آؤ بچو! حدیث رسول سنتے ہیں

صبر وشکر

* مولانامحمد جاوید عطّاری مدنی

ماہنامہ ستمبر 2021

اللہ پاک کے آخری نبی محمدِ عربی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے فرمایا :

اُنْظُرُوْا اِلٰى مَنْ هُوَ اَسْفَلَ مِنْكُمْ

 یعنی (دنیاوی اعتبار سے) اپنے سے کم مرتبہ لوگوں کو دیکھو۔ (مسلم ، ص 1211 ، حدیث : 7430)

پیارے بچّو! دنیا میں ہر طرح کے لوگ پائے جاتے ہیں ، بیمار اور تندرست ، خوش حال اور تنگ دست ، امیر اور غریب ، یہ سب اللہ پاک کی تقسیم کاری ہے جس کو جیسے چاہے رکھے۔

ایک مرتبہ اللہ کے نیک بندے شیخ سعدی  رحمۃُ اللہِ علیہ  کے پاس پہننے کے لئے جوتے نہ تھے تو تھوڑا غم زدہ ہوگئے۔ اللہ پاک کی قدرت کہ اسی وقت ان کی نظر ایسے شخص پر پڑی جس کے دونوں پاؤں ہی نہ تھے۔ یہ دیکھ کر انہوں نے اللہ پاک کا شکرادا کیا اور جوتے نہ ہونے پر صبر کیا۔ (حرص ، ص178 ماخوذاً)

اچھے بچّو! کسی کے پاس  اچھے کپڑے ، پسندیدہ کھلونے یا کوئی کھانے پینے کی چیز دیکھ کر مایوس ہونے کے بجائے ہمیں یہ دیکھنا چاہئے کہ ایسے بچے بھی ہیں جن کے پاس کھانے کے لئے پیسے نہیں ہیں ، پہننے کے لئے کپڑے نہیں ہیں ، ہمارے ابو نے جو ہمیں لے کر دیا ہے اس پر اللہ پاک کا شکر ادا کرنا چاہئے ، آپ کو پتا ہے کہ شکر کرنے سے ہمارا رب خوش ہوتا اور مزید نعمتیں بھی عطا فرماتا ہے۔

اللہ پاک ہم سب کو صبر و شکر کے ساتھ زندگی گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔

اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ، ماہنامہ فیضانِ مدینہ ، کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code