Book Name:Chanday Kay Baray Main Sawal Jawab

حدیثِ پاک میں  ہے :  ’’ فِتنہ سو رہا ہے اُس کے جگانے والے پر اللہعَزَّوَجَل کی لعنت ۔ ‘‘ (اَ لْجامِعُ الصَّغِیر ص ۳۷۰حدیث ۵۹۷۵  )

سُنّی مدارِس کی کھالیں  مت کاٹیئے

سُوال : اگر کوئی کہے کہ میں  ہر سال فُلاں  سُنّی اِدارے کو کھال دیتا ہوں  ۔ اُس کو یہ سمجھانا کیسا کہ اِس سال ہمارے دینی ادارے مَثَلاً دعوتِ اسلامی کو کھال دے دیجئے ۔  

جواب :  اگر وہ صاحِب کسی ایسی جگہ کھال دیتے ہیں  جو کہ اُس کا صحیح مَصرف ہے تو اُ س ادارے کو محروم کر کے اپنی تنظیم کیلئے کھال حاصِل کر لینا اُس اِدارے والوں  کیلئے صدمے کا باعِث ہو گا ، یوں  آپس میں کشیدگی پیدا ہو گی لہٰذا ہر اُس کام سے اجتِناب کیجئے جس سے مسلمانوں  میں  باہم رَنجِشیں  ہوں  مسلمانوں  کو نفرت و وَحشت سے بچانا بَہُت ضَروری ہے ۔  جیسا کہ حُضُورِ اکرم، نُورِ مُجَسَّم، شاہِ بنی آدم ، رسولِ مُحتَشَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ  کا ارشادِ معظَّم ہے :   بَشِّرُوا  وَلَا تُنَفِّرُوْا ۔  یعنی خوشخبری سناؤ اور( لوگوں  کو) نفرت نہ دلاؤ ۔ ( بُخاری ج۱ ص ۴۲ حدیث ۶۹ )

سُنّی مدرَسے کو کھال خوددے آئیے

سُوال :  اگر کہیں  دعوتِ اسلامی کیلئے کھال لینے پہنچے ، اُس نے ایک ہمیں  دی اور ایک کھال بچا کر رکھتے ہوئے کہا کہ یہ اہلسنّت کے فُلاں  دارالعلوم کو دینی ہے ۔ آپ آدھے گھنٹے کے بعد معلوم کر لیجئے اگر وہ لینے نہ آئیں  تو یہ کھال بھی آپ ہی لے لیجئے ۔ ایسی صورت میں  کیا کرنا چاہئے ؟

جواب :  یہ ذِہن میں  رہے کہ قربانی کی کھالیں  اِکٹّھی کرنا دعوتِ اسلامی کا’’ مقصد ‘‘نہیں  ’’ضَرورت‘‘ ہے ۔ دعوتِ اسلامی کا ایک مقصد نیکی کی دعوت عام کرنے کی غَرَض سے نفرتیں  مٹانا اور مسلمانوں  کے دلوں  میں  مَحَبَّتوں   کے چَراغ جَلانا بھی ہے  ۔ تمام سنّی ادارے ایک طرح سے دعوتِ اسلامی ہی کے ادارے ہیں  اور دعوتِ اسلامی تمام سُنّی اداروں  کی اپنی اپنی اور اپنی سنّتوں  بھری تحریک ہے ۔ مُمکِنہ صورت میں  اچّھی اچّھی نِیتَّیں   کر کے آپ خود اُس سُنّی دارالعلوم کو کھال پہنچاد یجئے ۔  اِس طرح اِنْ شَآءَاللہ عَزَّ    وَجَلَّ مسلمانوں  کا دل بھی خوش کرنے کی سعادت حاصِل ہو گی ۔  تاجدارِ رسالت ، شَہَنْشاہِ نُبُوَّت ، مصطَفٰے جانِ رحمت، شمعِ بزمِ ہِدایت، محبوبِ  ربُّ الْعِزَّت صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ  نے ارشاد فرمایا  : ’’ فرائض کے بعد سب اَعمال میںاللہ عَزَّ    وَجَلَّ  کو زیادہ پیارا، مسلمان  کا دل خوش کرنا ہے ۔    (اَلْمُعْجَمُ الْکَبِیْرج۱۱ص۵۹حدیث۱۱۰۷۹)

اپنی قربانی کی کھال بیچ دی تو؟

 



Total Pages: 50

Go To