شریعت کے مسائل کیسے سیکھیں؟

دینِ اسلام نے ہمیں زندگی گزارنے کے اُصول  بیان کئے اورکسی بھی  مسئلے  کے بارے میں  رہنمائی حاصل کرنے کے لئے اہلِ علم  کی طرف رجوع کرنا اور اپنی ضرورت کے مسائل سیکھنا لازم قرار دیا ہے۔ شرعی مسائل کیسے سیکھیں؟ اس سلسلے میں یہ مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

(1)مطالعے کا معمول بنائیے فقہی کتابوں کا مطالعہ کرتے رہنا شرعی  مسائل سیکھنے کا ایک  ذریعہ  ہے۔ ابتدا میں مطالعے کاآغاز اسلامی بھائی ”نماز کے احکام“ اور اسلامی بہنیں”اسلامی بہنوں کی نماز“سے کریں۔ پھرمکتبۃ ُ المدینہ کی شائع شدہ ”بہارِ شریعت“ کامطالعہ شروع کیجئے، یاد رکھئے! بہارِ شریعت کی ترتیب نہایت عمدہ اور  اعلیٰ ہے،  اس کی ترتیب کے مطابق  مسائل  سیکھنے کی برکت سےعلمِ دین کا انمول  خزانہ  ہاتھ آتا ہے۔فقہی ذوق اورغور و فکر کی صلاحیت بڑھانے کے لئے” فتاویٰ رضویہ“ کامطالعہ حد درجہ مفید ہے۔

(2) علما کی صحبت سےفیض پائیے کئی  مسائل ایسے ہوتے ہیں جو صرف مطالعے (Study) سےسمجھ نہیں آتے، ان مسائل کو سیکھنےاورسمجھنے کے لئے  علمائے اہلِ سنّت سے مربوط (Connected) رہئے تاکہ مسئلےکو بر وقت  حل  کیا جاسکے۔ مدنی چینل بھی علمائے کرام کی صحبت پانے کاذریعہ ہے۔ مدنی چینل کے ایسے سلسلے بھی ہیں جن میں  شرعی  مسائل  کےحل بیان کیے جاتے ہیں، بالخصوص  ہفتہ  وار”مدنی مذاکرہ“ اور ”دارالافتاء اہلِ سنّت“ شرعی مسائل کو عام فہم انداز میں  بیان کرنے میں اپنی مثال آپ ہے۔ اِن  سلسلوں کودیکھنا اور اِن میں  بیان کردہ  شرعی  مسائل کو لکھ کر محفوظ کرلینا علم میں اضافے کاسبب بنے گا۔ کسی  بھی چھوٹے یا بڑے مسئلے کے حل کےلئے مفتیان ِکرام  کی  بارگاہ  میں  ہاتھوں ہاتھ حاضر ہونے یا  رابطہ کرنے کی عادت  بن گئی  تو  اللہ  پاک  کی رحمت سے دنیا وآخرت میں  بہت آسانی  رہے گی۔اس سلسلے میں دعوتِ اسلامی  کی مجلس آئی ٹی کی جانب سے پیش کی جانے والی  ایپلی کیشنز مثلاً دار الافتاء اہلِ سنّت، مدنی مذاکرہ وغیرہ  اور مکتبۃ المدینہ سے شائع ہونے والی کتابیں بھی  مفید ثابت ہوں گی۔

(3) ہمّت مت ہارئیے ہمیشہ یاد رکھئے کہ سیکھنے کا تعلّق حاضردماغی، مسلسل کوشش اور مستقل مزاجی پر ہے اور یہ تینوں  چیزیں آپ کی ہمّت  اور  حوصلے  سے جُڑی ہیں  لہٰذا  شرعی  مسائل  سیکھنے میں  ہمّت مت ہارئیے، اِس راہ میں  بچھائے جانے والے مشکلات کےکانٹوں کوحکمت کے ہاتھوں  سے نکال لیجئے اور بارگاہ ِ الٰہی میں آسانی کی دُعاکرتے  ہوئے آخری دم  تک  شرعی  مسائل  سیکھنے کے عمل کو جاری رکھئے، اِس مسلسل کوشش کے نتیجے میں  آپ کا ذوق و شوق بھی  سلامت رہے گا اورعلم میں اضافےکے سبب عمل میں بھی دُرستی قائم  رہے گی۔ اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ  وَجَلَّ

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

٭…ذمہ دارشعبہ  فیضان اولیا وعلما،المدینۃ العلمیہ باب المدینہ کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code