مُردہ بچی زندہ کردی

ایک واقعہ ایک معجزہ

مُردہ بچی زندہ کردی

*مولانا ابوشیبان عطاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ نومبر2023


جمعۃُ المبارک کے دن چونکہ 12 بجے ہی اسکول کی چھٹی ہوجاتی تھی اس لئے آج صہیب اور خُبیب دونوں بھائی سوا بارہ بجے ہی گھر پہنچ چکے تھے اور 15 منٹ سے دادا جان کے کمرے میں بیٹھے ان کا بے تابی سے انتظار کر رہے تھے۔

دادا جان! آج ہم نے آپ سے ڈھیر ساری باتیں کرنے کا پلان بنایا ہے۔ کمرے میں داداجان کے داخل ہوتے ہی سلام کے فوراً بعد صہیب نے اِٹھلاتے ہوئے کہا۔

وہ تو ٹھیک ہے  بیٹا! مگرپہلے آپ لوگ یہ بتائیں کہ آج کونسا دن ہے۔دادا جان نے دونوں کے سلام کا جواب دے کر انہیں پیار سے چُمکارتے ہوئے کہا۔

جمعۃُ المبارک! دونوں پُرجوش انداز میں بَیَک زبان بول اُٹھے۔

دادا جان: تو پھر پہلے آپ دونوں جلدی سے نہا دھو کر نمازِ جمعہ کی تیاری کریں اور میرے ساتھ مسجد چلیں تاکہ ہم مکمل بیان سُن سکیں ، باتیں واپس آکر کریں گے۔

تھوڑی ہی دیر میں صہیب اور خُبیب نہانے کے بعد اُجلا سفید لباس اور عمامہ شریف پہن کر دادا جان کے ساتھ مسجد روانہ ہوچکے تھے۔

***

مسجد سے واپسی کے بعد کھانے سے فارغ ہوکر دونوں بھائی دادا کے کمرے کی طرف لپکے، دادا جان انہیں دیکھ کر مسکراتے ہوئے ”ڈھیر ساری“ باتوں کے لئے تیار ہوگئے ۔اسی دوران اُمِّ حبیبہ دادا کے لئے گرین ٹی کا کپ لے کر آئی اور اسے سائیڈ ٹیبل پر رکھ کر داداجان کے پہلو میں بیٹھ گئی۔

صہیب: داداجان! آج جمعہ کے بیان میں امام صاحب نے تقریرمیں بتایا تھا کہ اللہ پاک نے سب سے آخری نبی ، مکی مدنی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو پہلے کے تمام انبیائے کرام علیہمُ السّلامکے معجزے دئیے تھے۔

دادا جان: جی ہاں ! ایسا ہی ہے تبھی تو پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو جامعُ المعجزات بھی کہا جاتا ہے ، اس کا یہی مطلب بنتا ہے کہ آپ علیہ السّلام  تمام معجزات والے ہیں۔

صہیب: تو کیا ہمارے پیارے نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے حضرت عیسیٰ علیہ السّلام کی طرح کسی مردے کو  بھی زندہ کیا ہے؟

اس سے پہلے کے دادا جان قہوے کا کپ رکھ کر کچھ  کہتے، فوراً اُمِّ حبیبہ  اپنی بہترین یاد داشت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بولی: بھائی جان !کیا آپ کو یاد نہیں کہ ایک بار دادا جان نے خُبیب بھائی کے ایک سوال پر ہم تینوں کو حضور علیہ السّلام کے جامعُ المعجزات والی بات بتا ئی تھی اور حضرت سیدنا جابر رضی اللہ عنہ کے دو بیٹوں کو زندہ کردینے والا معجزہ بھی سُنایا تھا۔

خُبیب: ہمم!! مجھے بھی یاد ہے۔

داداجان: صہیب بیٹا ! کیا آپ کو یاد آگیا وہ معجزہ؟

صُہیب: جی دادا جان ! مجھے بھی یاد آچکا ہے۔

دادا جان: (مسکراتے ہوئے)مگر ہمارے پیارے نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ایک سے زیادہ بار مُردوں کو زندہ فرمایا ہے،  آج میں آپ کو اسی بارے میں ایک اور دلچسپ واقعہ سُناتا ہوں: ایک بار ہمارے پیارے نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ایک شخص کو اسلام قبول کرنے کی دعوت دی تو اس نے اسلام قبول کرنے کے لئے  اپنی ایک فوت شدہ بیٹی کو زندہ کرنے کی شرط رکھ دی، کہنے لگا کہ میں تو اس وقت اسلام لاؤں گا جب آپ میری خاطر میری بیٹی کو زندہ کردیں گے۔ صہیب نے بے تابی سے سوال کیا کہ دادا جان کیا ہمارے پیارے نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اس آدمی کی یہ شرط مان گئے؟

دادا جان مسکراتے ہوئے بولے جی ہاں! ہمارے پیارے نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا کہ مجھے اس کی قبر دکھاؤ، اس شخص نے اپنی بیٹی کی قبر دکھائی تو آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے اس کی بیٹی کو آواز دی ، جس پر لڑکی نے قبر کے اندر سے ”لَبَّیْکَ وَ سَعْدَیْک “  کہہ کر جواب دیا، ہمارے پیارے نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے اس سے پوچھا کہ کیا تم اس دنیا میں واپس آنا چاہتی ہو؟ اس لڑکی نے عرض کی: یارسول اللہ میں نے اللہ پاک کو اپنے والدین سے اور آخرت کو دنیا سے زیادہ بہتر پایا ہے اس لئے میں دنیا میں واپس نہیں آنا چاہتی۔(السیرۃ الحلبیہ، 3 / 413)

معجزہ سُن کر صہیب، خُبیب اور اُمِّ حبیبہ تینوں جوشِ عقیدت سے بلند آواز میں بولے: سُبْحٰنَ اللہ! سُبْحٰنَ اللہ! سُبْحٰنَ اللہ!

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

*فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ، ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code