30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
دوسرا باب وقت کا ضیاع
(Wastage of Time)
ہماری زندگی کے لمحات انمول ہیں، ہمیں چاہئے کہ ہم اپنے ان لمحات کی قدر کریں کیونکہ وقت ایک ایسی دولت ہے جس کے درست استعمال سے انسان بلندی پر پہنچ سکتا ہے جبکہ اس کو ضائع کرنے سے انسان پستی کا شکار ہو سکتا ہے۔ جو شخص وقت کی اہمیت نہیں جانتا وہ اس کو ضائع کر دیتا ہے،جب یہ گزر جاتا ہےتو پچھتانے کے سوا کچھ باقی نہیں رہتا کیونکہ گیا وقت کبھی لوٹ کر واپس نہیں آتا۔
یاد رہے! اگر ہم وقت کو ضائع کرنے والے کے پاس بىٹھ گئے تو ہم بھى وقت کو ضائع کرىں گے اور اگر ہم وقت کى اہمىت جاننے والوں کے پاس اور ان کى صحبت مىں رہىں گے تو ہم بھى وقت کی قدر کرنے والے بن جائىں گے۔
گزرا ہوا وقت لوٹ کر نہیں آتا، چنانچہ روزانہ صبح جب سور ج طلوع ہوتا ہے تو اس وقت یہ اعلان کرتا ہے: اے ابنِ آدم! اگر آج کوئى اچھا کام کرنا ہے تو کر لو کہ آج کے بعد مىں پلٹ کر نہىں آؤں گا۔(1)
قىامت کےسوالات مىں سے اىک سوال ىہ بھی ہو گا کہ عمر (وقت )کن کاموں مىں گزاری۔(2)
جو وقت کو ضائع کرتا ہے وقت اس کو ضائع کر دیتا ہے، چنانچہ امام شافعى رحمۃُ اللہ علیہ فرماتے ہیں: اللہ والوں کى صحبت سے سىکھنے کو ملا کہ وقت تلوار کى طرح ہے تم اس کو ( نىک اعمال/حسن معاشرت سے) کاٹو، ورنہ ( فضولىات مىں مشغول کرکے) یہ وقت تم کو کاٹ دے گا۔(3)
موجودہ دور میں وقت اور سنتوں کی پابندی کے عظیم مبلغ و عامل امیر اہلسنت دامت برکاتہم العالیہ نے ارشاد فرمایا:
یہ سانس کی مالا اب بس ٹوٹنے والی ہے دل آہ! مگر اب بھی بیدار نہیں ہوتا
وقت کے ضیاع کی صورتیں:
(1)بلا ضرورت بازاروں میں گھومنا۔
(2) غیر شرعی اور فضول ٹی وی پروگرامز پر وقت گزارنا ۔
(3)موبائل فون اور انٹرنىٹ کا غیر شرعی اور فضول استعمال کرنا۔
(4) دوستوں کے ساتھ بے مقصد بیٹھنا اور فضول گوئی میں مصروف رہنا۔
1 بیہقی، احمد بن حسین بن علی، شعب الایمان، كتاب الصیام، باب ما جاء فی لیلۃ النصف من شعبان، رقم الحدیث: 3840۔
2 ترمذی، محمد بن عیسیٰ، سنن الترمذی، ابواب صفۃ القیامۃ...الخ، باب ما جاء فی شان الحساب والقصاص، رقم الحدیث: 2583۔
3 امیر اہلسنت، محمد الیاس قادری، انمول ہیرے، ص 17۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع