ماہنامہ فیضانِ مدینہ کے 7 سال

ماہنامہ فیضانِ مدینہ کے 7 سال

*مولانا ابوالنور راشد علی عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ دسمبر2023ء

”ماہنامہ فیضانِ مدینہ (دعوتِ اسلامی)“ کا پہلا شمارہ ربیعُ الآخر 1438ھ کی آٹھویں شب (مطابق 5جنوری 2017ء) کو منظرِ عام پر آیا اور دسمبر 2023ء میں اسے 7 سال مکمل ہوگئے۔ اَلحمدُ لِلّٰہ دعوتِ اسلامی کا میگزین ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ 7زبانوں(اردو، عربی، انگلش، ہندی، گجراتی، بنگلہ اور سندھی) میں جاری ہوتا ہے۔ ہر مہینے اوسطاً 25 سے زائد موضوعات پر کم وبیش 40مضامین پیش کئے جاتے ہیں۔

ذیل میں ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“کے 7سالہ سفر کا اجمالی جائزہ لیتے ہوئے ماہنامہ فیضانِ مدینہ میں شائع ہونے والے مضامین کا مختصر موضوعاتی جائزہ پیشِ خدمت ہے:

(1)تفسیرِ قراٰنِ کریم: قراٰن سَرچشمۂ ہدایت اورعلم و عرفان کا مرکز ہے، ہر دور کے عُلما نے تفاسیر لکھ کر عوام وخواص کو قراٰنی مفاہیم سے آگاہ کیا اور ہدایت کے راستے پر چلنا آسان کیا،ماہنامہ فیضانِ مدینہ میں اس سلسلہ کے تحت شیخ التفسیر مفتی ابوصالح محمد قاسم عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ الْعَالِی قراٰنِ کریم کی ایک یا چند آیات کی عام فہم اور جامع انداز میں تفسیر یا پھر کسی ایک موضوع پر کئی آیاتِ طیبات بیان فرماتے ہیں۔ اس سلسلے کے تحت تقریباً 85مضامین شائع ہوچکے ہیں۔

(2)حدیث شریف اور اس کی شرح: احکامِ شریعت کا دوسرا منبع و مأخذ احادیثِ رسول ہیں، جن کی اہمیت و افادیت ہر دلِ مسلم پر ظاہر و آشکار ہے، ماہنامہ فیضانِ مدینہ میں اس عنوان کے تحت ایک منتخب حدیث شریف کا ترجمہ اوراس کی مختصر شرح بیان کی جاتی ہے۔اس سلسلے کے تحت شائع ہونے والے مضامین کی تعداد تقریباً85ہے۔

(3)اسلامی عقائد و معلومات: اسلام کے بنیادی و ضروری عقائد سے درست آگاہی ہر مسلمان کے لئے ضروری ہے ،اسی ضرورت کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے سلسلہ ”اسلامی عقائد و معلومات“ میں کسی بھی ایک اسلامی عقیدے کو مستند حوالوں سے مزیّن کرکے تفصیلاً ذکر کیا جاتا ہے۔ اس کے اکثر مضامین مولانا عدنان چشتی عطّاری مدنی کے قلم سے نکلے ہوئے ہیں جن کی تعداد 69 سے زائد ہے۔

(4)شرعی راہنمائی: ذہن کی راہوں کو وسعت دینے اور افہام وتفہیم کا ایک بہترین طریقہ سوال جواب بھی ہے، ماہنامہ فیضان مدینہ میں سوال جواب کے چار سلسلے جاری ہیں: ”مدنی مذاکرے کے سوال جواب “ ، ”دارالافتاء اہلِ سنّت“، ”احکام ِتجارت“ اور ”اسلامی بہنوں کے شرعی مسائل“۔اب تک اَلحمدُلِلّٰہ 1200 سے زائد سوالات کے جوابات شائع ہو چکے ہیں۔

(5)اخلاقی و معاشرتی تربیت کے مضامین: ایسے باریک امور جن کو ہم چھوٹا سمجھ کر نظر انداز کر دیتے ہیں لیکن ان کے نقصانات آنے والی زندگی پر منفی اثرات ڈال دیتے ہیں۔ اسی طرح اخلاقی و معاشرتی اعتبار سے کثیر پہلو ہیں جن میں اصلاح اور مسلسل تربیت و نصیحت کی حاجت ہے۔ الحمدللہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ میں اس حوالے سے ”فریاد(از نگرانِ شوریٰ مولانا عمران عطاری)، ”کتابِ زندگی،ہماری کمزوریاں“(از مولانا ابورجب آصف مدنی)، ”کیسا ہونا چاہئے؟“(از راشد علی عطاری مدنی) اور دیگر کئی سلسلوں کے تحت 600 سے زائدمضامین شامل کئے جا چکے ہیں۔

 (6)تحریرات و پیغاماتِ امیر اہلِ سنّت:شیخِ طریقت، امیر اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کی مبارک زندگی کا 50 سال سے زائد عرصہ تحریر و تصنیف اور تربیت و تبلیغ میں گزرچکا ہے۔ آپ کی زبان اور قلم کی تاثیر کا زمانہ گواہ ہے ۔ الحمدُ لِلّٰہ! ماہنامہ فیضانِ مدینہ میں بھی آپ کی تحریرات و پیغامات کو شامل کرنے کی سعی کی جاتی ہے۔ اب تک بیک ٹائٹل پر شائع ہونے والے آپ کے مضامین، سلسلہ ”پیغاماتِ امیرِاہلِ سنّت“ اور”تعزیت و عیادت“ کے تحت 200 سے زائد تحریریں شائع ہوچکی ہیں۔

