Book Name:Musibaton Pr Sabr ka Zehen kese Bane

(4)مصیبت پر صبر کاذہن بنانے کے لئے جہنم کے عذابات کو یاد کیجئے،یقیناً دنیا کی بڑی سے بڑی مصیبت بھی اس  کے سب سے ہلکے عذاب کے برابر بھی نہیں ہوسکتی۔نبی پاک صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا:دوزخیوں میں سب سے ہلکا عذاب جس کو ہو گا، اُسے آگ کے جوتے پہنائے جائیں گے جن سے اُس کا دماغ کھولنے لگے گا۔(بخاری،کتاب الرقاق،باب صفۃ الجنۃ والنار،۴/۲۶۲،حدیث:۶۵۶۱)

اِلٰہی! واسطہ پیارے کا، میری مغفرت فرما                                      عذابِ نار سے مجھ کو خدایا خوف آتاہے

(وسائلِ بخشش مرمم،ص۴۳۴)

(5)مصیبت پرصَبْر کا ذِہن بنانے کے لئے اپنے سے بڑھ کر مصیبت زدہ کے بارے میں غور کیا جائےکہ فلاں کے مقابلے میں میری تکلیف بہت کم ہے،یوں اپنی مصیبت ہلکی محسوس ہوگی اور صَبْر کرنا آسان ہوجائےگا۔

(6)مصیبت پر صَبْر کو آسان بنانے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ اس طرح اپنا ذِہن بنایاجائے کہ یہ مصیبت عارِضی(Temporary) اور ہلکی ہوکر جلد ختم ہوجا نے والی ہے مگر صَبْر کی صورت میں ملنے والا اجر وثواب کبھی خَتم نہ ہو گا۔لہٰذا صَبْر ہی میں بھلائی ہے۔

(7)مُصیبت آنے پر دل کو اللہ پاک سے ڈرانے،صَبْر پر استِقامت پانے اور غَلَط قدم اٹھانے سے خود کو بچانے کیلئے توبہ و استِغفار کرتے ہوئے ،یہ ذِہن بنائیے کہ مجھ پر جو مُصیبت نازِل ہوئی ہے یہ میرے بُرے اعمال کا نتیجہ ہے،جیسا کہ پارہ 25سورۃُ الشُّوْریٰ کی آیت نمبر30میں ربِّ کریم ارشاد فرماتا ہے:

وَ مَاۤ اَصَابَكُمْ مِّنْ مُّصِیْبَةٍ فَبِمَا كَسَبَتْ اَیْدِیْكُمْ وَ یَعْفُوْا عَنْ كَثِیْرٍؕ(۳۰) (پ۲۵،الشوریٰ:۳۰)

تَرْجَمَۂ کنز الایمان:اورتمہیں جو مصیبت پہنچی وہ اس کے سبب سے ہے جو تمہارے ہاتھوں نے کمایا اور بَہُت کچھ تو مُعاف فرما دیتا ہے۔