کیا اچّھا کیا بُرا؟/پانی پینے کے فوائد / ملفوظاتِ خواجہ غریب نواز

باتوں سے خوشبو آئے

بھلائی کس بات میں ہے؟

(1)ارشادِ حضرت سیّدُنا ابو درداء رضی اللہ عنہ: بھلائی اس میں نہیں کہ تمہیں کثیر مال و اولاد مل جائے بلکہ بھلائی تو اس میں ہے کہ تمہاری قوّتِ برداشت بڑھے، عِلم ترقّی کرے اور تم اللہ پاک کی عبادت میں دوسرے لوگوں سے آگے بڑھ جاؤ۔ (مصنف لابن ابی شیبۃ،ج8،ص167،حدیث:6)

دورکعت نفل نماز کا ثواب

(2)ارشادِ حضرت سیِّدُنا کعبُ الاحبار رحمۃ اللہ علیہ : اگر تم جان لو کہ دو رکعت نفل نماز کا ثواب کتنا ہے تو اسے مضبوط پہاڑوں سے بھی بڑا سمجھو جبکہ اللہ پاک کے یہاں فرض نماز کا ثواب اتنا ہے کہ کوئی اسے بیان نہیں کرسکتا۔

(حلیۃ الاولیاء،ج5،ص421،رقم: 7596)

جھوٹی قسم کا وبال

(3)ارشادِ حضرت سیّدُنا خواجہ غریب نواز رحمۃ اللہ علیہ: جو شخص جھوٹی قسم کھاتا ہے وہ اپنے گھر کو ویران کرتا ہے اور اس کے گھر سے خیر و بَرَکت اُٹھ جاتی ہے۔(ہشت بہشت،ص 84)

بڑے مرتبے والے اعمال

(4)ارشادِ حضرت سیّدُنا خواجہ غریب نواز رحمۃ اللہ علیہ: مصیبت زدہ لوگوں کی فریاد سننا اور ان کا ساتھ دینا، حاجت مندوں کی حاجت روائی کرنا، بھوکوں کو کھانا کھلانا، قیدیوں کو قید سے چھڑانا ،یہ باتیں اللہ کریم کے نزدیک بڑا مرتبہ رکھتی ہیں۔(معین الہند حضرت خواجہ معین الدین اجمیری،ص 124)

احمد رضا کا تازہ گلستاں ہے آج بھی

جُذامی کے ساتھ کھانا کیسا؟

(1)جُذامی (یعنی کوڑھ کے مرض والے ) کے ساتھ کھانا بقصدِ تواضُع و توکُّل و اِتِّباع (یعنی عاجزی، اللہ پر بھروسے اور اتباعِ سنّت کی نیّت سے) ہو تو ثواب پائے گا۔(فتاویٰ رضویہ،ج21،ص102)

وظائف باوضو پڑھنا بہتر ہے

(2)وظائف جو احادیث میں ارشاد ہوئے یا مشائخِ کرام نے بطورِ ذکرِ الٰہی بتائے انہیں بِلاوضو بھی پڑھ سکتے ہیں اور باوضو بہتر۔(فتاویٰ رضویہ،ج23،ص399)

کیا اچّھا کیا بُرا؟

(3)جس چیز کوخدا و رسول اچّھا بتائیں وہ اچّھی ہے، اور جسے بُرا فرمائیں وہ بُری،اور جس سے سُکُوت (یعنی خاموشی اختیار) فرمائیں یعنی شرع سے نہ اس کی خوبی نکلے نہ بُرائی وہ اباحتِ اصلیہ پر رہتی ہے کہ اس کے فعل و ترک (کرنے یا نہ کرنے) میں ثواب نہ عقاب (سزا)۔(فتاویٰ رضویہ،ج 23،ص320)

عطّار کا چمن، کتنا پیارا چمن!

عِلم و روحانیت پانے کا طریقہ

(1)صحیحُ العقیدہ سنّی و باعمل عالمِ دین کی صحبت میں رہنے والے شخص کو علم و روحانیت دونوں حاصل ہوتے ہیں۔

(مَدَنی مذاکرہ،21صفر المظفر1436ھ)

پانی پینے کے فوائد

(2)روزانہ(Daily)12گلاس، یعنی کم و بیش 3لیٹر پانی پئیں اِنْ شَآءَ اللہ گُردوں کے امراض سے محفوظ رہیں گے اور قبض سے بھی بچیں گے۔(مَدَنی مذاکرہ،9محرم الحرام1436ھ)

آنکھوں کی ٹھنڈک

(3)قراٰنِ مجید ہماری آنکھوں کی ٹھنڈک اور دِلوں کا چین ہے۔ اے کاش! ہم عاشقِ قراٰن بن جائیں۔

اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

(مَدَنی مذاکرہ،3محرم الحرام1436ھ)