(7)بچّوں اور بچیوں کے لئے: بچے قوم کا مستقبل اور وطن کے معمار ہیں، آنے والے وقت میں قوم کی باگ ڈور ان کے ہاتھوں میں آتی ہے، ان کی جتنی اچھی تربیت ہو گی قوم کا مستقبل اتنا ہی شاندار ہوگا۔ اَلحمدُ لِلّٰہ! بچّوں کی اسلامی تربیت کے لئے ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ میں مختلف سلسلے پیش کئے جاتے ہیں، جن میں حدیث شریف کی شرح، بچوں کے لئےسبق آموز کہانیاں اور سیرتِ مبارکہ کی باتیں بھی شامل ہوتی ہیں۔ ان سلسلوں کے تحت مجموعی طور پر 500 سے زائد مضامین شائع ہوچکے ہیں۔

(8)باتیں میرے حضور کی: ہمارے پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے اوصافِ جلیلہ بے انتہا ہیں۔ عاشقانِ رسول کے دلوں میں عشقِ رسول کی شمع مزید فروزاں کرنے کے لئے الحمدللہ سیرتِ طیّبہ و تعلیماتِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے اب تک 250 سے زائد مضامین ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“میں شائع ہوچکے ہیں۔

(9)حقانیت و مَحاسنِ اسلام: دینِ اسلام کی اہمیت اور اس پر ہونے والے اعتراضات کے جوابات ، نیز اسلام کے عظیم مَحاسِن اور خوبیوں پر مشتمل مضامین بھی ماہنامہ فیضانِ مدینہ میں شامل ہوتے ہیں۔ یہ مضامین ”آخر درست کیا ہے؟“، ”اسلام کی روشن تعلیمات“، ”اسلام اور عورت“ اور دیگر سلسلوں کے تحت شامل ہوئے ہیں۔ جن کی تعداد الحمدُلِلّٰہ 300 کے قریب ہے۔

(10)اسلامی بہنوں کے لئے: عورت معاشرے کا وہ بڑا اور اہم حصّہ ہےجو آنے والی نسلوں کو پروان چڑھاتا ہے، اگر اس کی تعلیم و تربیت اسلامی اصولوں پر کی جائے تو یقیناً معاشرے پر بہترین اور اچھے اثرا ت بھی مرتب ہوں گے، ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ میں اسں پہلو سے بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ جس کے لئے عورتوں کو صحابیات و صالحات کی سیرت و کردار سے متعارف کروانے کے لئے ”تذکرۂ صالحات“ کے نام سے سلسلہ شامل رہا، جبکہ ”اسلام اور عورت“، ”سلیقے کی باتیں“ اور دیگر اہم سلسلے بھی شامل ہیں جن میں اب تک 200 سے زائد مضامین شائع کئے جاچکے ہیں۔

(11)سیرتِ بزرگانِ دین:صحابۂ کرام، بزرگانِ دین اور فقہاء و محدثین کی سیرت و کردار سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لئے ماہنامہ فیضانِ مدینہ میں مختلف سلسلے شامل ہیں جن کے تحت اب تک 1000 سے زائد شخصیات کا مفصل و مختصر تذکرہ کیا جاچکا ہے۔

(12)صحت و تندرستی:صحت و تندرستی اللہ پاک کی کتنی عظیم نعمت ہے اس کا صحیح انداز ہ اور قدرعام طورپر بیمار شخص کو ہوتی ہے، لہٰذا صحت کی حفاظت ضروری بھی ہے اور اہم بھی۔ ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ کا سلسلہ ”مدنی کلینک“ اسی اہمیت کو اُجاگر کرتا ہے جس میں مختلف بیماریوں، ان کی علامات اور ان کے طبّی اور روحانی علاج بھی بیان کئے جاتے ہیں، اس سلسلہ میں 60سے زائد مضامین شاملِ اشاعت کئے گئے ہیں۔ ان سلسلوں کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ یہ مضامین مستند ڈاکٹر صاحب اور حکیم صاحب سے تصدیق کروانے کے بعد شائع ہو تے ہیں۔

(13) نئے لکھاری:ماہنامہ فیضانِ مدینہ میں جہاں مؤلفین و مصنفین کے شاہکار مضامین شائع ہوتے ہیں وہیں نئے لکھاریوں کی قلمی تربیت کا اہتمام بھی ہوتا ہے۔ اس کے لئے اَلحمدُلِلّٰہ ”نئے لکھاری“ کے نام سے سلسلہ جاری ہے، جس کے تحت ہر ماہ نئے لکھاریوں کے تین مضامین شائع کئے جاتے ہیں جبکہ موصول ہونے والے بقیہ سبھی مضامین شرعی تفتیش کے بعد دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کئے جاتے ہیں، یہ مضامین اس لنک پر دیکھے جا سکتے ہیں:                                             https://news.dawateislami.net

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ، ماہنامہ فیضانِ مدینہ، کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code