اے دعوتِ اسلامی تِری دھوم مچی ہے

دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

* محمد عمر فیاض عطاری مدنی

ماہنامہ فروری 2021

ساؤتھ افریقہ میں ایک غیر مسلم نے اسلام قبول کرلیا

نیو مسلم کا اسلامی نام عبدُ القادر رکھا گیا

ساؤتھ افریقہ کے شہر ویلکم (Welkom) میں مبلغِ دعوت ِاسلامی کی انفرادی کوشش سے ایک غیر مسلم نے اسلام قبول کرلیا۔ نیو مسلم کا اسلامی نام حضور غوثِ پاک  رحمۃ اللہ علیہ  کی نسبت سے “ عبدُ القادر “ رکھا گیا ۔  نیو مسلم(New Muslim) عبدُ القادر نے نماز اور وضو کا طریقہ سیکھنے کی سعادت حاصل کی جبکہ مزید شرعی مسائل سیکھنے اور درسِ نظامی کرنے کی نیت بھی کی۔

22نومبر  کو فیضان ِمدینہ کراچی میں پروفیشنلز اجتماع کا انعقاد

نگرانِ شوریٰ  کا “ اپنی سوچ بدلئے “ کے موضوع پر سنّتوں بھرا بیان

تفصیلات کے مطابق 22نومبر 2020ء کو دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی سے براہِ راست مدنی چینل پر پروفیشنلز اجتماع کا اہتمام کیا گیا۔ اجتماعِ پاک میں کثیر تعداد میں پروفیشنلز حضرات نے شرکت کی۔ مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا محمد عمران عطّاری  مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی  نے “ اپنی سوچ بدلئے “ کے موضوع پر سنّتوں بھرا بیان کیا۔ اس موقع پر نگرانِ شوریٰ نے حدیثِ پاک بیان کرتے ہوئے فرمایاکہ  عقلمند وہ ہے جو متقی ہے اگرچہ دنیاوی لحاظ سے ادنیٰ درجے کا ہو۔ (اتحاف الخیرہ ، 7 / 365 ، حدیث : 7036) مزید کہا کہ جہاں جتنی دیر رہنا ہے اس کے حساب سے اتنی ہی تیاری کرنی چاہئے ، مسلمانوں کو ہر اُس راستے سے بچنا چاہئے جس سے ایمان کمزور ہوجائے۔ نگرانِ شوریٰ نے پروفیشنلز حضرات کو  یہ ذہن بھی دیا کہ ہمیں اپنی صلاحیتوں اور مہارتوں  کو دین کے کاموں میں بھی استعمال کرنا چاہئے تاکہ دین کا  بھرپورفائدہ ہو۔

اورنگی ٹاؤن میں “ فیضانِ جیلان مسجد “ کا افتتاح کردیا گیا

افتتاحی تقریب میں رکنِ شوریٰ حاجی علی عطّاری  کی خصوصی شرکت

دعوتِ اسلامی   کا شعبہ خدّامُ المساجد والمدارس دنیا بھر میں دینِ اسلام کی تبلیغ و اشاعت کے لئے وقتاً فوقتاً مدارس اور مساجد کا قیام کرتا  رہتا ہے۔ اسی کام کو آگے بڑھاتے ہوئے 25نومبر 2020ء کو کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن  میں مسجد “ فیضانِ جیلان “ کا افتتاح کیا گیا۔ مسجد کا افتتاح مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی محمد علی عطّاری نے کیا۔ اس موقع پر مدنی حلقے کا سلسلہ بھی  ہوا جس میں علاقے کے عاشقانِ رسول نے  شرکت کی۔ رکنِ شوریٰ نے شُرَکا کو مسجد آباد کرنے اور نمازوں کی پابندی کرنے کی ترغیب دلائی ۔

دھوراجی کراچی میں جامعۃُ المدینہ دارُ الحبیبیہ قائم کردیا گیا

جدید سہولیات سے مزین اس جامعہ  میں  بالخصوص کالج و یونیورسٹیز کے اسٹوڈنٹس اور  کاروباری حضرات دینی تعلیم حاصل کرسکیں گے

