تفسیر جلالین کے مؤلفین

تفسیرِجلالین وہ عظیم الشان عربی تفسیر ہےجو عرصۂ دراز سے درسِ نظامی(عالم کورس)کے نِصاب (Syllabus) میں شامل ہے۔اس تفسیر میں صحیح ترین قول ذِکْر کرنے کااہتمام کیا گیاہے جیساکہ اعلیٰ حضرت امام احمدرضا خان عَلَیْہِ رَحمَۃُ الرَّحْمٰن  فرماتےہیں:مطلبِ اَصَح جس کے مطالَعَہ کوجلالین کہ اَصَحُّ الْاَقْوال پر اِقْتِصار کا جن کو اِلْتِزام ہے سرِدَسْت بس ہے، ہاتھ سے نہ جائے۔(فتاویٰ رضویہ،ج26،ص457)تفسیرِ جلالین کس نے لکھی؟ تفسیرِ جلالین دوبزرگوں کی کاوش کانتیجہ ہے۔جمہور(یعنی اکثر علما) کے قول کے مطابق سورۂ بَقَرَہ سے لیکر سورہ اِسْراء (یعنی سورۂ  بنی اسرائیل)کے آخر تک حضرت سیِّدُناامام جلال الدین عبدالرحمن سیوطی شافعی  عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہ ِالْقَوِی (متوفی 911ھ) نے جبکہ سورۂ کہف سےلیکرسورۂ ناس تک بَشمول سورہ ٔفاتحہ کی تفسیرحضرت سیدنا امام جلال الدّین محمد محلی شافعیعَلَیْہِ  رَحمَۃُ اللّٰہ ِالْقَوِی  (متوفی864ھ) نے تحریر فرمائی۔اس قول کی تائید میں تین عبارات پیشِ خدمت ہیں:(1)تفسیرِ جلالین پرتحریرکردہ حاشیۂ جَمل میں ہے:واَمّا الفاتِحةُ ففَسَّرَهاالمَحَلّي فجَعَلَهاالسُّيوطِي في آخِرِ تفسيرِ المَحَلّي لِتَكُونَ مُنضَمّةً لِتفسيرِهِ وابتَدَاَ هو مِن اَوّلِ الْبَقَرة یعنی سورۂ فاتحہ کی تفسیر امام جلال الدین محلی نے تحریر فرمائی۔ امام جلال الدین سیوطی نے اِسے امام محلی کی تفسیر کے آخر میں رکھا تاکہ ان کی تحریر کردہ تفسیر ایک ساتھ رہے اور خود امام سیوطی نے سورۂ بقرہ کی ابتدا سے تفسیر کا آغاز فرمایا۔(حاشیہ جمل،ج1،ص10) (2)اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُاللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں: جلال سیوطی(رَحْمَۃُاللّٰہِ عَلَیْہ) سجدۂ آدم میں فرماتے ہیں: وَ اِذْ قُلْنَا لِلْمَلٰٓىٕكَةِ اسْجُدُوْا لِاٰدَمَ سُجُوْدَ تَحِیّۃٍ بِالْاِنْحِنَاءِ (فتاویٰ رضویہ،ج22،ص522) مذکورہ عبارت تفسیرِ جلالین میں دوجگہ یعنی سورۂ بقرہ (پارہ 1)اور سورۂ اسراء (پارہ15) میں ہے، معلوم ہوا کہ ان دونوں سورتوں کی تفسیر حضرت سیدنا امام جلال الدین سیوطی شافعی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہ ِالْقَوِی نے تحریر فرمائی ہے۔ (3)اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُاللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ نے ایک اور مقام پر ارشاد فرمایا:جلال محلی (رَحْمَۃُ اللّٰہِ عَلَیْہ) سورۂ کہف میں فرماتے ہیں: وَ اِذْ قُلْنَا لِلْمَلٰٓىٕكَةِ اسْجُدُوْا لِاٰدَمَ   سُجُوْدَ انحناءٍ لا وضع جَبھۃٍ (فتاویٰ رضویہ،ج22،ص522) اس عبارت سے معلوم ہوا کہ سورۂ کہف (پارہ15) کی تفسیرحضرت سیدنا امام جلال الدین محلی شافعی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہ ِالْقَوِ ی  نے تحریر فرمائی ہے۔مذکورہ تینوں عبارات اور ان کے علاوہ دیگر کثیر دلائل سے تفسیرِ جلالین کی تصنیف سے متعلق جمہور علما کے قول کی تائید ہوتی ہے۔ذکرِ جلالین:٭حضرت سیدنا امام جلال الدین محمدبن احمد محلی شافعی  عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہ ِالْقَوِی 791ھ میں مصر میں پیداہوئے اور864ھ میں وِصال فرمایا۔آ پ حق بات کرنے میں کسی کی رعایت نہیں فرماتے تھے،آپ کو  قَاضِی الۡقُضَاۃ (چیف جسٹس)کے عہدے کی پیشکش بھی ہوئی لیکن اسے قبول نہ فرمایا۔کثیر کتابیں تصنیف فرمائیں جن میں سے تفسیرِ جلالین زیادہ مشہور ہے ٭حضرت سیدنا امام جلال الدین  عبدالرحمن سیوطی شافعی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہ ِالْقَوِی  کی ولادت849ھ جبکہ وصال911ھ میں ہوا۔آپ نے تقریباً بائیس(22)سال کی عمر میں فقط چالیس دن یعنی یکم رَمَضان المبارک سے لیکر دس شوال المکرم (870ھ) تک کی مدت میں لگ بھگ پندرہ(15) پاروں کی یہ عظیم الشان تفسیر مکمل فرمائی۔(حاشیہ جمل،ج4،ص380)تفسیرِ جلالین پر حواشی: کثیر علمائے کرام نے اس پر تعْلِیقات اور حواشی تحریر فرمائے جن میں سے حاشیہ جَمَل، حاشیہ صاوی اورحضرت علامہ علی بن سلطان محمد قاری عَلَیْہِ رَحمَۃ اللّٰہ ِالْبَارِی  کاحاشیہ جَمَالَیْن بالخصوص قابلِ ذکر ہیں۔

تفسیرِ جلالین اور اَلْمَدِیْنَۃُ الْعِلْمِیَّۃُ: دعوتِ اسلامی کے شعبے المدینۃ  العلمیہ میں ”اَنْوار الحرمین“ کے نام سے تفسیرِ جلالین کے حاشیے پر کام جاری ہے۔ جو کہ چھ جلدوں میں مکمل ہوگا۔ تادمِ تحریر دوجلدیں منظرِ عام پر آچکی ہیں،  جو مکتبۃ المدینہ سے ہدیۃ ًطلب کی جاسکتی ہیں۔


Share

Articles

Comments


Security Code