Book Name:Main Hayadar kesay bani?

اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ کی امیرِاہلسنّت پَررَحمت ہواوران کے صد قے ہماری مغفِرت ہو۔

صَلُّوْاعَلَی الْحَبِیب!                                            صلَّی اللّٰہُ تعالٰی عَلٰی محمَّد

{18}خوفناک بچّہ

            باب المدینہ  (کراچی)  کی ایک اسلامی بہن کے بیان کالب لباب ہے :کچھ عرصہ پہلے کی بات ہے کہ میری عزیزہ کے ساتھ ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جس کے بعد انہیں سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا چنانچہ وہ کہتی ہیں کہ چندماہ قبل میرا گزر ایک ایسی جگہ سے ہوا جہاں کوڑے کرکٹ کا ایک ڈھیر پڑا تھا۔ اچانک کیا دیکھتی ہوں کہ وہیں ایک بچہ ہاتھ میں پھول لیے کھڑا ہے۔ میں نے کوئی خاص توجہ نہ دی کیونکہ یہاں آبادی بھی تھی اس لئے کسی بچے کی موجودگی ایک عام سی بات تھی۔ میں اپنی دُھن میں آگے بڑھی اور بس میں سوار ہو گئی۔ یکایک وہی بچہ ہاتھ میں پھول لئے میرے سامنے آکھڑا ہوا اور مجھے پھول دینے لگا۔ میں فوراً چونک اٹھی خوف کے مارے میرا برا حال ہو گیا دہشت کے مارے میری زبان سے بند ہو گئی اور ڈر کے مارے میں رونے لگی۔ اسی اثناء میں میری منزل آ گئی۔ میں نے اس واقعے کو بھلانے کی بہت کوشش کی لیکن جب رات میں سونے لگی تو پھر اسی بچے کی شکل میرے سامنے آگئی۔ مجھ پرعجیب سا خوف طاری ہو گیا۔ وحشت کے مارے نیند بھی کوسوں دور بھاگ گئی۔ جیسے تیسے کر کے وہ رات تو کٹ گئی مگر اب یہ معمول ہو گیاکہ پوری رات ڈرتے ڈرتے آنکھوں ہی آنکھوں میں گزرنے لگی۔ وہ بچہ عجیب وغریب شکلیں بنا بنا کر سامنے آتا اور مجھے ڈراتا رہتا۔ بالآخر میں جس مدرسے میں پڑھتی تھی وہاں ایک اسلامی بہن کو تمام صورتحال سے آگاہ کیا انہوں نے مجھے تسلی دی اور نماز پڑھنے کی تلقین کی۔ اسی رات میں نے خواب دیکھا کہ اس اسلامی بہن  (جنہوں نے مجھے حوصلہ دیاتھا)  کو اس بچے نے بے رحمی و سفاکی سے ٹکڑے ٹکڑے کر کے میرے سامنے ڈال دیا۔ اس کی وجہ سے مجھ پر ایسا خوف طاری ہوا کہ میں نے اس اسلامی بہن سے ملنا ہی کم کر دیا۔ بالآخر میں نے اسی اسلامی بہن کی ترغیب پر رات کو سوتے وقت شجرۂِ عطاریہ سرہانے رکھنے کا معمول بنا لیا۔ جیسے ہی میں نے یہ عمل شروع کیا اَلْحَمْدُلِلّٰہ عَزَّوَجَلَّ اسی رات سے سکون کی نیند نصیب ہونے لگی  (ورنہ میں تقریباً چارماہ سے چین کی نیندنہ سوسکی تھی)  میرا ڈر ختم ہو گیا اور کوئی بھیانک خواب بھی نظر نہ آیا۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّوَجَلَّ پابندی سے شجرۂِ عطاریہ کے اوراد پڑھنے اور رات کو سوتے وقت سرہانے رکھنے کی برکت سے وہ بچہ جوکبھی عورت کی شکل میں آ کر پوری پوری رات مجھے جگاتا اور خوف میں مبتلا کر تاتھا وہ ایسا دور ہوا کہ جیسے کبھی تھا ہی نہیں ۔

اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ کی امیرِاہلسنّت پَررَحمت ہواوران کے صد قے ہماری مغفِرت ہو۔

صَلُّوْاعَلَی الْحَبِیب!                                            صلَّی اللّٰہُ تعالٰی عَلٰی محمَّد

{19}حافظہ مضبوط ہو گیا

            ضلع لودھراں  (پنجاب ، پاکستان)  کی مقیم اسلامی بہن کے مکتوب کا خلاصہ ہے کہ میری یادداشت بہت کمزور تھی۔ اوّل تو کوئی چیز یاد ہی نہیں ہوتی تھی اگر ہو بھی جاتی تو کچھ ہی دنوں بعد بھول جاتی۔ حافظے کی کمزوری کا یہ عالم تھا کہ گھر میں چیزیں رکھ کر بھول جاتی۔ جسکی وجہ بہت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا۔ گھر والے میری اس عادت سے بے زار تھے۔ بارہا والدہ سے ڈانٹ بھی پڑتی یوں مجھے گھروالوں کے سامنے شرمندگی بھی اٹھانا پڑتی۔ جب میں نے تعویذاتِ عطاریہ کے ذریعے بیماروں کی شفایابی،  پریشان حالوں کی خوشحالی،  بے جا مقدمات سے خلاصی اور قرضوں کے بوجھ تلے دبے فرسودہ حال لوگوں کی آسودہ حالی کے ایمان افروز واقعات سنے تو مجھے بھی امید کی کرن نظر آنے لگی۔ میں نے حافظے کے لیے بستے سے تعویذات منگوائے اور بتائے ہوئے طریقہ کے مطابق استعمال کرنا شروع کر دیے۔ اَلْحَمْدُلِلّٰہعَزَّوَجَلَّ  تعویذاتِ عطاریہ کی برکت سے میرا حافظہ قوی ہو گیا۔ اب کوئی بھی چیز یاد کرتی ہوں تو فورا ً یاد ہو جاتی ہے۔

اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ کی امیرِاہلسنّت پَررَحمت ہواوران کے صد قے ہماری مغفِرت ہو۔

صَلُّوْاعَلَی الْحَبِیب!                                            صلَّی اللّٰہُ تعالٰی عَلٰی محمَّد

آپ بھی مَدَنی ماحول سے وابستہ ہوجائیے

            خربوزے کودیکھ کرخربوزہ رنگ پکڑتاہے، تِل کوگلاب کے پھول میں رکھ دو تو اُس کی صُحبت میں رَہ کرگلابی ہوجاتاہے ۔اِسی طرح تبلیغِ قراٰن وسنّت کی عالمگیر غیرسیاسی تحریک دعوتِ اسلامی کے مَدَنی ماحول سے وابَستہ ہو کر عاشقانِ رسول کی صُحبت میں رہنے والا بے وَقعت پتّھر بھی اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ اور اس کے رسول صَلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی مہربانی سے انمول ہیرابن جاتا،  خوب جگمگاتا اور ایسی شان سے پَیکِ اَجَل کولَبَّیْک کہتاہے کہ دیکھنے سننے والا اس پر رَشک کرتا اور ایسی ہی موت کی آرزوکرنے لگتا ہے۔ آپ بھی تبلیغِ قراٰن وسنّت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک دعوتِ اسلامی کے مَدَنی ماحول سے وابستہ ہوجائیے۔ اپنے شہر میں ہونے والے دعوتِ اسلامی کے ہفتہ وار سنّتوں بھرے اِجتماع میں شرکت اور راہِ خدا میں سفر کرنے والے عاشقانِ رسول کے مَدَنی قافلوں میں سفر کیجئے اورشیخِ طریقت امیرِاہلسنّت دَامَت بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے عطاکردہ مَدَنی انعامات پر عمل کیجئے،  اِن شآء اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ آپ کو دونوں جہاں کی ڈھیروں بھلائیاں نصیب ہونگی۔

مقبول جہاں بھرمیں ہودعوتِ اسلامی

صدْقہ تجھے اے ربِّ غفّارمدینے کا

 



Total Pages: 8

Go To