30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
سوال جہنّم کی آگ کی چنگاریاں کتنی اونچی ہوں گی؟
جواب جہنّم کے شرارے اُونچے اُونچے محلوں کی برابر اُڑیں گے ، گویا زَرد اُونٹوں کی قطار کہ پیہم آتے رہیں گے ۔ ( [1])
سوال فرشتے جن گُرزوں سے جہنمیوں کو ماریں گے اُن کا وزن کتنا ہوگا؟
جواب لوہے کے ایسے بھاری گُرزوں سے فرشتے ماریں گے کہ اگر کوئی گُرز زمین پر رکھ دیا جائے تو تمام جِنّ و اِنس جمع ہو کربھی اُس کو اُٹھا نہیں سکتے ۔ ( [2])
سوال جہنمی سانپ اور بچھو کے ایک مرتبہ ڈسنے کا اثر کتنے عرصے تک رہے گا؟
جواب حدیثِ پاک میں ہے : دوزخ میں بختی اونٹ کے برابر سانپ ہیں یہ سانپ ایک مرتبہ کسی کو کاٹے تو اس کا درد اور زہر چالیس برس تک رہے گا ۔ اور دوزخ میں پالان بندھے ہوئے خچروں کے مِثل بچھو ہیں جن کے ایک مرتبہ کاٹنے کا دردچالیس سال تک رہے گا ۔ ( [3])
سوال جہنّم میں کفار کو پہنائی جانے والی زنجیر کے بارے میں بتائیے ؟
جواب اگر جہنمیوں کی زنجیر کی ایک کڑی دنیا کے پہاڑوں پررکھ دی جائے تو وہ کانپنے لگیں اور انہیں قرار نہ ہویہاں تک کہ نیچے کی زمین تک دَھنس جائیں ۔ ( [4])
سوال جہنّم میں کفار کے رونے کی کیفیت کیا ہوگی؟
جواب جہنّم میں کفارگدھے کی آواز کی طرح چلّا کر روئیں گے ۔ ( [5]) ، ابتدا میں آنسو نکلیں گے ، جب آنسو ختم ہو جائیں گے تو خون روئیں گے ، روتے روتے گالوں میں خندقوں کی مثل گڑھے پڑ جائیں گے ، رونے کا خون اور پیپ اس قدر ہو گا کہ اگر اس میں کشتیاں ڈالی جائیں تو چلنے لگیں ۔ ( [6])
سوال جہنّم میں کفار کی شکلیں کیسی ہوں گی؟
جواب جہنمیوں کی شکلیں ایسی کریہہ ہوں گی کہ اگر دنیا میں کوئی جہنمی اُسی صورت پر لایا جائے تو تمام لوگ اس کی بدصورتی اور بدبُو کی وجہ سے مر جائیں ۔ ( [7])
سوال کیا جہنّم میں کفار کی شکلیں انسانی شکلوں کی طرح ہوں گی؟
جواب کفّار کی شکل جہنّم میں انسانی شکل نہ ہوگی کہ یہ شکل اَحْسَنِ تَقْوِیْم ہے ۔ ( [8]) اور یہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کو محبوب ہے کہ اُس کے محبوب کی شکل سے مُشَابِہ ہے ۔ ( [9])
سوال جہنّم میں کافروں کی جِسامت کی کیفیت کیا ہوگی؟
جواب کفار کاجسم اتنابڑا کر دیا جائے گا کہ ایک شانہ سے دوسرے تک تیز رفتار سوار کے لیے تین دن کی مسافت بنے گی ۔ ( [10]) ایک ایک داڑھ اُحد پہاڑکے برابر ہوگی ، کھال کی موٹائی 42 ذِراع ( گز) ہوگی ۔ ( [11]) اورزبان ایک ، دوفَرسَخ ( تین سے چھ میل ) تک منہ سے باہر گھسٹتی ہوگی کہ لوگ اس کو روندیں گے ۔ ( [12])
سوال سب سے سخت عذاب کا مستحق کون ہوگا؟
جواب بارگاہِ رسالت میں عرض کی گئی : سب سے سخت عذات کسے دیا جائے گاتو حضور نبیِ مکَرَّم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : وہ شخص جو کسی نبی کو یا ایسے شخص کو قتل کرے جو اسے کسی بھلائی کا حکم دے یا برائی سے روکے ۔ ( [13])
سوال جہنمیوں کے لئے غم بالائے غم کا وقت کون سا ہوگا؟
جواب جب جہنّم میں صرف وہی رہ جائیں گے جن کو ہمیشہ کے لیے اس میں رہنا ہے ، اس وقت جنّت و دوزخ کے درمیان موت کو مینڈھے کی طرح لا کر کھڑا کریں گے ، پھر مُنادی جہنمیوں کو پکارے گا ، وہ خوش ہوتے ہوئے جھانکیں گے کہ شاید اس مصیبت سے رہائی ہو جائے ، پھر ان سب سے پوچھے گا کہ اسے پہچانتے ہو؟ سب کہیں گے : ہاں ! یہ موت ہے ، وہ ذبح کر دی جائے گی اور کہے گا : اے اہلِ نار ! ہمیشگی ہے ، اب موت نہیں ۔ اس وقت اُن کے لیے غم بالائے غم ہوگا ۔ ( [14])
[1] پ۳۰ ، المرسلٰت : ۳۲ ، ۳۳ ۔
[2] مسند امام احمد ، مسند ابی سعید الخدری ، ۴ / ۵۸ ، حدیث : ۱۱۲۳۳ ۔
[3] مسند امام احمد ، مسند الشامیین ، ۶ / ۲۱۶ ، حدیث : ۱۷۷۲۹ ۔
[4] معجم اوسط ، ۲ / ۷۸ ، حدیث : ۲۵۸۳ ۔
[5] شرح السنة ، کتاب الفتن ، باب صفة النار واھلھا ، ۷ / ۵۶۵ ، حدیث : ۴۳۱۶ ۔
[6] ابن ماجہ ، کتاب الزھد ، باب صفة النار ، ۴ / ۵۳۱ ، حدیث : ۴۳۲۴ ۔
[7] موسوعة ابن ابی الددنیا ، کتاب الرقة والبکاء ، ۳ / ۱۹۰ ، رقم : ۱۰۴ ۔
[8] پ۳۰ ، التین : ۴ ۔
[9] بہار شریعت ، حصہ اول ، ۱ / ۱۷۰ ۔
[10] بخاری ، کتاب الرقاق ، باب صفة الجنة والنار ، ۴ / ۲۶۰ ، حدیث : ۶۵۵۱ ۔
[11] ترمذی ، کتاب صفة جھنم ، باب ماجاء فی عظم اھل النار
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع