غصّہ مت کرو

ایک شخص نےنبیِّ کریم   صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سےعرض کی:مجھے نصیحت کیجئے،آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نےارشاد فرمایا:لاتَغْضَبْ یعنی غصّہ مت کرو،اس شخص نے بار بار یہی بات کہی،آپ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے (ہر بار یہی) جواب دیا کہ غصّہ مت کرو ۔(بخاری،ج 4،ص131، حدیث: 6116)

پیارے بچّو!آج اسکول، گھر اور بازاروں میں اکثر جھگڑے غصّے کی وجہ سے ہوتے ہیں، اگرہم اس حدیثِ پاک پر عمل کرتے ہوئے اپنی ذات کے لئے غصّہ نہ کریں تو ہر طرف امن و سکون ہو جائے۔بعض بچّوں کی تو عادت ہوتی ہے کہ وہ بات بات پر غصّہ کرتے ہیں: صبح سویرے امّی جان نے اُٹھایا تو غصّہ کہ مجھے اتنی جلدی کیوں اُٹھا دیا! ناشتے میں پراٹھا بنا ہو تو ٹوسٹ (Toast) نہ ملنے کا غصّہ،اسکول وین میں ونڈو سیٹ (Window Seat) نہیں ملی تو غصّہ، کلاس میں  ٹیچر  نے ڈانٹ دیا تو غصّہ، گھر پہنچ جانے کے  بعد امّی نے اسکول کا یونیفارم چینج کرنے کا کہا تو غصّہ، ہوم ورک(Home Work) کے وقت میں کھیلنے سے منع کیا تو غصّہ، گندے بچّوں کے ساتھ کھیلنے سےروکا تو غصّہ،رات کو جلدی سونے کا کہا گیا تو غصّہ۔گویا غصّہ بعض بچّوں کے ذہن و دماغ پرچھایا رہتا ہے جبکہ ہمارے پیارے نبی حضرت محمدمصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا تو ارشادِ پاک ہے: لاتَغْضَبْ یعنی غصہ مت کرو۔لہٰذااچّھے بچّےنفس کیلئے غصّہ نہیں کرتے،اگر آپ بھی اچّھے بچّے بننا چاہتے ہیں تو اپنے غصّے کو قابو میں رکھا کریں  اور اس حدیثِ پاک پر عمل کرکے خوب ثواب کمائیں۔

پیارے بچّو!غصّہ نہ کرنے اورمعاف کر نے کےفضائل کے جاننے  کیلئےامیرِ اہلِ سنّت علّامہ محمد الیاس عطّار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کا رِسالہ ”غصےکا علاج“ پڑھئے۔

_______________________

٭…خضر حیات عطار ی مدنی     

٭…مدرس جامعۃ المدینہ ،ملتان     


Share

Articles

Comments


Security Code