مسجد بھرو تحریک مسجد بناؤ تحریک

”مسجِد بھرو تحریک مسجِد بناؤ تحریک “

از: شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علامہ مولانا ابو بلال محمد الیاس عطّاؔر قادِری رضوی دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ

مسجدیں آباد کرنے کی فضیلت پر مشتمل تین فرامینِ مصطفےٰ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم:(1)بے شک اللہ  پاک کے گھروں کو آباد کرنے والے ہی اللہ والے ہیں۔ (معجم اوسط، ج2، ص58،حدیث:2502) (2)جو مسجد سے مَحَبَّت کرتا ہے اللہ پاک اُسے اپنا محبوب (یعنی پیارا) بنا لیتاہے۔ (معجم اوسط،ج4، ص400،حدیث:6383) (3)جب کوئی بندہ ذِکر یانماز کے لئے مسجِد کو ٹھکانا بنالیتاہے تو اللہ پاک اُس کی طرف رحمت کی نظر فرماتا ہے، جیسا کہ جب کوئی غائب آتا ہے تو اس کے گھر والے اُس سے خوش ہوتے ہیں۔(اِبن ماجہ،ج1، ص438، حدیث:800)

اَلْحَمْدُ لِلہِ! عاشقانِ رسول کی مَدَنی تحریک، ”دعوتِ اسلامی“ نیکی کی دعوت عام  کرنے کے لئے  مَساجِد آباد کرنے کا بھی عَزم رکھتی ہے ، اِسی مقصد کےلئے اِنفرادی اور اِجتماعی کوششوں کے ذریعے عاشقانِ رسول کو نمازِ باجماعت کے لئے مساجد کا رُخ کر نے کی ترغیب دی جاتی ہے ۔ مختلف مساجد میں بعد نمازِ فجر مَدَنی حلقہ اور کسی نمازکے بعد درسِ فیضانِ سنّت کی ترکیب ہوتی ہے، اِس کے علاوہ  ہفتہ وار سنّتوں بھرے اِجتماعات اور  مختلف مواقع پر ہونے والے تربیتی  اجتماعات بھی مساجد میں ہوتے ہیں ،مدنی مذاکرہ  بھی مسجد (یعنی عالمی مَدَنی مرکز فیضانِ مدینہ) میں ہوتا ہے، سنّتوں کی تربیَت کے لئے دنیا بھر میں سفر کرنے والے  عاشقانِ رسول  کے مدنی قافلے بھی عُموماً مساجد ہی میں ٹھہرتے ہیں، جو مساجد  آباد کرنے کا ایک بہترین ذریعہ ہیں۔ ہمارے پیارے آقا، مکّی مدنی مصطَفےٰ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے مسجدیں بنانے کی ترغیب دیتے ہوئے  ارشاد فرمایا: (1) جو اللہ  پاک کے لئے مسجد بنائے گا اللہ پاک اس کے لئے جَنّت میں گھر بنائے گا۔ (مسلم ، ص1218، حدیث:7471) (2)مسجدیں تعمیر کرو اور انہیں محفوظ بناؤ۔ (مصنف ابن ابی شیبہ، ج1، ص344، حدیث:9) میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!دعوتِ اسلامی جہاں”مسجِد بھرو تحریک“ ہے وہاں”مسجِد بناؤ تحریک“ بھی ہے، دعوتِ اسلامی کی ”مجلس خُدّامُ المساجد“مساجد کی تعمیر، آباد کاری اور مسجد کے عملے(Staff) کے مشاہروں (Salaries) کے انتظامات وغیرہ کے لئے کوشاں ہے، اَلْحَمْدُ لِلہِ! 2017 ء میں پاکستان میں 723مساجد تعمیر کی گئیں جبکہ رواں (یعنی جاری سال) سال 2018ء میں اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ 1200مساجد بنانے کا ہَدَف ہے جن میں سے 591 مساجد کا تعمیراتی کام جاری ہے جبکہ مساجِد بنانے کے لئے 547 پلاٹس(Plots) حاصل کئے جاچکے ہیں۔

کر مسجدیں آباد تری قبر ہو آباد                      فردَوس عطا کرکے خدا تجھ کو کرے شاد

اپنی آخرت سنوارنے کیلئے آپ بھی مساجد کی تعمیر میں حصّہ لیجئے۔ مجلس خدام المساجد (دعوتِ اسلامی)سے رابطہ کے لئے:

موبائل نمبر:03130143472 واٹس اپ: 03463622219 Email:masajid@dawateaslami.net


Share

Articles

Comments


Security Code