Book Name:Hajj o Umrah Ka Mukhtasar Tariqa

تَبَرُّکًا

چُھوئیں ، صِرف اُلٹے ہاتھ سے نہ چُھوئیں ۔ موقع مُیَسَّر آئے تو رُکنِ یَمانی کو بوسہ بھی دے لینا چاہیے مگر یہ اِحتِیاط ضَروری ہے کہ قدم اور سینہ کعبۂ مُشَرَّفہ کی طرف نہ ہوں ، اگر چُومنے یا چُھونے کا موقع نہ ملے تو یہاں ہاتھوں کو چُومنا     سُنَّت نہیں ہے ۔

            اب کعبۂ مُشَرَّفہ کے تین کونوں کا طواف پورا کرکے آپ چوتھے کونے ’’رُکنِ اَسوَد‘‘ کی طرف بڑھ رہے ہیں ، ’’رُکنِ یَمانی‘‘ا ور رُکنِ اَسوَد کی دَرمِیانی دیوار کو ’’مُستَجاب‘‘ کہتے ہیں ، یہاں دُعا پراٰمین کہنے کے لئے ستَّر ہزار فرشتے مقرَّر ہیں ۔ آپ جو چاہیں اپنی زَبان میں اپنے لئے اور تمام مسلمانوں کے لئے دُعا مانگئے یا سب کی نیَّت شامل کر کے ایک مرتبہ دُرُود شریف پڑھ لیجئے ، نیز یہ قرآنی دُعا بھی پڑھ لیجئے :

رَبَّنَاۤ اٰتِنَا فِی الدُّنْیَا حَسَنَةً وَّ فِی الْاٰخِرَةِ حَسَنَةً وَّ قِنَا عَذَابَ النَّارِ(۲۰۱)    (پ۲، البقرۃ:۲۰۱)

ترجَمۂ کنز الایمان: اے ربّ ہمارے ! ہمیں دنیا میں بھلائی دے اور ہمیں آخرت میں بھلائی دے اور ہمیں عذابِ دوزخ سے بچا ۔

            اے لیجئے ! آپ حجرِ اَسوَد کے قریب آپہنچے یہاں آپ کا ایک چکَّر پورا ہوا ۔  لوگ یہاں ایک دوسرے کی دیکھا دیکھی دُور ہی دُور سے ہاتھ لہراتے ہوئے گزر رہے ہوتے ہیں ایسا کرنا ہرگز سُنَّت نہیں ، آپ حسبِ سابِق اِحتِیاط کے ساتھ رُوبہ قِبلہ حجرِ اَسوَد کی طرف مُنہ کر لیجئے ۔  اب نیَّت کرنے کی ضَرورت نہیں کہ وہ تو اِبتداء ً ہوچکی، اب دوسرا چکَّر شُروع کرنے کے لئے پہلے ہی کی طرح دونوں ہاتھ کانوں تک اُٹھا کر یہ دُعا: بِسْمِ اللّٰہِ وَ الْحَمْدُ لِلّٰہِ وَ اللّٰہُ اَ کْبَرُ وَ الصَّلٰوۃُ وَ السَّلَامُ عَلٰی رَسُوْلِ اللّٰہ ط پڑھ کر اِستِلام کیجئے ۔  یعنی موقع ہو تو حجرِ اَسوَد کو بوسہ دیجئے ورنہ اُسی طرح ہاتھ سے اِشارہ کر کے اُسے چُوم لیجئے پہلے ہی کی طرح کعبہ شریف کی طرف مُنہ کر کے تھوڑاسا سَرَکئے ۔  جب حجرِ اَسوَد سامنے نہ رہے تو فوراً اُسی طرح کعبۂ مُشَرَّفہ کواُلٹے ہاتھ کی طرف لئے طواف میں مَشغُول ہوجائیے اوردُرُود شریف یادعا ئیں پڑھتے ہوئے دوسرا چکّر شُروع کیجئے ۔

            رُکنِ یَمانی پر پہنچنے سے پہلے پہلے دُعائیں یا دُرُود پاک ختم کردیجئے ۔  اب موقع ملے تو پہلے کی طرح بوسہ لے کر یا پھر اُسی طرح چُھوکر دُرُود شریف پڑھ کر حجرِ اَسوَدکی طرف بڑھتے ہوئے حسبِ سابِق دُعائے قرآنی پڑھئے : 