Share

کیا اچّھا کیا بُرا؟/پانی پینے کے فوائد / ملفوظاتِ خواجہ غریب نواز

بزرگان دین کے مبارک فرامین

ملفوظاتِ خواجہ  غریب نواز  رحمۃ اللہ علیہ

سید ریحان علی عطاری مدنی

ماہنامہ رجب المرجب 1440

اللہ کریم کے جن نیک بندوں نے اصلاحِ اُمّت اور اشاعتِ اسلام کے لئے اپنی زندگیاں وقف کیں ، ان میں ایک بڑا نام سلطانُ الہند ، خواجہ غریب نواز حضرت سیّد معینُ الدّین حسن سنجری چشتی اجمیری  رحمۃ اللہ علیہ  کا بھی ہے۔ آپ کی ولادت 537 ہجری کو سیستان (موجودہ ایران) کے علاقہ “ سَنجر “ میں ہوئی۔ (اقتباس الانوار ، ص345)آپ  رحمۃ اللہ علیہ  نے تقریباً 81 سال راہِ خدا میں علم کے حصول اور مخلوقِ خدا کی اصلاح میں گزارے اور کئی کتابیں بھی تحریر فرمائیں۔ آپ رحمۃ اللہ علیہ کا وصال 6رجب المرجب633ہجری کو ہوا۔ (فیضانِ خواجہ غریب نواز ، ص17 ، 25) خوش نصیب مسلمان ہر سال 6رجب المرجب کو چَھٹی شریف کے نام سے آپ کا عُرس مناتے اور ایصالِ ثواب کرتے ہیں۔ اَلْحَمْدُلِلّٰہ عاشقانِ رسول کی مدنی تحریک دعوتِ اسلامی کے مدنی ماحول میں عُرسِ خواجہ غریب نوازاہتمام کے ساتھ منایا جاتاہے ، رجب المرجب کے پہلے 6دنوں میں روزانہ مدنی مذاکروں کا سلسلہ ہوتا ہے ، ان ایّام میں ملک و بیرونِ ملک یہ مدنی مذاکرے دیکھے جانے کے ساتھ ساتھ ہزاروں عاشقانِ رسول دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ بابُ المدینہ کراچی میں حاضر ہوکر فیضانِ خواجہ غریب نوازکی برکتیں حاصل کرتے ہیں۔ 6رجب المرجب کو دُنیا بھر میں باقاعدہ “ اجتماعِ یومِ غریب نواز “ کا سلسلہ بھی  ہوتا ہے۔ خواجہ غریب نواز کے ملفوظات حضرت سیّدنا خواجہ غریب نواز رحمۃ اللہ علیہ  کے مریدِ صادق اورخلیفۂ اکبر  حضرت  خواجہ قطبُ الدِّین بختیار کاکی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے پیر و مرشد کے ملفوظات پر مشتمل ایک کتاب ترتیب دی جس کا نام ’’دلیل العارفین‘‘ رکھا۔ اس کتاب میں سے حضور خواجہ غریب نواز  رحمۃ اللہ علیہ  کے ملفوظات ملاحظہ کیجئے۔ *نماز تمام مقامات سے بڑھ کرمقام ہے۔ نمازحق تعالیٰ سے ملاقات کا وسیلہ ہے۔ (دلیل العارفین ، ص75) *وہ  لوگ کیسے مسلمان ہیں جو فرض نماز میں اس قدر تاخیر کرتے ہیں کہ نماز کا وقت ہی گزر جاتا ہے( اور پھر قضا پڑھتے  ہیں) ان کی مسلمانی پر 20 ہزار مرتبہ افسوس ہے جو مولا کریم کی عبادت  میں کوتاہی کرتے ہیں۔ حکایت ایک دفعہ یوں ارشاد فرمایا کہ  میرا گزر ایک ایسے شہر سے ہوا جہاں کے لوگ وقت سے پہلے ہی نماز کے لئے تیار ہوجاتے اور بَروقت نماز کی ادائیگی کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم جلدہی نماز کی تیاری نہیں کریں گے تو ہوسکتا ہے اس کا وقت نکل جائے پھر کل قیامت کے روز کس طرح یہ منہ رسولِ خدا  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کو دکھاسکیں گے؟ (دلیل العارفین ، ص83) *نماز ایک امانت ہے جو اللہپاک نے  اپنے بندوں کے سپرد کی ہے ، لہٰذا بندوں پر لازم ہے کہ وہ اس امانت میں کسی قسم کی خیانت نہ کریں۔ (دلیل العارفین ، ص83) جو شخص قراٰنِ مجید کو دیکھتا ہے اللہ کریم کے فضل سے اس کی بینائی تیز ہوجاتی ہے ، اس کی آنکھ نہ دُکھتی ہے نہ خشک ہوتی ہے۔ (دلیل العارفین ، ص92) *جس نے  جو کچھ پایا خدمتِ مرشد سے پایا۔ پس مُرید پر لازم ہے کہ پیر کے فرمان سے ذرّہ برابر بھی تجاوز نہ کرے۔ پیر صاحب جو کچھ اسے نماز ، تسبیح اور اوراد وغیرہ کے بارے میں فرمائیں ، اسے غور سے سُنے اور اس پر عمل کرے کیونکہ پیر ، مُرید کو سنوارنے  کے لئے اور اسے کمال تک پہنچانے کے لئے عمل کی راہ پر گامزن کرتا ہے۔ (دلیل العارفین ، ص75)


Share