کھجوروں کا گچھا

ایک واقعہ ایک معجزہ

کھجوروں کا گُچّھا

* مولانا محمد ارشد اسلم عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ جون 2022ء

اتنی ساری کھجوریں!! صُہیب فریج کھولے کھڑا تھا اور حیرت سے کھجوروں کو دیکھ  کرکہہ رہا تھا۔ اس نے ایک کھجور منہ میں ڈالی اور دوسری ہاتھ میں لیتے ہوئے کہا : آپی یہ اتنی ساری کھجوریں کون لے کرآیا ہے۔ اُمِّ حبیبہ نے کہا : داداجان نے منگوائی ہیں۔

صہیب نے کہا : روزوں کا مہینا تو ہے نہیں! پھر داداجان نے اتنی ساری کھجوریں کیوں منگوائی ہیں؟ خُبیب نے فوراًکہا : اب یہ تو داداجان ہی بتائیں گے۔

شام کے وقت خبیب اورصہیب ٹیوشن سے واپس آئے تو اُمِّ حبیبہ نے کہا : دادا جان آگئے ہیں ، میں تمہارا ہی انتظار کررہی تھی ، جلدی سے بیگ رکھو پھر دادا جان کے پاس چلتے ہیں۔ خبیب نے بیگ رکھتے ہوئے کہا : بسایکمنٹ ، میں پانی پی کرآیا۔

دادا جان کمرے میں بیٹھے کھجوریں کھارہے تھے ، تینوں کو آتا دیکھ کر کہا : پہلے کھجوریں کھاؤ گے یا کچھ پوچھوگے؟ اُمِّ حبیبہ حیرت سے بولی : دادا جان آپ کو کیسے پتا چلا؟ داداجان نے مسکراتے ہوئےکہا : جب تم ایک ساتھ آتے ہو تو میں سمجھ جاتا ہوں ، ضرور کوئی بات پوچھنے کے لئے آئے ہو۔ اب بتاؤ! کیا بات پوچھنی ہے؟

خبیب نے کہا : دادا جان! آپ نے اتنی ساری کھجوریں کیوں منگوائی ہیں؟ دادا جان نے کہا : مجھے تو اس سے زیادہ منگوانی چاہئے تھیں ، اُمِّ حبیبہ نے کہا : وہ کیوں؟ دادا جان نے کہا : کھجور کے بہت زیادہ فائدے ہیں ، جب آپ لوگ سُنیں گے تو ایک دن میں ہی کھجوریں ختم کردیں گے۔ اُمِّ حبیبہ نے کہا : سچ میں داداجان!!! تو پھر ہمیں جلدی سے بتائیے۔ یہ کہہ کر تینوں نے جلدی سے ایک ایک کھجور اُٹھالی۔

دادا جان نے کہا : ہمارے پیارے نبی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کو کھجور بہت پسند تھی ، (1)کھجور میں بہت ساری بیماریوں کا علاج ہے جیسے : کھانسی ، جگراوردل کی بیماری (2)کھجور کھانے سے زخم جلدی ٹھیک ہوجاتےہیں (3) کھجورپیلیا کی بہترین دوا ہے (4) جو بھوکا رہ کر کمزور ہوگیا ہو اس کے لئے کھجور کھانا فائدہ مند ہے (5) کھجور کو دودھ میں اُبال کرکھانے سے بہت طاقت حاصل ہوتی ہے۔ یہ تو کھجور کے فائدے تھے ، اگر کھجور کی گُٹھلی جلاکر پاؤڈر بنالیا جائے تو اس کے بھی فائدے ہیں۔ وہ بھی سن لو !(1)اگر اس پاؤڈرسے دانت صاف کئے جائیں تودانت سفیداور چمکدار ہوجاتے ہیں (2)اس کاپاؤڈرلگانے سے زخم کا خون بند ہوتا اور زخم بھر جاتا ہے۔

داداجان فائدے بتاکر خاموش ہوئےپھر کچھ دیر بعد خود ہی بولے ، میں تمہیں اللہ پاک کے آخری نبی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا ایک معجزہ سُناتا ہوں :

ہمارے پیارے نبی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے پاس ایک آدمی آیا اور کہنے لگا : “ میں کیسے مان لوں کہ آپ اللہ کے نبی ہیں؟اُمِّ حبیبہ ایک دَم سے بولی : اس آدمی نے ایسے کیوں کہا؟دادا جان نے کہا : کئی کافرلوگ ہمارے پیارے نبی سے ایسے سوال کرتے تھے اور کچھ لوگ تو کوئی نشانی بھی مانگتے تھے ، کہتے تھے ، اگر آپ اللہ پاک کے نبی ہیں تو کوئی نشانی دکھائیں ، پھر آپ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  معجزہ دکھاتے تھے ، اس کے بعدکئی خوش نصیب لوگ مسلمان ہوجاتے تھے۔

خبیب نے کہا : کیا ہمارے پیارے نبی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے اسے معجزہ دکھایا تھا؟ داداجان نے کہا : جی بالکل دکھایا تھا۔ وہاں پاس میں ایک کھجور کا درخت تھا ، جس پر بہت ساری کھجوریں لٹکی ہوئی تھیں۔ ہمارے پیارے نبی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے اس آدمی سے فرمایا : اگر میں اس کھجور کے گچھے کو بلاؤں اور وہ میرے پاس آجائے تو پھر تم مجھے الله كا رسول مان لوگے؟ اُس آدمی نے کہا : جی ہاں۔

ہمارے پیارے نبی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے کھجور کے گچھے کو بلایا ، وہ گچھا درخت سے اُتر کر آپ کے پاس آگیا پھر آپ نے اسے حکم دیا تو وہ واپس جاکر درخت میں اپنی جگہ پر لگ گیا۔ آپ کا یہ معجزہ دیکھ کر وہ آدمی فوراً مسلمان ہوگیا۔  (ترمذی ، 5 / 359 ، حدیث : 3648 ، معجم الکبیر للطبرانی ، 12 / 86 ، حدیث : 12622)

سب نے خوش ہوکر سُبْحٰنَ اللہ کہا۔ پھر اُمِّ حبیبہ نے پوچھا : دادا جان آپ کو اور کھجوریں لاکر دوں؟ دادا جان نے فوراً کہا : اچھا! ایک بات تو میں بتانا بھول ہی گیا؟ تینوں ایک ساتھ بولے : دادا جان کون سی بات؟ دادا جان نے بتایا : کھجور زیادہ مت کھانا ورنہ طبیعت خراب ہوجائے گی۔ صہیب نے کہا : تو پھر کتنی کھائیں؟ دادا جان نے مسکراتے ہوئے کہا : میرے  خیال سے 3 ، 3 کافی ہیں۔

صہیب نے کہا : بس دادا جان آج سے ہم اتنی کھجوریں کھائیں گے ، یہ کہتے ہوئے بچّے کھجوریں کھانے چلے گئے۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ، ذمہ دار شعبہ بچوں کی دنیا (چلڈرنزلٹریچر) المدینۃ العلمیہ ، کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code