رَبَّنَاۤ اٰتِنَا فِی الدُّنْیَا حَسَنَةً وَّ فِی الْاٰخِرَةِ حَسَنَةً وَّ قِنَا عَذَابَ النَّارِ(۲۰۱)     (پ۲، البقرۃ:۲۰۱)

ترجَمۂ کنز الایمان: اے ربّ ہمارے ! ہمیں دنیا میں بھلائی دے اور ہمیں آخرت میں بھلائی دے اور ہمیں عذابِ دوزخ سے بچا ۔

          اے لیجئے !آپ پھر حجرِ اَسوَدکے قریب آپہنچے ۔  اب آپ کا دوسرا چکّر بھی پورا ہوگیا ۔ پھر حسبِ سابِق دونوں ہاتھ کانوں تک اُٹھاکریہ دُعا: بِسْمِ اللّٰہِ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ وَاللّٰہُ اَ کْبَرُ وَ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی رَسُوْلِ اللّٰہ ط پڑھ کر حجرِ اَسوَدکا اِستِلام کیجئے اور پہلے ہی کی طرح تیسراچکّر شُروع کیجئے اور دُرُود شریف یادعائیں پڑھتے رہئے ۔ اِسی انداز میں ساتوں چکر پورے کیجئے ۔  ساتویں چکر کے بعد حجرِ اَسوَد پر پہنچ کر آپ کے سات پھیرے مکمل ہوگئے مگر پھر آٹھویں بار حسبِ سابِق دونوں ہاتھ کانوں تک اُٹھا کر یہ دُعا: بِسْمِ اللّٰہِ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ وَاللّٰہُ اَ کْبَرُ وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی رَسُوْلِ اللّٰہ ط پڑھ کر اِستِلام کیجئے اور یہ ہمیشہ یادر کھیے کہ جب بھی طواف کریں اُس میں پھیرے سات ہوتے ہیں اور اِستِلام آٹھ ۔  

مَقامِ ابراہیم

            اب آپ اپنا سیدھا کندھا ڈھانپ لیجئے اور مَقامِ اِبراہیم عَلَیْہِ السَّلَام پر آکر یہ آیتِ مقدَّسہ پڑھیے :

وَ اتَّخِذُوْا مِنْ مَّقَامِ اِبْرٰهٖمَ مُصَلًّىؕ-   (پ۱، البقرۃ:۱۲۵)

ترجَمۂ کنزالایمان: اور ابراہیم(عَلَیْہِ السَّلَام) کے کھڑے ہونے کی جگہ کو نماز کامقام بناؤ ۔

نمازِ طواف

    اب مقامِ ابراہیم (عَلَیْہِ السَّلَام) کے قریب جگہ ملے تو بہتر ورنہ مسجد ِحرام میں جہاں بھی جگہ ملے اگر وَقتِ مکروہ نہ ہو تو دو رَکعَت نمازِ طواف ادا کیجئے ، پہلی رَکعَت میں سورۂ فاتِحہ کے بعد قُلْ یٰۤاَیُّهَا الْكٰفِرُوْنَۙ اور دوسری میں قُلْ هُوَ اللّٰهُ اَحَدٌۚ  شریف پڑھئے ، یہ نَماز واجِب ہے اور کوئی مجبوری نہ ہو تو طواف کے بعد فورا ًپڑھنا سُنَّت ہے ۔ اکثر لوگ کندھا کُھلارکھ کر نَماز پڑھتے ہیں یہ مکروہِ تحریمی ہے ، ایسی نَماز کا دوبارہ لوٹا نا واجِب ہے ۔  اِضطِباع یعنی کندھا کُھلا رکھنا    صِرف اُس طواف کے ساتوں پَھیروں میں ہے جس کے بعد سَعی ہوتی ہے ۔  اگر وَقتِ مکروہ داخِل ہوگیا ہو تو بعد میں پڑھ لیجئے اور یاد رکھیے اس نَماز کا پڑھنا لازِمی ہے ۔ نَماز پڑھ کر مسنون دعائیں پڑھ لیجئے ۔

اب مُلتَزَم پر آئیے ...!

 



Total Pages: 17

Go To