جنّت کی گارنٹی

آؤ بچو حدیث رسول سنتے ہیں

جنت کی گارنٹی

*مولانامحمد جاوید عطاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ جولائی 2023

ہمارے پیارے اور آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا : مَنْ يَكْفُلُ لِي اَنْ لَا يَسْأَلَ النَّاسَ شَيْئًا ، وَاَتَكَفَّلُ لَهُ بِالْجَنَّةِ یعنی جو لوگوں سے کچھ نہ  مانگنے کی ضمانت  ( گارنٹی ) دے ، میں اسے جنت کی ضمانت دیتا ہوں۔  ( ابوداؤد ، 2 / 170 ، حدیث : 1643 )

اپنی ضرورت کی اشیاء ہر کسی سے مانگتے رہنا اچھی بات نہیں ہے ، دیکھنے والے افراد ایسے بچوں کو  اچھا نہیں سمجھتے ، کثرت سے سوال کرنے   ( مانگنے )  والے کو اللہ پاک بھی پسند نہیں فرماتا۔

بعض بچوں کی عادت ہوتی ہے کہ  ہر کسی سے  مختلف چیزیں مانگتے رہتے ہیں مثلاً کسی بچے کو کوئی چیز کھاتے دیکھا تو مانگ لی ، اسکول میں پین ریزر وغیرہ مانگ لیا ، گھر میں آئے ہوئے مہمان سے پیسے مانگ لئے ۔

پیارے بچّو ! ایسے بچوں کو کوئی بھی اچھا بچہ نہیں کہتا۔ کسی سے بلاوجہ  کھانے پینے کی یا استعمال کی چیزیں مانگنا اور بار بار  مانگتے رہنا اچھی عادت نہیں ، ایسے بچّوں کی نظر ہر وقت دوسروں پر ہوتی ہے اسی بنا پر وہ کسی اجنبی سے  بھی چیز لے کر کھا لیتے ہیں  بعض اوقات اس میں کچھ ملا ہوا  ہوتا ہے جس سے نقصان پہنچ سکتا ہے ۔

اچّھے بچّو ! آپ اس طرح لوگوں سے چیزیں نہ مانگئے  اور نہ ہی کسی اجنبی کی دی ہوئی کوئی چیز کھایئے ، بلکہ جو آپ کے اَبُّو اَمّی نے  آپ کو دیا ہے وہی کھایئے  اسی پر صبر کیجئے اور اللہ پاک کا شکر ادا کیجئے اگر پھر بھی کسی چیز کی ضرورت ہو تو اپنے اَمّی ابُّو سے مانگئے۔

اللہ پاک ہمیں لوگوں سے مانگنے والی عادت سے بچتے رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔

اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ، ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code