کراچی کے علاقےدھوراجی میں واقع حبیبیہ مسجد کے برابر میں جامعۃُ المدینہ دارُ الحبیبیہ قائم کردیا گیاہے۔ جدید سہولیات سے مزیّن اس جامعۃُ المدینہ میں بالخصوص کالج و یونیورسٹیز کے اسٹوڈنٹس ، کاروباری حضرات اور دیگر اسلامی بھائی مختصر دورانیہ میں علمِ دین کی تعلیم حاصل کرسکتے ہیں تاکہ ان کی دینی تعلیم اور کاروباردونوں جاری رہیں اور یہ لوگ علمِ دین حاصل کرکے معاشرے کی فلاح و بہبود میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ اس جامعۃُ المدینہ میں صبح 7 : 30 سے 10 : 30 تک 3گھنٹے درس و تدریس کا سلسلہ ہوتا ہے۔ جامعۃُ المدینہ کے ناظم سید ثاقب عطّاری مدنی کا کہنا ہے کہ جامعۃُ المدینہ کی کلاسز کو جدید تقاضوں کے مطابق تیار کیا گیا ہےتاکہ اسٹوڈنٹس پُرسکون ماحول میں علمِ دین حاصل کرسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عنقریب ہم ملٹی میڈیا سسٹم پر بھی آرہے ہیں اورپروجیکٹر پر جدید انداز میں  دینی تعلیم دی جائے گی۔ اِنْ شَآءَ اللہ

گورنر ہاؤس سندھ میں محفلِ نعت کا انعقاد

رکنِ شوریٰ مولانا عبدُ الحبیب عطّاری نے  سنّتوں بھرا بیان کیا

19نومبر 2020ء کو دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام گورنر ہاؤس سندھ میں محفلِ نعت کا انعقاد کیا گیا جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل ، علمائے کرام اور نعت خواں حضرات سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن مولانا عبدُ الحبیب عطّاری نے معجزات اور قراٰنِ پاک کے موضوع پر سنّتوں بھرا بیان کیا اور شرکا کو دعوتِ اسلامی کے مختلف شعبہ جات کے متعلق بریفنگ دی۔

گلستانِ جوہر کراچی میں جامع مسجد فیضانِ عشقِ رسول کا افتتاح

پہلی نماز  رکنِ شوریٰ حاجی محمد امین عطّاری نے پڑھائی

امیرِ اہلِ سنّت کی ترغیب پر کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں مسجد “ فیضانِ عشقِ رسول “ کا افتتاح کیا گیا۔ مسجد کا افتتاح مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی محمد امین عطّاری نے نماز پڑھاکر کیا ۔ تقریب میں علاقے کے عاشقانِ رسول  بھی شریک تھے۔ رکنِ شوریٰ نے شرکا کو مسجد آباد کرنے اور نمازوں کی پابندی کرنے کی ترغیب دلائی ۔

جامع مسجد ملک ریاض بحریہ ٹاؤن راولپنڈی میں محفلِ نعت کا انعقاد

رکنِ شوریٰ حاجی عبدُالحبیب عطّاری کا خصوصی بیان

6نومبر 2020ء کو دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام بحریہ ٹاؤن راولپنڈی کی جامع مسجد ملک ریاض میں محفلِ نعت کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف علمائے کرام ، شخصیات اور کثیر تعداد میں عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن مولانا عبدُ الحبیب عطّاری نے “ سیرتِ مصطفےٰ “ کے موضوع پر سنّتوں بھرا بیان کیا اور شرکا کوسنّتِ رسول اپناتے ہوئے زندگی گزارنے کی ترغیب دلائی۔ اس موقع پر رکنِ شوریٰ حاجی وقارُ المدینہ عطّاری بھی موجود تھے۔


ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ* ذمہ دار شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب و روز ، کراچی

 


Share

Articles

Comments


Security Code