کیا بیوی اپنے شوہر کی اجازت کے بغیر حج پر جاسکتی ہے؟

تقصیر میں تاخیر کا حکم

سوال:کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ ایک عورت نے عمرہ ادا کیا، صرف تقصیر کرنا باقی تھی کہ وہ ہوٹل میں آگئی اور پورا دن گزر گیا اور اگلے دن شام کو تقصیر کی اس دوران اس عورت نے کوئی محظورِ احرام کام نہیں کیا، دریافت طلب امر یہ ہے کہ تقصیر میں تقریباً دو دن کی تاخیر کرنے سے کوئی دَم وغیرہ تو لازم نہیں ہوا؟

بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

صورتِ مسئولہ میں صرف اس وجہ سے کوئی چیز لازم نہیں ہوگی کہ اس نے تقصیر میں دو دن کی تاخیر کی ہے کیونکہ عمرے میں سعی کرلینے کے بعد تقصیر کا کوئی خاص وقت متعین نہیں ہے بلکہ معتمر جب بھی تقصیر کرے گا اسی وقت احرام سے نکلے گا۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

کیا بیوی اپنے شوہر کی اجازت کے بغیر حج پر جاسکتی ہے؟

سوال:کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیانِ شرعِ متین اس مسئلہ کے بارے میں کہ ایک عورت پر حج فرض ہے اور اس کے ساتھ حج پر جانے کے لیے اس کے محارم میں سے اس کے والد اور بھائی بھی موجود ہیں لیکن اس کا شوہر اس کو حج پر جانے کی اجازت نہیں دیتا، تو کیا یہ عورت اپنے شوہر کی اجازت کے بغیر اپنے والد اور بھائی کے ساتھ حج پر جاسکتی ہے؟ اگر جائے تو کیا اس معاملے میں شوہر کی نافرمانی کی وجہ سے گنہگار بھی ہوگی؟

بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

دریافت کی گئی صورت میں جبکہ عورت پر حج فرض ہے اورساتھ جانے کے لیے مَحرَم یعنی اس کے والد اور بھائی بھی موجود ہیں تو اس پر لازم ہے کہ محرم کے ساتھ حج پر جائے اگرچہ شوہر منع کرے اور اس کی اجازت نہ دے، کیونکہ حج فرض ہوجانے کے بعد فوری طور پر اس کی ادائیگی لازم و ضَروری ہے اور اس صورت میں تاخیر کرنا ناجائز و گناہ ہے اور اس صورت میں شوہر کی اجازت کے بغیر جانے کی صورت میں گنہگار بھی نہ ہوگی کیونکہ شوہر کی اطاعت جائز کاموں میں ہے اور اگر وہ کسی ناجائز بات کاحکم کرے تو اس میں شوہر کی اطاعت جائز نہیں۔

لہٰذا حج فرض ہو اور ساتھ جانے کیلئے محرم بھی تیار ہو لیکن شوہر اجازت نہ دے تو بیوی بغیر اس کی اجازت کے بھی جاسکتی ہے لیکن چاہیے یہ کہ شوہر اللہ تعالیٰ کے اس فرض کی ادائیگی میں حائل نہ ہو بلکہ رضائے الٰہی کیلئے خود برضا و رغبت اسے  سفرِ حج پر جانے کی اجازت دے کر خود بھی گناہ سے بچے اور اپنی بیوی کو بھی بچائے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

کیا خواتین اذان سے پہلے نماز ادا کر سکتی ہیں؟

سوال:کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرع متین اس مسئلہ کے بارے میں کہ نماز کا وقت شروع ہوچکا ہے لیکن ابھی اذان نہیں ہوئی تو کیا عورتیں اذان سے پہلے نماز ادا کرسکتی ہیں؟ یعنی ہم مدرسہ میں ہوں اور ظہر کی ابھی اذان نہیں ہوئی تو اسلامی بہنیں یا مدنی منّیاں نماز ادا کرسکتی ہیں؟

بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

نماز کا وقت شروع ہوجانے کے بعد عورتوں کا اذان سے پہلے نماز ادا کرنا خلافِ اَولیٰ ہے کیونکہ اَولیٰ و افضل یہ ہے کہ کوئی عذر نہ ہو تو فجر کے علاوہ نمازوں میں مَردوں کی جماعت کا انتظار کریں اور جب مَردوں کی جماعت ہوجائے تو اس کے بعد عورتیں نماز پڑھیں۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

