چھوٹی بہن کے نام خط

چھوٹی بہن  کے نام خط

بنتِ ریاض احمد عطاریہ

پیاری بہنااَلسَّلَام ُعَلَیْکُم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ!

اُمید ہے تم خیریت سے ہوگی اور امّی ابو کے ساتھ اپنی زندگی کے بہترین دنوں سے لُطف اندوز ہو رہی ہوگی ، ہم لوگ بھی بِحَمْدِ اللہ یہاں خیریت سے ہیں۔

سب سے پہلے تو میری طرف سے تمہیں اپنے یومِ پیدائش (Birthday)کی بہت بہت مبارک ہو ، اس صفر کی 7 تاریخ کو تم ماشآءاللہ پورے 15سال کی ہوجاؤ گی ، میری دُعا ہے زندگی کا آنے والا ہر سال تمہارے لئے خوشیوں کا موسمِ بہار ہو۔

پیاری بہنا! ہماری زندگی مختلف مراحل (Stages) سے گزرتی ہے پہلے بچپن جو کہ لاپرواہی کا زمانہ ہوتا ہے جب نہ کسی شرعی پابندی کا سامنا اور نہ ہی بڑوں کی طرف سے کوئی ذمّہ داری ، اس کے بعد بُلوغت کا زمانہ آتا ہے تو جہاں شرعی طور پر ہم پر بہت سی پابندیاں لاگو ہو جاتی ہیں تو وہیں گھریلو زندگی میں بھی بہت سی ذمّہ داریاں ہمارا دامن پکڑنے لگتی ہیں ، اس عمر میں بچپن والی بے فکری اور لاپرواہی دکھانا کسی طرح بھی مناسب نہیں اور نہ ہی کوئی اس کی گنجائش دیتا ہے۔

بہنا! تم بھی سوچ رہی ہوگی آج آپی کیا خُشک اور مشکل مشکل باتیں کرنے بیٹھ گئی ہیں ، کہاں وہ بلال کی شرارتیں بتایا کرتی تھیں یا نئی نئی شاپنگ کی تفصیلات اور کہاں یہ پابندیوں اور ذمّہ داریوں کی ڈراؤنی باتیں ، لیکن کیا کریں بہنا! اور بھی مراحِل ہیں زندگی میں بچپن کے سِوا۔

پیاری بہنا! بات دَرْاَصل یوں ہے کہ ہمارے گھرانے کی یہ رسم ہے کہ عمر کے پندرھویں سال میں قدم رکھنے والی بٹیا / بہنا کو نصیحتوں بھرا خط لکھا جاتا ہے میرے پاس ابھی بھی بڑی آپی کا لکھا ہوا خط محفوظ ہے جسے میں وقتاً فوقتاً پڑھتی اور اپنی زندگی کے روز و شب پر غور کرتی رہتی ہوں ، اب تمہاری مرتبہ میری ذمّہ داری بنتی ہے کہ تمہیں آنے والے سالوں کے متعلق کچھ نصیحتیں اور ہدایات لکھ دوں جو تمہاری زندگی کے لئے بہترین راہنما ہوں۔

بہنا! قراٰنِ کریم میں تخلیقِ انسانی(Creation of Human Beings) کا مقصد عبادتِ الٰہی بیان کیا گیا ہے اور کوئی بھی شے جو اپنی تخلیق اور پیدائش کے مقاصد  کو پورا نہ کر سکے تو دنیا میں اس سے نکمی کوئی شے نہیں ہوتی ، پچھلے ایام میں جو سُستی ہو چکی ہو اس پر نَدامت کے ساتھ ساتھ اِزالہ بھی کرتے ہوئے آئندہ کے لئے پختہ ارادہ کر لو کہ پنج وقتہ نماز کی ادائیگی میں کوئی بھی مصروفیت یا سُستی آ     ڑے نہیں آنے دو گی ، فرض نمازوں پر پابندی کے بعد زہے نصیب نفل نمازوں پربھی توجہ دو ، خاص کر نمازِ تَہَجُّد کی تو بے شمار برکتیں ہیں ، عبادت کے یہی دن  ہیں  بڑھاپے میں کہاں ہمت!

پیاری بہنا! انسان اور حیوان کے درمیان  وجہِ امتیاز علم ہے اسی کی بنیاد پر انسان کو حیوانات پر شرف و فضیلت حاصل ہے وگرنہ کھانے پینے جیسی ضروریاتِ زندگی تو وہ بھی پوری کرتے ہیں اور پھر اس علم میں بھی اوّلین مقصود شرعی عُلوم ہیں یعنی اللہ پاک و رسولِ کریم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کی طرف سے ہم پر جو ذمّہ داریاں عائد ہوتی ہیں انہیں پورا کرنے کا  طریقہ جانا جائے اس کے لئے میں تمہیں چند کتابوں کے مطالعے کا مشورہ دوں  گی جو زندگی کے اس مرحلے میں ہونے والی تبدیلیوں کے متعلق تمہاری بہترین راہنمائی کریں گی۔ سب سے پہلے تو  “ سُورۂ نُور “  کو تَرجَمہ و تفسیر کے ساتھ خوب سمجھ کر پڑھو کیونکہ حدیثِ مبارَکہ میں عورتوں کو اس کی تعلیم دینے کا حکم ارشاد فرمایا گیا ہے۔ اس کے بعد وُضو ، غسل اور نماز وغیرہ پر مشتمل ضروری مسائل سیکھو اس کے لئے مکتبۃُ المدینہ کی بہترین کتاب “ اسلامی بہنوں کی نماز “ ہے ، یوں ہی عورتوں کے بہت سے مسائل ہیں جنہیں میں لفظ بہ لفظ بیان کرنے جاؤں تو یہ خط بہت بڑا ہو جائے گا ایسے مسائل کے لئے بہترین کتاب “ جنتی زیور “ ہے جو خواتین کے لئے واقعی کسی خزانے سے  کم نہیں ہے ، پیاری بہنا! پردہ اور حیا مسلمان عورت کا اصلی زیور ہوتا ہے پردہ کب کرنا ہے اور کس کس سے کرنا ہے اس کے لئے امیرِ اہلِ سنّت  دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ  کی کتاب “ پردے کے بارے میں سُوال جواب “ کا مطالعہ کرو ، یوں ہی نبیِّ کریم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کے ساتھ ساتھ اَزواجِ مطہرات ، صحابیات اور صالحات کی سیرت اور زندگی کے احوال بھی پڑھتی رہا کرو کہ آدمی جن کو پڑھتا ہے ان جیسا بننے کی کوشش کرتا ہے اور ایسی نیک ہستیوں کی پیروی کرنے والا یقیناً دنیا و آخرت میں کامیاب ٹھہرے گا۔

پیاری  بہنا! سمجھدار وہی ہے جو وقت آنے سے پہلے اس کی تیاری کرلے اور مصروفیت سے پہلے فراغت کو غنیمت سمجھتے  ہوئے فراغت کو کام میں لائے ، پڑھائی کے بعد بچنے والے وقت کو دیگر فضولیات میں گزارنے کے بجائے گھریلو کاموں میں صرف کرنا تمہارے ہی لئے فائدہ مند ہے ، خیال رکھو کہ طریقہ تو انسان سیکھ لیتا ہے لیکن سلیقے کے لئے سالوں کی محنت درکار ہوتی ہے لہٰذا  اس عمر سے ہی گھریلو کاموں میں ہاتھ بٹانا ، والدہ سے مختلف کھانے کی ترکیبوں کے ساتھ سِلائی کڑھائی سیکھتی رہنا۔ اگر والدہ  وغیرہ کسی کام  کا بولتی یا کسی  بات پر  ٹوکتی ہیں تو وہ تمہیں سلیقہ شعار بنانے اور آئندہ زندگی آسان اور بہترین بنانے کے لئے ہی ہوتا ہے لہٰذا ایسی باتوں پر ناک بھوں چڑھانے کے بجائے خوش دلی سے انہیں مانا کرو ، اس کے ساتھ ساتھ ابھی سے اپنی صحت کا بھی خیال رکھا کرو کھانے میں چٹ پٹے ذائقے سے زیادہ صحت افزا (Healthy)کھانوں کو ترجیح دو اور گھر کے کام کاج میں ہاتھ بٹانے کے بعد تمہیں وَرزش کی ضرورت ہی نہیں رہے گی۔

اب مجھے اجازت دو کہ میں نے تمہارا کافی وقت لے لیا ہے اورمیں نے ابھی رات کے کھانے کی تیاری بھی کرنی ہے ، امّی ابو کو میری طرف سے سلام اور تمہارے لئے بہت بہت پیار۔

تمہاری آپی : اُمِّ بلال

 “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ ذوالحجۃ الحرام 1441ھ “ کے سلسلہ “ جواب دیجئے “ میں بذریعہ قرعہ اندازی ان تین خوش نصیبوں کے نام نکلے : “ محمد وقاص (حیدرآباد) ، محمد شیر ملک (فیصل آباد) ، محمد معاذ (لاہور) “ انہیں مَدَنی چیک روانہ کر دیا گیا ہے۔

 درست جوابات : (1)        40  حج (2) صفا ، مرو ہ

درست جوابات بھیجنے والوں کے 12 منتخب نام

(1)اُم ہانی عطّاریہ (خانیوال) ، (2)محمداقبال عطاری(چیچہ وطنی) ، (3)بنت ِ خالدنذیر (راولپنڈی) ، (4)بنتِ اسلم (گوجرانوالہ) ، (5)اویس اسلم (سیالکوٹ) ، (6)بنتِ محمد امین(فیصل آباد) ، (7)محمد یاسر عطاری (کراچی) ، (8)صدّام حُسین (وہاڑی) ، (9)بنتِ محمدسرفراز(فیصل آباد) ، (10)بنتِ نصیر (سرگودہا) ،  (11)آصف  (اوکاڑہ ) ، (12) بنتِ اعجاز عطّاریہ (گجرات)


Share

Articles

Comments


Security Code