مدرسۃ المدینہ بالغان

فرمانِ مصطفےٰصلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہے: جس نے قراٰن پڑھا اور اسے سیکھا اور اس پر عمل کیا اس کے والدین کو قیامت کے دن نور کا ایک ایسا تاج پہنایا جائے گا جس کی چمک سورج کی طرح ہوگی اور اس کے والدین کو دوحُلّے(جنّتی لباس) پہنائے جائیں گے جن کی قیمت یہ دنیاادا نہیں کرسکتی تو وہ پوچھیں گے:ہمیں یہ لباس کیوں پہنائے گئے ہیں؟ ان سے کہاجائے گا:تمہارے بچوں کے قراٰن کو تھامنےکے سبب۔(مستدرک للحاکم،ج2،ص278،حدیث:2132)

میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!قراٰن کریم اللہ عَزَّ  وَجَلَّ کا کلام ہے اور سب سے افضل کتاب ہے۔ قراٰنِ کریم چونکہ عربی زبان میں نازِل ہوا ہے لہٰذااسے عربی لب و لہجے میں ہی پڑھنے کا حُکْم ہے،مگر بدقسمتی! کہ مَخَارِج کی دُرُسْتی کے ساتھ عربی لب و لہجے میں اب قراٰنِ کریم پڑھنے والے بَہُت ہی کم ہیں۔یاد رکھئے! دُرُسْت مَخَارِج کے ساتھ قراٰن پڑھنا فَرْض ہے۔ اکثر لوگ ط ت، س ص ث، ا ء ع، ہ ح، ض ذ ظ میں کوئی فرق نہیں کرتے۔ یاد رکھئے! حروف بدل جانے سے اگر معنی فاسد ہوگئے تو نماز نہ ہوگی۔(بہارِ شریعت،ج1،ص557، ملخصاً) جس سے حروف صحیح ادا نہیں ہوتے اُس کے لئے تھوڑی دیر مَشْق کر لینا کافی نہیں بلکہ لازم ہے کہ حُروف کی درست ادائیگی کے لئے رات دن پوری کوشش کرے اور اگر صحیح پڑھنے والے کے پیچھے نماز پڑھ سکتا ہے تو جہاں تک ممکن ہو اس کے پیچھے پڑھے یا وہ آیتیں پڑھے جس کے حروف صحیح ادا کرسکتا ہو۔ اور یہ دونوں صورتیں ناممکن ہوں تو زمانۂ کوشش میں اس کی اپنی نماز ہو جائے گی۔ آج کل کافی لوگ اس مرض میں مبتلا ہیں کہ نہ انہیں قراٰن صحیح پڑھنا آتا ہے نہ سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ یاد رکھئے اس طرح نمازیں برباد ہوتی ہیں۔ (بہارِ شریعت،ج1،ص570ملخصاً)

لہٰذا ہِمَّت کیجئے! اور دُرست مخارج کے ساتھ قراٰن پاک پڑھنا سیکھئے اور اس کی تلاوت بھی کیجئے ۔

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَزَّ  وَجَلَّ!تبلیغِ قراٰن و سنّت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک دعوتِ اسلامی میں تعلیمِ قراٰنِ کریم کو اَوَّلِین ترجیح حاصِل ہے اس وَقْت دعوتِ اسلامی ملک و بیرونِ ملک مُتَعَدَّد شعبہ جات کے ذریعے تعلیمِ قراٰنِ کریم میں سرگرمِ عَمَل ہے۔ چنانچہ دعوتِ اسلامی کے ذیلی حلقے کے 12 مَدَنی کاموں میں سے روزانہ کا ایک مَدَنی کام مدرسۃ المدینہ بالِغان میں شرکت کرنا بھی ہےجس میں بالغ اِسْلَامی بھائیوں کو دُرُسْت مَخَارِج کے ساتھ مَدَنی قاعدہ و قراٰنِ پاک کی تعلیم کے ساتھ ساتھ نَماز کے اَحْکام“سے وُضُو، غسل، نَماز، نَمازِ جنازہ،سنّتیں اورآداب کےساتھ ساتھ فَرْض عُلُوم سکھانے، مَدَنی دَرْس(درسِ فیضانِ سُنّت)دینے، روز مَرّہ کی دُعائیں یاد کروانے، مَدَنی اِنْعَامَات پر عَمَل کی ترغیب اورفِکْرِ مدینہ کرنے اور اِخْتِتامِ مجلس کی دُعا وغیرہ پڑھنے کا بھی سلسلہ ہوتا ہے۔تادمِ تحریر (رمضان المبارک 1438ھ  تک) ملک و بیرونِ ملک  مدرسۃ المدینہ بالِغان کی تعداد کم و بیش13 ہزار130ہے۔پچھلے 14 ماہ میں کم وبیش 3687 اِسلامی بھائی ناظرہ قراٰنِ کریم مکمل  کر چکے ہیں،جبکہ مَدَنی قاعدہ مُکَمَّل کرنے والوں کی تعداد کم و بیش13ہزار619 ہے۔

یہی ہےآرزوتعلیمِ قرآں عام ہوجائے

ہر اِک پرچم سے اونچا پرچمِ اسلام ہو جائے

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد


Share

Articles

Comments


Security Code