٭…دارالافتاء اہل سنت عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ باب المدینہ کراچی


Share

کیا بیوی اپنے شوہر کی اجازت کے بغیر حج پر جاسکتی ہے؟

اللہ پاک نے اپنے بندوں کو طرح طرح کی نعمتوں سے نوازا ہے جن میں سے ایک نَمک بھی ہے۔نَمک ہماری روزمَرَّہ کی غِذا کا لازمی حصّہ ہے اور اس کے بغیر کھانا بے ذائقہ ہو جاتا ہے۔ مناسب مقدار میں نمک کا استعمال انسانی صحت کے لئے ضَروری ہے جبکہ نمک کی کمی یا زیادتی مختلف طبّی مسائل کا سبب بن سکتی ہے۔

بسااوقات کھانا پکانے والی کی بے احتیاطی یا غلطی کے باعث کھانے میں نمک زیادہ ہوجاتا ہے۔ اس مسئلے کے حل کے لئے 5 تجاویز ملاحَظَہ فرمائیے:

کھانے میں نمک کی زیادتی کے5حل

(1)اگر شوربے والا سالن ہے تو ایک آلو(Potato) لیں، اس کے درمیانے سائز کے ٹکڑے کاٹ کر سالن میں ڈال کر 5 سے 7 منٹ پکا لیں، پھر دَم پر رکھ دیں، سالن کا زائد نمک یہ ٹکرے جذب کر لیں گے۔اِنْ شَآءَ اللہ

(2) ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ تھوڑا سا گُندھا ہوا آٹا گھی میں اچھی طرح گوندھ کر گولی سی بنا لیں، اسے سالن میں ڈال کر 5 منٹ دَم پر رکھ دیں۔ کچھ دیر میں وہ پتھر کی طرح سخت ہو جائے گا اور اِنْ شَآءَ اللہ زائد نَمک جذب کر لے گا۔

(3)اگر چاولوں میں نَمک زیادہ ہو جائے تو گُندھا ہوا آٹا روٹی کی طرح بیل لیں۔ جب چاولوں کو دَم پر لگائیں تو ان پر یہ روٹی ڈال کر اس کے اوپر تھوڑے چاول ڈال کر دم لگا دیں، دم سے ہٹائیں گے تو روٹی سخت ہو جائے گی اور نمک جذب کر لے گی، اِنْ شَآءَ اللہ ۔

(4)اگرخُشک (بھُنے ہوئے) سالن میں نمک زیادہ ہو جائے تو مزید سبزی کاٹ کر اور اُبال کے اس میں شامل کر دیں، نمک کم ہو جائے گا۔ اگر آپ اس میں شوربہ (curry) پسند کرتے ہیں تو تھوڑا سا پانی شامل کر کے پکا لیں، نمک کم ہو جائے گا، اِنْ شَآءَ اللہ۔

(5)اگر سُوپ میں نمک زیادہ ہو جائے تو مزید پانی شامل کر دیں، یا پھر آلو کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کاٹ کر ڈال دیں اور پکا لیں، اِنْ شَآءَ اللہ نمک کم ہو جائے گا۔

اللہ کریم ہمیں اپنی نعمتوں کا شُکر کرتے رہنے کی توفیق عطافرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

محفلِ مدینہ 7 جولائی 2019ء کو عالَمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ”محفلِ مدینہ“ کا انعقاد کیا گیا جس میں شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ، نگرانِ شوریٰ و اراکینِ شوریٰ سمیت پانچ ہزار سے زائد عاشقانِ رسول نے شرکت کی، دورانِ محفل نعت خوان اسلامی بھائیوں نے یادِ مدینہ سے معمور کلام پیش کئے۔امیرِ اَہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے شرکا کو تصورِ مدینہ کروایا، شرکائے محفل کومدنی پھول عطا فرمائے، محفل کے اختتام پر 957 عازمینِ حج سے ملاقات فرمائی اور انہیں پھولوں کے ہار بھی پہنائے۔


Share