Book Name:Musibaton Pr Sabr ka Zehen kese Bane

اس کے علاوہ احادیثِ مبارَکہ میں بھی مصیبتوں،پریشانیوں اور بیماریوں پر صبرکے فضائل کو بیان کیا گیا ہے۔آئیے!صبر کا ذہن  بنانے کے لئے4 یار کی نسبت سے4فرامینِ مُصْطَفٰے صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ  سنئے،چنانچہ

مصیبتوں پر صبر کے فضائل پر مشتمل4فرامینِ مُصْطَفٰے صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ  

(1)ارشادفرمایا:اللہ پاک جس کے ساتھ بھلائی کا ارادہ فرماتا ہے اسے مصیبت میں مبتلا فرمادیتا ہے ۔  (بخاری، کتاب المرضی ،با ب ماجاء  فی کفارۃ المرض، رقم: ۵۶۴۵،۴/ ۴)

(2)ارشادفرمایا:بندے کو اپنی دِینداری کے اعتبار سے مصیبت میں مبتلا کیا جاتا ہے، اگر وہ دِین میں سخت ہوتا ہے تو اس کی آزمائش بھی سخت ہوتی ہے اور اگر وہ اپنے دِین میں کمزور ہوتا ہے تو اللہ  کریم اس کی دِینداری کے مطابق اسے آزماتا ہے۔بندہ مصیبت میں مبتلاہوتا رہتا ہے یہاں تک کہ اس دنیا ہی میں اس کے سارے گناہ بخش دئیے جاتے ہیں۔(ابن ماجہ،کتاب الفتن،باب الصبر علی البلاء،۴ /۳۶۹ ، رقم:۴۰۲۳)

(3)ارشادفرمایا:جب اللہ پاک کسی بندے سے محبت فرماتا ہے یا اسے اپنا دوست بنانے کا اِرادہ فرماتا ہے تو اس پر آزمائشوں کی با رش فرمادیتا ہے، پھر جب وہ بندہ اپنے ربّ کو پکار تا ہے،اے میرے ربِّ  کریم! تو اللہ  پاک فرماتا ہے:میرے بندے تُو جو کچھ مجھ سے مانگے گا میں تجھے عطا فرماؤں گا یا تو جلد ہی تجھے دے دوں گا یا اسے تیری آخرت کیلئے ذخیرہ کردوں گا۔(الترغیب والترہیب ، کتاب الجنائز، باب التر غیب فی الصبر...الخ،۴/۱۳۵ ،رقم:۵۲۲۵)