Book Name:Naik Bannay aur Bananay kay Tariqay

            چنانچہدعوتِ اسلامی کے اِشاعتی ادارے مکتبۃُ الْمدینہ کا مطبوعہ رسالہ  ’’  ظلم کا انجام ‘‘  صَفْحَہ11تا13پر حضرتِ  علّامہ عبدالوہّاب شَعرانی  قُدِّسَ سرُّہُ النُّورانیکی کتاب  ’’  تَنْبِیْہُ الْمُغْتَرِّین ‘‘  کے حوالے سے نقل کیا گیا ہے کہ مشہور تابِعی بُزُرگ حضرتِ  سیِّدُنا وَہب بن مُنَبِّہ رَضِیَ  اللہ  تَعَالٰی عَنْہُ فرماتے ہیں : ایک اسرائیلی شخص نے اپنے پچھلے تمام گناہوں سے توبہ کی، ستَّر سال تک لگاتار اس طرح بندگی کرتا رہا کہ دن کو روزہ رکھتا اور رات کو جاگ کر عبادت کرتا، نہ کوئی عمدہ غذا کھاتا، نہ کسی سائے کے نیچے آرام کرتا۔ اُس کے انتِقال کے بعدکسی نے خواب میں دیکھ کر پوچھا: ما فَعلَ اللّٰہُ بِکَ ؟ یعنی  اللہ عَزَّوَجَلَّنے آپکے ساتھ کیا مُعامَلہ فرمایا؟   جواب دیا :  ’’   اللہ  عَزَّوَجَلَّ نے میرا حساب لیا، پھر سارے گناہ بخش دیئے مگر ایک لکڑی جس سے میں نے اس کے مالک کی اجازت کے بغیر دانتوں میں خِلال کرلیا تھا (اور یہ مُعامَلہ حُقُوق العباد کا تھا)اوروہ مُعاف کروانا رَہ گیا تھا اسکی وجہ سے میں اب تک جنَّت سے روک دیا گیاہوں ۔  (تنبیہ المغترین،ص۵۱)

سُدھرنے کیلئے توبہ کر لیجئے

          میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!  بَہرحال اس کی رحمت سے مایوس بھی نہ ہو نا چاہئے اور اس کی بے نیازی سے غافل بھی نہیں رہنا چاہئے۔ عافیت اسی میں ہے کہ فوراً اپنے سابِقہ گناہوں سے سچّی پکی توبہ کر لیں بے شک  اللہ       عَزَّوَجَلَّتوبہ قبول کرنے والا ہے اور آئندہ گناہوں سے بچنے اور نیک بننے کے لیے روزانہ فکر ِ مدینہ (یعنی اپنا محاسبہ)  کیجیے!  اس ضمن میں امیر ِاَہلسنَّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ فرماتے ہیں :

           میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!  مسلمانوں کی دنیا و آخرت بہتر بنانے کے لیے سوال نامے کی صورت میں اسلامی بھائیوں کے لیے 72، اسلامی بہنوں کے لیے63، دینی طلبہ کے لیے 92اور دینی طالبات کے لیے 83، جبکہ مدنی منوں اور مُنّیوں کے لیے 40 مدنی انعامات پیش کیے گئے ہیں ،  مدنی انعامات کا رسالہ مکتبۃ المدینہ سے مل سکتا ہے، روزانہ فکر مدینہ کے ذریعے اس کو پُر کرکے مدنی ماہ کی 10تاریخ کے اندر اندر اپنے یہاں کے دعوتِ اسلامی کے ذمہ دار کو جمع کروانا ہوتا ہے۔ اپنے گناہوں کا احتساب کرنے، قبر و حشر کے بارے میں غور و فکر کرنے اور اپنے اچھے بُرے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے مدنی انعامات کا رسالہ پُر کرنے کو دعوتِ اسلامی کے مدنی ماحول میں  ’’   فکر ِ مَدینہ  ‘‘   کرنا کہتے ہیں ۔

