Book Name:Aaina e Qayamat

صدمے واں پہنچے علی اورحسن کو کیاکیا                                  جانا کوفہ کا تو ہرگز نہیں بہتر مت جا

حق نما آئینہ ہے رخ ترا اندھے ہیں وہی                                 لے کے اندھوں میں یہ آئینہ سکندر مت جا

سنگِ باراں سے بچا جامِ بلوریں اپنا                             ایسے لوگوں میں جوپتھر سے ہیں بدترمت جا

گلِ شادابِ نبی اپنے چمن سے نہ نکل                                 نازنیں پھول ہے تُوکانٹوں کے اندرمت جا

چلتے ہیں صرصرِآفات کے مُظْلِم جھونکے                    شمع رُو قلعۂ فانوس سے باہر مت جا

بُوسعید، ابنِ عمر، جابر، و ابنِ عباس                           تھایہی کلمہ سب اصحاب کے لب پر مت جا

بیدل ؔاس شاہ کومقتل میں قضا لے ہی گئی                    کہتے سب رہ گئے اے دین کے سرورمت جا

          جب امام کے بھائی امام محمدبن حنفیہ(رضی اللہ تعالٰی عنہ )  کوروانگی امام کی خبر پہنچی، طشت میں وضو فرما رہے تھے ،اس قدرروئے کہ طشت آنسوؤں سے بھردیا ،امام تھوڑی دور پہنچے ہیں کہ فَرَزدَق شاعرکوفے سے آتے ملے ، کوفیوں کاحال پوچھا،عرض کیا: ’’اے رسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلم کے جگر پارے !ان کے دل حضور کے ساتھ ہیں اوران کی تلواریں بنی امیہ کے ساتھ ،قضاآسمان سے اترتی ہے اورخداجوچاہتاہے کرتا ہے۔ ‘‘

{ابن زیاد کی جانب سے ناکہ بندی}

          غرض ادھر توامام (رضی اللہ تعالٰی عنہ )  روانہ ہوئے ،ادھر ابن زیاد بدنہاد بانی فسادکو یہ خبر پہنچی،قادسیہ سے خفان وکوہ لعلع اورقطقطانہ تک فوج سے ناکہ بندیاں کرادیں اور قیامت تک مسلمانوں کے دلوں کوگھائل کرنے اورکلیجوں میں گھاؤڈالنے کی بنیاد ڈال دی۔ امام مظلوم (رضی اللہ تعالٰی عنہ ) نے قیس بن مسہرکواپنی تشریف آوری کی اطلاع دینے کوفے بھیجا،جب یہ مرحوم قادسیہ پہنچے ،ابن زیاد کے سپاہی گرفتارکرکے اُس خبیث کے پاس لے گئے ۔اس مردود نے کہا:’’اگرجان کی خیرچاہتے ہو تو اس چھت پرچڑھ کرحسین کوگالیاں دو۔‘‘یہ سن کروہ خاندانِ نبوت کافدائی اہلِ بیت ِرسالت کا شیدائی چھت  پر گیا اور اللہ تبارک وتعالٰی کی حمدوثناکے بعد بلند آواز سے کہنے لگا: ’’حسین! آج تمام جہان سے افضل ہیں ،رسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلم کی صاحبزادی فاطمہ زہرا (رضی اللہ تعالٰی عنہا) کے کلیجے کے ٹکڑے ہیں ،مولیٰ علی(رضی اللہ تعالٰی عنہ ) کی آنکھوں کے نور،دل کے سُرُورہیں ان کاقاصد ہوں ،ان کا حکم مانو اور ان کی اطاعت کرو‘‘پھر کہا: ابنِ زیاد اور اس کے باپ پرلعنت۔ آخرِ کار اس مردک نے جل کرحکم دیا کہ چھت سے گرا کرشہید کئے جائیں۔(الکامل فی التاریخ،ذکر مسیر الحسین الی الکوفۃ،ج۳،ص۴۰۲)

          اس وقت اس بادۂ الفت کے متوالے کابے قراردل ،امامِ عرش مقام کی طرف منہ کئے التجا کے لہجے میں عرض کر رہا ہے :      ؎

بجرم ([1])عشق توام مے کشندغوغائیست

تونیزبرسربام آکہ خوش تماشائیست

{ زہیر بن قین بجلی رضی اللہ تعالٰی عنہ  کی معیت}

          امام مظلوم (رضی اللہ تعالٰی عنہ ) آگے بڑھے توراہ میں زہیر بن قین بجلی(رضی اللہ تعالٰی عنہ )  ملے،وہ حج سے واپس آتے تھے اورمولیٰ علی (رضی اللہ تعالٰی عنہ ) سے کچھ کدورت رکھتے تھے ۔ دن بھر امام کے ساتھ رہتے ،رات کو علیحدہ ٹھہرتے ۔ایک روز امام نے بلا بھیجا، بکراہت آئے ،خداجانے کیا فرمادیااورکس اداسے دل چھین لیا کہ اب جو واپس آئے تواپنااسباب امام (رضی اللہ تعالٰی عنہ )  کے اسباب میں رکھ دیا اورساتھیوں سے کہا: جومیرے ساتھ رہنا چاہے رہے ورنہ یہ ملاقات پچھلی ملاقات ہے ،پھر اپنا سامان لے آنے اور امام (رضی اللہ تعالٰی عنہ ) کے ساتھ ہوجانے کا سبب بیان کیا کہ شہر بلنجر پرہم نے جہاد کیا ،وہ فتح ہوا،کثیر غنیمتوں کے ملنے پر ہم بہت خوش ہوئے ۔حضرت سلمان فارسی  رضی اللہ تعالٰی عنہ  نے فرمایا:’’جب تم جوانانِ آلِ محمد صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم کے سردار کوپاؤ توان کے ساتھ دشمن سے لڑنے پراس سے زیادہ خوش ہونا۔‘‘اب وہ وقت آگیا،میں تم سب کو سپردبخداکرتاہوں ،پھر اپنی بی بی کو طلاق دے کرکہا: ’’گھر جاؤ، میں نہیں چاہتاکہ میرے سبب سے تم کو کچھ نقصان پہنچے ۔ ‘‘ (الکامل فی التاریخ،ذکر مسیر الحسین الی الکوفۃ،ج۳،ص۴۰۳)

 



[1]    یعنی تیرے عشق کے جرم میں مجھے قتل کر رہے ہیں اس لیے شورو غوغا ہے تو بھی چھت پر آکے دیکھ کہ بہت خوبصورت نظارہ ہے۔



Total Pages: 42

Go To