی اور اس کی پہلی برانچ کراچی میں قائم کی جائے گی۔ کراچی کے بعد ملک بھر میں اور پھر بیرونِ ممالک بھی یتیم خانے بنائے جائیں گے۔ “ مدنی ہوم “ میں یتیم بچّوں کو قراٰنِ پاک کی تعلیم دی جائے گی اور دیگر کورسز بھی کروائے جائیں گے ، جو بچے قراٰنِ پاک حفظ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں گے انہیں حفظ بھی کروایا جائے گا جبکہ باصلاحیت بچّوں کو عالم اور مفتی کورس بھی کروائے جائیں گے۔ بچّوں کو دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ دنیاوی تعلیم بھی دی جائے گی جبکہ کھانے کے علاوہ کپڑے ، ادویات اور دیگر ضروریاتِ زندگی بھی فراہم کی جائیں گی۔ “ مدنی ہوم “ میں ایسے بچّوں کو رجسٹرڈ کیا جائے گا جن کے والدین یا دونوں میں سے کسی ایک کا انتقال ہوچکا ہو یا جن کے ماں باپ میں طلاق ہوچکی ہو اور دونوں میں سے کوئی بھی بچّے اپنے پاس نہ رکھ رہا ہو

ڈی جی رینجرز سند ھ کا عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی کا دورہ

خدماتِ دعوتِ اسلامی کے اعتراف میں نگرانِ شوریٰ کو شیلڈ پیش کی

ڈی جی رینجرز سند ھ افتخار حسین چودھری نے 2 جولائی 2021ء کو دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی کا دورہ کیا۔ ذمّہ دارانِ دعوتِ اسلامی نے انہیں دعوتِ اسلامی کے اسلامک ریسرچ سینٹر “ المدینۃُ العلمیہ “ ، مدنی چینل اور دیگر ڈیپارٹمنٹس کا وزٹ کروایا۔ دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے ہیڈ مولانا حاجی محمد عمران عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی   نے بھی ڈی جی رینجرز سے ملاقات کی اور انہیں دعوتِ اسلامی کی دینی ، اصلاحی اور فلاحی خدمات سے آگاہ کیا۔ نگرانِ شوریٰ نے ڈی جی رینجرز سند ھ کو کتابوں کا تحفہ پیش کیا جبکہ ڈی جی رینجرز نے خدماتِ دعوتِ اسلامی کے اعتراف میں نگرانِ شوریٰ کو شیلڈ پیش کی۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ ، ذمہ دار شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب و روز ، کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code