کیا بیوی کے فوت ہونے کے سبب سا س سے پردہ ہوگا؟

حاملہ عورت کتنے دن عدّت گزارے؟

سوال:کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ عورت کوحالتِ حمل میں طلاق ہوتواس کی عدت کیا ہوگی؟

بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

جس عورت کو حالتِ حمل میں طلاق ہو اس کی عدت بچّے کی پیدائش ہے جب بچّہ پیدا ہوجائے گا تو اس کی عدت مکمل ہوجائے گی ۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

مُجِیْب مُصَدِّق

محمدعرفان مدنی مفتی محمدہاشم خان عطّاری

کیا بیوی کے فوت ہونے کے سبب ساس سے پردہ ہوگا؟

سوال:کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ زید کی بیوی فوت ہوگئی ہے، اس کی ساس کہ جس کی عمر تقریباً 62سال ہے، بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ زید کی بیوی فوت ہوگئی ہے اس لئے اب زید اور اس کی ساس کے مابین پردہ ہوگا، لہٰذا یہ ارشاد فرمائیں کہ زید کی بیوی کے فوت ہونے کی وجہ سے اب اس کی ساس اور اس کے درمیان پردہ لازم ہوگا یا نہیں ؟

بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

صورتِ مسئولہ میں زید کا اپنی ساس سے پردہ واجب نہیں ہوگا جبکہ شہوت کا اندیشہ نہ ہو کیونکہ زید کی شادی ہوتے ہی اس کی ساس اس پر حرمتِ ابدی سے حرام ہوگئی ، اور جن رشتہ داروں سے نکاح کی حرمتِ ابدی نکاح کی وجہ سے ہوتو ان سے پردہ واجب نہیں ہے البتہ اگر ساس جوان ہو تو پردہ کرنا بہتر ہے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

کتبــــــــــــــــــــــہ

مفتی محمد ہاشم خان عطّاری

مخصوص ایام میں آیۃ الکرسی پڑھنا کیسا؟

سوال:کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ کیااسلامی بہنیں مخصوص ایام میں آیۃُ الکرسی پڑھ سکتی ہیں؟

بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

اسلامی بہنیں مخصوص ایام میں آیۃُ الکرسی قراٰنِ عظیم کی تلاوت کی نیّت کئے بغیر،ذکر و ثنا کی نیّت سے پڑھ سکتی ہیں کہ قراٰنِ عظیم کی وہ آیات جو ذکر و ثنا و دعا و مُناجات پر مشتمل ہوں، جنب و حائض بے نیّتِ قراٰن ذکر و ثنا اور دعا کی نیّت سے پڑھ سکتے ہیں۔ البتہ جن کو اس کا حائضہ ہونا معلوم ہے ان کے سامنے بآواز بہ نیّتِ ذکر و ثنا بھی پڑھنا مناسب نہیں کہ کہیں وہ بحالتِ حیض تلاوت جائز نہ سمجھ لیں، یا اس حالت میں تلاوت کو ناجائز تو جانتے ہوں لیکن پڑھنے والی پر گناہ کی تہمت نہ لگائیں۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

کتبــــــــــــــــــــــہ

مفتی محمد ہاشم خان عطّاری 


Share

کیا بیوی کے فوت ہونے کے سبب سا س سے پردہ ہوگا؟

بعض کام محنت طلب نہیں ہوتے لیکن وقت طلب ہوتے ہیں۔ انہی کاموں میں سے ایک کام لہسن چِھیْلنا اور اسے محفوظ کرنا بھی ہے۔ لہسن کے بغیر شاید ہی کوئی کھانا بنتا ہو، لہسن اگر پہلے سے چِھلے یا پِسےہوئے محفوظ ہوں اور جلدی میں کھانا بنانا پڑجائے مثلاً اچانک گھر میں مہمان آ جائیں تو کافی آسانی اور وقت کی بچت ہوتی ہے۔ ذیل میں لہسن چِھیلنے اور محفوظ کرنے کے کچھ طریقے پیش کئے جاتے ہیں:لہسن چھیلنے کا آسان طریقہ:دیسی لہسن اگرچہ روایتی لہسن کی نسبت باریک ہوتا ہے لیکن اس میں ذائقہ اور فائدہ زیادہ ہے۔ دیسی لہسن کی کَلیاں باریک اور چھوٹی ہوتی ہیں اس لئے اسے چِھیْلنے میں دُشواری ہوتی ہے۔اِسے چِھیْلنے کا آسان طریقہ یہ ہے کہ اس کی کلیوں کو الگ الگ کرلیجئے، پھر اچھی طرح تیل (سرسوں کا ہو توزیادہ بہتر ہے) لگا کر اِسٹیل کے کسی صاف اور خُشک کُھلے برتن میں پھیلا کر دُھوپ میں ایک یا دو دِن کے لئے رکھ دیں۔ اب ان کَلیوں کو چِھیلا جائے تو چِھلکا آسانی سے اُتر جائے گا۔ لہسن محفوظ کرنے کا طریقہ:لہسن کی ان چِھلی ہوئی کَلیوں کو اچھی طرح دھونے کے بعد پنکھے کے نیچے پھیلا کر یا کسی صاف تولئے وغیرہ کے ذریعے خُشک کر لیں۔اس کے بعد ہلکا سا تیل لگاکر فریج میں رکھ دیں، اِنْ شَآءَ اللہ کئی دن تک خراب نہیں ہوں گی۔لہسن کا پیسٹ بنانے کا طریقہ:لہسن کی کَلیوں کو دھو کر پِیس لیں لیکن پِیسنے میں پانی کا استعمال نہ کریں ۔اس کے بعد جس مشین میں لہسن پیس رہی ہیں اس میں تھوڑا سا نمک اور پکانے کا تیل ڈال کر دوبارہ پیس لیں اورایئر ٹائٹ جار میں ڈال کر اچھی طرح ڈھکن بند کرکے فریزر میں محفوظ کر لیں ، اِنْ شَآءَ اللہ دو سےتین ماہ تک پیسٹ خراب نہیں ہوگا۔ پیسٹ بناتے ہوئے اس میں سرکہ (Vinegar) شامل کرنا بھی فائدہ مند ہے کیونکہ سِرکہ غِذا کو دیر تک خراب ہونے سے محفوظ رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ پیسٹ نکالنے کے لئے دُھلا ہوا خُشک چمچ استعمال کریں، گِیلا چمچ استعمال کرنے سے پیسٹ جلد خراب ہوسکتا ہے۔ لہسن کا پیسٹ بنانے کے لئے جس بلینڈر کا استعمال کریں وہ بالکل خُشک اور صاف ہو۔لہسن کا پاؤڈر بنانے کا طریقہ: لہسن کو باریک (بہتر یہ ہےکہ لمبائی میں) کاٹ کراِسٹیل کی ٹرے وغیرہ میں پھیلا کر جالی دار دُوپٹےّ سے ڈَھک دیں تا کہ مٹی وغیرہ سے محفوظ رہے۔ اس ٹرے کو دُھوپ میں رکھیں یہاں تک کہ لہسن بالکل خُشک ہو جائے۔ اب اسے خُشک مَسالے والی مشین میں پِیس کر پاؤڈر بنائیں، شیشے کے کسی جار میں بھر کر محفوظ کرلیں اور ضرورت کے وقت ہنڈیا میں استعمال فرمائیں۔ اللہ کریم ہمیں اپنی نعمتوں کی قدر دانی کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور اِسْراف سے محفوظ فرمائے ۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

٭… بنتِ رمضان عطّاریہ


Share

Articles

Comments


Security Code