رمضان المبارک1440ھ کے اعتکاف کی بہاریں

دو حجّ، دو عمرے کا ثواب فرمانِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہے: مَنِ اعْتَکَفَ عَشْراً فِیْ رَمَضَانَ کَانَ کَحَجَّتَیْنِ وَعُمْرَتَیْن یعنی جس نے رَمَضانُ المُبارک میں دس دن کا اِعْتِکاف کرلیا وہ ایسا ہے جیسے دو حجّ اور دو عمرے کئے۔(شعب الایمان،ج3،ص425،حدیث:3966)

امیرِ اہلِ سنّت اور اجتماعی اعتکاف دعوتِ اسلامی کے اوّلین مدنی مرکز گُلزارِ حبیب مسجد (گلستانِ اوکاڑوی سولجر بازار بابُ المدینہ کراچی) میں 1402ھ مطابق 1982ء میں اجتماعی اعتکاف کا سلسلہ شروع ہوا جس میں امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے ہمراہ تقریباً 60اسلامی بھائیوں نے اعتکاف کی سعادت پائی، پھر ہر سال اس میں اضافہ ہوتا رہا یہاں تک کہ پاکستان میں کئی مقامات پر اور بیرونِ ممالک میں بھی اجتماعی اعتکاف اپنا فیضان لُٹا رہا ہے۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ! ہر سال کی طرح اس سال (1440ھ/ 2019ء میں) بھی عالَمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ اور دنیا بھر میں دعوتِ اسلامی کے تحت پورے ماہِ رمضان اور آخری عشرے کا سنّت اعتکاف اجتماعی طور پر ہوا۔ وضو، غسل، نماز اور دیگر ضَروری احکام سیکھنے، مختلف سنّتیں اور دعائیں یاد کرنے، اِفطار کے وقت رِقَّت انگیز مُناجات اور دعاؤں کے پُرکیف مَناظر پانے، نیز نمازِ عصر اور تراویح کے بعد  شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے مَدَنی مذاکروں([1])کے ذریعے علمِ دین حاصل کرنے کیلئے عالَمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں  بیرونِ ممالک سے 54 جبکہ پاکستان میں فریدی زون(اوکاڑہ، ساہیوال، پاکپتن شریف وغیرہ) ، چشتی زون (سردارآباد فیصل آباد، جڑانوالہ، جھنگ وغیرہ) اور ہجویری زون (مرکزُ الاولیاء لاہور،قصور،شیخوپورہ) سے تین خُصوصی ٹرینوں سمیت دیگر شہروں کے 5757 اسلامی بھائیوں نے پورے ماہ کا اور 7776 اسلامی بھائیوں نے آخری عَشرے کا اِعتکاف کیا۔ پورے ماہ کا اعتکاف دعوتِ اسلامی کے تحت جاری سال (1440ھ/2019ء) میں پاکستان میں بابُ المدینہ کراچی، زم زم نگر حیدرآباد، سکھر، سردارآباد فیصل آباد، مدینۃُ الاولیاء ملتان اور مرکزُالاولیاء لاہور سمیت 17مقامات پر تقریباً 8961 اور بیرونِ ممالک میں ہند اور نیپال سمیت 45 مقامات پر 2530 عاشقانِ رسول نے پورے ماہ کا اِعتکاف کیا۔ آخری عشرے کا اعتکاف پاکستان میں 6123 مقامات پر تقریباً 1لاکھ 38 ہزار 487 اور بیرونِ ممالک میں 565 مقامات پر 11ہزار 742 اسلامی بھائیوں نے آخری عشرے کا اعتکاف کرنے کی سعادت حاصل کی۔ اجتماعی اعتکاف کے بعد پاکستان بھر سے 3 دن کے مدنی قافلوں میں 6477، 12 دن کے مدنی قافلوں میں 108 اور ایک ماہ کے 32مدنی قافلوں میں 227اسلامی بھائیوں نے سفر کیا۔ پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک سے بھی کئی عاشقانِ رسول نے 3 دن، 12دن اور ایک ماہ کے مدنی قافلوں میں سفر کیا، جبکہ پاکستان میں بابُ المدینہ کراچی سمیت مختلف مقامات پر مختلف مدنی کورسز بھی شروع ہوئے جن میں 1755اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔

فضلِ ربّ سے گناہوں کی کالک دُھلے

مَدَنی ماحول میں کر لو تم اعتکاف

نیکیوں کا تمھیں خوب جذبہ ملے

مَدَنی ماحول میں کر لو تم اعتکاف



 1۔۔۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رمضانُ المبارک کے آخری عَشرے میں صرف عالَمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ بابُ المدینہ کراچی میں مدنی مذاکروں میں روزانہ ہزاروں اسلامی بھائی شریک ہوتے رہے، جبکہ دیگر مختلف مقامات اور گھروں میں بذریعۂ مدنی چینل شریک ہونے والوں کی تعداد اس کے علاوہ ہے۔

Share

Articles

Comments


Security Code