Book Name:Chanday Kay Baray Main Sawal Jawab

سُوال :  اگر بڑی عمارت میں  مدرَسہ ہو اور ساری عمارت کیلئے پانی کی ایک ہی ٹنکی ہو تو کیا اب بھی مدرسے کے نل سے نکلنے والا پانی مدرسے ہی کا کہلائے گا؟

جواب :  جی نہیں ، ایسی صورت میں یہ پانی مدرَسے کے وَقف کا پانی نہیں  کہلائے گا ۔ ہاں  مدرَسے کی اپنی جُداگانہ ٹنکی میں  جمع شُدہ پانی مدرَسے کیلئے وَقف کا پانی شمار ہو گا ۔

 مسجِد کی اشیاء مدرَسے میں  استِعمال کرناکیسا؟

سُوال :  اگرمسجِد اور مدرَسے کی عمارت ساتھ ساتھ ہو توایسی صورت میں  مسجِدکی دریاں  ، رحل، قراٰنِ پاک وغیرہ مدرَسے میں  اور مدرَسے کی اِسی طرح کی اشیاء مسجِد میں  استعمال کی جا سکتی ہیں  یا نہیں ؟

جواب :  نہیں  کر سکتے ۔ جوچیزیں  مدرَسے کے  طَلَبہ کیلئے کسی نے وَقف کیں  وہ  طَلَبہ ہی کام میں  لائیں  اور جو مسجِد میں  نَمازیوں  کیلئے وقف کی گئیں  وہ مسجِد کے نَمازی ہی استعمال کریں  ۔ ہاں  طَلَبہ بھی اگر مسجِد ہی میں  آ کر وہاں  کے قراٰنِ پاک میں  سے تلاوت کریں تو کوئی حرج نہیں  ۔ تاہم ان پر اپنا نام وپتا نیز سبق وغیرہ کیلئے قلم سے نشانات نہیں لگا سکتے ۔ البتّہ وہ مدارس جن کی الگ سے کوئی حیثیت نہیں  ہوتی اور وہ مسجِد ہی کی عمارت میں  ایک طرف مخصوص جگہ پر قائم ہوتے ہیں جنہیں  ’’مسجد کا مدرَسہ‘‘ بھی کہا جاتاہے ۔ ان میں  اگر مدرَسے کی کوئی شے مسجد میں  لے جاکر استعمال کی جائے تو حَرَج نہیں  کیونکہ عُرفاً ایسی جگہوں  کیلئے فرق نہیں  کیاجاتا اور استِعمال میں بھی عُرف یہی ہوتاہے ۔

مسجد و مدرَسے کی اشیاء جدا جدا رکھنے کے مَدَنی پھول

سُوال : جہا ں  مسجِد و مدرسۃ المدینہ ساتھ ساتھ ہو ں وہاں  یہ احتیاطیں  نہایت ہی دشوارہوتی ہیں  اگر اِ س ضمن میں  کوئی مَدَنی پھول مل جائیں  تو مدینہ مدینہ  ۔

جواب :  جہاں  مسجد و مدرَسہ ساتھ ساتھ ہو مگر وہ مدرَسہ ’’ مسجد کا مدرَسہ ‘‘نہ ہو وہاں مسجِد کے کلامِ پاک پر اِس طرح کی مہر لگا لی جائے : وَقف برائے مسجِد ، مدرَسے میں  لے جانا منع ہے ۔ اِسی طرح مدرَسے کے کلامِ پاک پر یہ مُہر لگایئے :  وَقف برائے مدرَسۃُ المدینہ ، مسجد میں  لیجانا منع ہے ۔ اگر وَقف کرنے والے سے صَراحَۃً اجازت لے لی ہے کہ مسجِد و مدرَسہ دونوں  جگہ استعمال کرنے کاہر طرح سے اِختیار ہے تویوں  مہر لگا یئے :  وَقف برائے مسجد و مدرَسۃُ المدینہ ۔ اِسی طرح دریوں  اور دیگر چیزوں  کیلئے علامات مقرَّر کر دیجئے مَثَلاً مدرَسے کی چیزوں  پر تارہ٭ اور مسجِد کی اشیا پر چاند بنا دیجئے اور طلبہ وغیرہ کو ان علامات کے بارے میں  سمجھا دیجئے ۔

مدرَسے کی کتابوں  پر اپنا نام وغیرہ لکھناکیسا؟

سُوال :  طَلَبہ مدرَسے کے مُصحَف شریف ، قاعِدے یا درسی کتابوں  پر اپنا نام وغیرہ لکھ سکتے ہیں  یا نہیں ؟

 



Total Pages: 50

Go To