                                 آپ بھی یہ رسالہ حاصل کرلیجئے!  اگر فی الحال پُر نہیں کرنا چاہتے تو نہ سہی اتنا تو کیجئے کہ ولیٔ کامل ،  عاشقِ رسول ،  اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان  عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْمَنَّانکی پچیسویں شریف کی نسبت سے روزانہ کم از کم 25 سیکنڈز کے لیے اس کو دیکھ لیجئے اِنْ شَآءَ اللہ  عَزَّ وَجَلَّ دیکھنے سے اور پڑھتے رہنے سے فکر ِ مدینہ کرنے اور اِس رسالہ کو بھرنے کا ذہن بنے گا اور اگر بھرنے کا معمول بن گیا تو  اللہ عَزَّوَجَلَّ اس کی برکتیں آپ خود ہی دیکھ لیں گے۔

مدنی انعامات پر کرتا ہے جو کوئی عمل

مغفرت کر بے حساب اس کی خدائے  لَمْ یَزَلْ

مدنی انعامات کے رسالے کی بَرَکت

          میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!  مدنی انعامات نے نہ جانے کتنے اسلامی بھائیوں اور اسلامی بہنوں کی زندگیوں میں مدنی اِنقلاب برپا کردیا ہے، اس کی ایک جھلک ملاحظہ ہو!  

            چنانچہ نیوکراچی(پاکستان) کے ایک اسلامی بھائی کا کچھ اس طر ح بیان ہے: علاقے کی مسجد کے امام صاحب جو کہ دعوتِ اسلامی سے وابستہ ہیں انہوں نے انفرادی کوشش کرتے ہوئے میرے بڑے بھائی جان کو مدنی انعامات کا ایک رسالہ تحفے میں دیا، وہ گھر لے آئے اورپڑھا تو حیران رہ گئے کہ اس مختصر سے رسالے میں ایک مسلمان کو اسلامی زندگی گزارنے کا اتنا زبردست فارمولا دے دیا گیا ہے۔مدنی انعامات کا رسالہ ملنے کی برکت سے اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عزَّوَجَلَّ ان کو نمازپڑھنے کا جذبہ ملا اور نماز باجماعت کی ادائیگی کے لیے مسجد میں حاضر ہوگئے اور اب پانچ وقت کے نمازی بن چکے ہیں ،  داڑھی مبارک بھی سجالی اور مدنی انعامات کا رسالہ بھی پُر کرتے ہیں ۔

مدنی انعامات کے عامل پہ ہر دم ہر گھڑی

یاالٰہی!  خوب برسا رحمتوں کی تو جھڑی

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب                صَلَّی اللّٰہُ  تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

          میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!  بیان کو اِختِتام کی طرف لاتے ہوئے سنّت کی فضیلت اور چند سنّتیں اور آداب بیان کرنے کی سعادت حاصِل کرتا ہوں ۔

          تاجدارِ رسالت، شَہَنْشاہِ نُبُوَّت، مصطفی جانِ رحمت، شمعِ بزمِ ہدایت ، نوشۂ بزمِ جنت صَلَّی  اللہ  تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ  کا فرمانِ جنت نشان ہے:  ’’ جس نے میری سنّت سے مَحَبَّت کی اُس نے مجھ سے مَحَبَّت کی اور جس نے مجھ سے مَحَبَّت کی وہ جنت میں میرے ساتھ ہو گا۔  ‘‘  ( تاریخ مدینۃ دمشق لابن عساکر، انس بن مالک ،  ج۹ ،  ص۳۴۳ )

          لہٰذا پانی پینے کے12 مدنی پھول قبول فرمائیے(اس کتاب کے صفحہ نمبر 630سے بیان کریں )

٭٭٭٭٭٭

دُعا قبول ہونے کاوقت     

      فرمانِ مصطفیصَلَّی  اللہ  تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ : ’’ اذان اور اقامت کے درمیان دُعا رد نہیں کی جاتی۔ ‘‘  (سنن أبی داود،ج۱،ص۲۲۰، حدیث:۵۲۱)

 



Total Pages: 194

Go To