Book Name:Ramazan Ki Amad Marhaba

ہاتھ کا گناہ

ہاتھوں کو ربِّ کریم کی نافرمانی میں استعمال کرنا ہاتھوں کا گناہ ہے ،لہٰذا ہماری یہی کوشش ہو کہ کسی پر ظلماً ہاتھ نہ اُٹھیں،رِشوت لینے دینے کے لئے نہ اُٹھیں، نہ کسی کامال چُرائیں،نہ تاش کھیلیں نہ پتنگ اُڑائیں، نہ کسی نامحرم عورت سے مصافحہ کریں۔(بلکہ لذّت آتی ہو تو اَمرد سے بھی ہاتھ نہ ملائیں)۔جب بھی ہاتھ اُٹھیں، صِرْف نیک کاموں کے لئے اُٹھیں،مَثَلاً باوُضو قرآنِ کریم کو ہاتھ لگائیے،نیک لوگوں سے مصافحہ کیجئے وغیرہ۔

پاؤں کا گناہ

پاؤں کا گناہ یہ ہے کہ اِن سے ایسی جگہوں پر جانا کہ جن سے اللہ کریم نے منع فرمایا ہے،مَثَلاً ہمیں چاہیے کہ ہم ہر گز ہرگز سینما  گھر کی طرف نہ چلیں،بُرے دوستوں کی مجلسوں کی طرف نہ چلیں، شطرنج ،لُڈو،تاش،کرکٹ،فٹ بال،وِیڈیوگیمز،ٹیبل فٹ بال وغیرہ کھیلنےیادیکھنے کی طرف نہ چلیں، کاش! پاؤں اُٹھیں تَو صِرْف و صِرْف نیک کاموں کیلئے اُٹھیں،مَثَلاً پاؤں چلیں تومساجد ،مزاراتِ اَوْلیا، عُلَما و صُلَحا کی زِیارت،نیکی کی دعوت دینے کیلئے چلیں،سُنّتوں بھرے اِجتماع کی طرف چلیں،سُنّتوں کی تربیت کے مَدَنی قافلوں میں سفر(Travel)کیلئے چلیں۔

اللہ کریم ہمیں رَمَضان  وغیر رَمَضان میں اپنے اَعضاء کو گناہوں سے بچانے اور اِن کے ذریعے نیک و جائز کام کرنے کی تَوفِیْق عطا فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِ الْاَمِیْن صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ

رَفتار کا گُفتار کا کِردار کا دے دے           ہر عُضْو کا دے مجھ کو خُدا قُفْلِ مدینہ

(وسائل بخشش مرمم،ص۹۵)

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                                        صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد