کچن گارڈن

صحت کی سلامتی سب پسند کرتے ہیں اور اچھی صحت کے لئے مُتوازِن غذا (Balanced Diet)اور  تازہ سبزیوں کا استعمال بہت مفید اور کچھ حد تک ضروری بھی ہے۔

 تازہ سبزیاں حاصل کرنے کے لئے اپنے گھر میں ہی سبزیاں اُگائی جاسکتی ہیں ، گھر میں سبزیاں  اُگانا کوئی بہت مُشکل کام نہیں نہ ہی اس کے لئے بہت ساری جگہ کی حاجت ہے بلکہ آپ اپنے گھر کی بالکونی ، صحن ، کھڑکیوں اور  کیاریوں میں( جہاں چار سے پانچ گھنٹے تک  دُھوپ رہتی ہو) کچن گارڈن بنا کر گھر کی خوبصورتی میں اضافہ اور کچن کے اخراجات میں کمی کرسکتی ہیں۔

اس کے لئے گملے بھی ضروری نہیں ،  گھریلوناکارہ ٹب ، بالٹیاں ،  پلاسٹک کی بڑی بوتلیں وغیرہ بھی استعمال کی جاسکتی ہیں ،  ان کے نچلے حصے میں دو یا تین چھوٹے سوراخ کرلیجئے تاکہ مزید پانی اس میں نہ ٹھہر سکے کہ زیادہ ٹھہرا پانی  پودوں کے لئے نقصان دہ ہوتا ہے۔

 گملوں میں تھوڑی کھاد اور تھوڑی بَھل ریت ملا کر ڈال دیں ، (یہ نرسری سے سستی مل جاتی ہے) اب کسی میں دھنیا کسی میں  ہری مرچ کے بیج تو کسی میں توری ، پھلیوں ، بینگن کے بیج ڈال کر اوپر ہلکی تہہ کھاد کی پھیلا دیں ،  روزانہ صبح کے وقت پانی دیجئے ،  اِنْ شَآءَ اللہ چند دنوں میں ننھے پودے نکل آئیں گے ،  لہسن کا جَوا اور تھوڑی ادرک بھی کسی گملے میں ڈال دیں۔

 پودوں کو کیڑوں سے بچانے اور توانائی پہنچانے کے لئے درج  ذیل اقدامات کریں :  * ایک گملے میں نِیم کا پودا لگا لیجئے(نرسری سے اس کی پنیری آسانی سے مل جائے گی) برسات کے دنوں میں نیم کے چند پتے تھوڑے پانی میں اُبال کر ،  پانی ٹھنڈا ہونے پر  پودوں میں اِسپرے کرلیجئے ، اِنْ شَآءَ اللہ کیڑا نہیں لگے گا۔ *  اگر کیڑا لگ جائے تولہسن ادرک کا پانی نکال کر پودوں میں ڈالیں بہت فائدہ ہو گا۔ * آلو ، چاول ، چھولے اور  دیگراَناج کا  دھووَن پودوں میں پانی کی جگہ ڈالیں ، یونہی سبزیاں اُبالنے کے بعد اس کا پانی مت پھینکیں ، یہ پانی پودوں میں ڈالنے سے پودوں کو  توانائی ملے گی۔ *  لوہے کی کیلوں یا کسی لوہے کے ٹکڑے کو پانی میں بھگو دیں ،  جب پانی خوب زنگ آلود ہو جائے تو یہ پانی  بھی پودوں میں ڈالیں  توانائی بحال ہوگی۔ *  ا گر محسوس ہو کہ کھاد سخت جَمی ہوئی ہےتونرمی کے ساتھ اسے اوپر نیچے کیجئے(یعنی گوڈی کیجئے) مگر اس کام میں بہت احتیاط کی ضرورت ہے۔ *  نئی کھاد پودوں میں ڈالتی رہیں ، ورنہ پودےبے جان ہو سکتے ہیں۔ * اگر پتےپیلے محسوس ہوں یا کوئی ٹہنی سُوکھ جائے تو اس کو پودے سے الگ کر دیجئے۔ * اچھی پیداوار کے لئے اللہ پاک کا مبارک نام’’یَاحَلِیْمُ‘‘کسی کاغذ پر لکھ کر اس کا دھووَن اپنے پودوں پر چھڑک دیں اِنْ شَآءَ اللہ زراعت ہر آفت سے حفاظت میں رہے گی۔

( مدنی پنج سورہ ، ص 251)

اللہ پاک ہمیں اپنے گھر کو صاف و سرسبز رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔

اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


Share

Articles

Comments


Security Code