امیر اہل سنت کا پیغام چل مدینہ والوں کے نام۔

امیرِ اہلِ سنّت کا پیغام چل مدینہ والوں کے نام([1])

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ!

مدینۃُ المنوّرہ کی حاضری مبارک ہو۔ اللہ کریم آپ کا حج مبرور اور مدینے پاک کی حاضری قبول کرے، آہ! عنقریب رُخصت کی گھڑیاں آرہی ہیں۔           

  ؎    مدینہ پہنچے تو ساتھ آیا غم جدائی کا                 ہم اشک بار ہی پہنچے تھے اشک بار چلے

ہوسکتا ہے کہ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ کا یہ ارشاد آپ نے بھی بارہا سنا ہو :”حجِ مبرور کی نشانی ہی یہ ہے کہ پہلے سے اچھا ہو کر پلٹے۔“(فتاویٰ رضویہ،ج 24،ص467) اب  ہمیں پہلے سے زیادہ نیکیاں کرنی ہیں، پہلے سے زیادہ سنّتوں پر عمل کرنا ہے، پہلے سے زیادہ جماعت کے ساتھ نمازوں کا اہتمام کرنا ہے، حُسنِ اخلاق بہتر کرنا ہے، عاجزی بڑھانی ہے اور دل آزاریوں سے بہت زیادہ بچنا ہے، ایذائے مسلم(مسلمان کو تکلیف دینا) ہرگز نہ ہو اس کا خیال رکھنا ہے۔ ماں باپ کی اطاعت، گھر والوں کے ساتھ اچھا سلوک یہ سب بہترین انداز میں کرنے ہیں، دعوتِ اسلامی کے مدنی کام بڑھانے ہیں، نیک کام([2]) پر عمل بڑھانا ہے اور (دعوتِ اسلامی کے) قافلوں میں سنّتوں بھرے سفر کی کوتاہی تھی تو یہ بھی اب ختم ہوجانی چاہئے۔ آپ کا کردار اتنا نکھار حاصل کرے کہ واقعی یہ لگے کہ یہ حج کرنے گیا تھا تو بدل گیا ہے۔ اگر پہلے ہی کی طرح روٹین رہی تو ایسا نہ ہو کہ بات بگڑ جائے کیونکہ آپ مُشَرَّفِ چل مدینہ ہوئے، چل مدینہ والوں کو تو گویا ایک ”پھول“ لگ جاتا ہے اور لوگوں میں اس کا احترام بڑھتا ہوگا اور ہوسکتا ہے کہ اس کو بعض لوگ نوٹ بھی زیادہ کرتے ہوں، پھر کہیں گے کہ ”یار یہ تو چل مدینہ ہوا تھا پہلے سے بھی زیادہ بگڑ گیا ہے یا اس کو تو اب استقامت بھی نہیں مل رہی ہے، قافلوں میں بھی نہیں جاتا، مدنی کام بھی نہیں کرتا اور ”نیک کام“ کا رسالہ بھی پُر کرکے جمع نہیں کرواتا“ وغیرہ وغیرہ۔ ایسا نہ ہو کہ چل مدینہ کے قافلے کو دَھبّا لگے، بہت خیال رکھنا ہے بلکہ ایسا بننا ہے کہ لوگ آپ کی مثال دیں۔

؏   ایسا چلن چلو کہ زمانہ مثال دے

اللہکریم آپ کے حال پر  اور آپ سب کے صَدْقے مجھ گناہ گار کے حال پر رحم فرمائے کہ میں بھی اچّھا بلکہ بہت اچّھا ہوجاؤں، اللہ کرے مجھے اور آپ سب کو آئندہ پھر حَرَمَیْن طیّبَیْن کی حاضری نصیب ہو۔ خوب مدنی کام اور(رسالہ) ”نیک کام“ پر عمل کرتے رہئے گااور اللہ کرے کہ ایسا قفلِ مدینہ لگے کہ دیکھ دیکھ کر میرے جیسوں کا بھی قفلِ مدینہ لگ جائے،نگاہیں بھی اتنی جھکی رہیں کہ رشک آئے اور اَخلاق بھی ایسے دُرست ہوجائیں کہ آپ جس پر انفرادی کوشش کریں وہ  جلدی نیکی کی دعوت قبول کرلے۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم



نوٹ: ضرورتاً ترمیم کی گئی ہے۔

1   اس میں دیگرحجاج کرام کے لئے  بھی نصیحتیں موجود ہیں۔

2 مدنی انعامات کا نام اب ”نیک کام“ ہے۔


Share

Articles

Comments


Security Code