Book Name:Gunaho ke Azabat Hissa 1

حَسَد سے بچنے کے لئے

٭ زِیادہ طَلَبی کی حِرْص خَتْم کیجئے اور جو مِلا جتنا مِلا اس پر اللہ پاک کا شکر ادا کرتے ہوئے قناعَت اِخْتِیار کیجئے ۔ ٭ دوسروں کی نعمتوں کے بارے میں زیادہ سوچنا چھوڑ دیجئے کیونکہ اپنے سے زیادہ نعمتوں والے کے بارے میں سوچتے رہنے سے اَکْثَر اِحْسَاسِ کَمْتری پیدا ہوتا ہے  جس سے حَسَد جَنْم لیتا ہے ۔ ٭ حَسَد کے نَتائج پر غَور کیجئے کہ حَسَد کرنے والا آدمی سُکُون میں نہیں رہتا، دوسروں سے نِعْمَت چھن جانے کی خَواہِش اسے ہمیشہ بے سُکُون رکھتی ہے اور یہ خود کو جہنّم کے دردناک عذاب کا حق دار بناتا ہے ۔ ٭ خود آگے بڑھ کر سلام اور مُصَافَحہ کرنے کی عادت اپنائیے ، اِنْ شَآءَ اللہ! اس کی برکت سے دل سے بُغْض وکینہ دُور ہو گا اور مَحَبَّت بڑھے گی اور حَسَد کا مَرْض بھی خَتْم ہو گا ۔ ٭ مَوت کو کثرت سے یاد کیجئے ، حضرت سیِّدنا ابودَرْدَاء رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے رِوَایت ہے کہ جو مَوت کو کثرت کے ساتھ یاد کرے اس کے حَسَد اور خوشی میں کمی آ جائے گی ۔( [1] )

مَدَنی مشورہ: حَسَد کے مُتَعَلِّق مزید مَعْلُومات جاننے کے لئے دعوتِ اسلامی کے اِشَاعَتی اِدارے مکتبۃ المدینہ کی مطبوعہ کِتَاب ”حَسَد“ کا مُطَالعہ کیجئے ۔

حلقوں میں یاد کروائی جانے والی دُعا

کسی مسلمان کو مُسْکراتا دیکھ کر پڑھنے کی دُعا

اَضْحَکَ اللّٰہُ سِنَّـکَ

ترجمہ: اللہ پاک آپ کو ہمیشہ مسکراتا رکھے ۔( [2] )

٭ ٭ ٭ ٭ ٭ ٭

دُرُود شریف کی فضیلت

فرمانِ مصطفے ٰ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم: تم جہاں بھی ہو مجھ پر دُرُود پڑھو کہ تمہارا دُرُود مجھ تک پہنچتا ہے ۔( [3] )

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                       صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

( 11 )...شراب ( Alcohol )

شراب کسے کہتے ہیں ؟

جو مائع ( Liquid ) ہو کر نَشَہ لائے وہ شراب ( Alcohol ) ہے خواہ وہ اَناج ( غلّہ ) سے بنائی گئی ہو یا پھلوں سے یا کسی اور شَے سے ۔( [4] )  

”شراب“ کے مُتَعَلِّق  مختلف اَحْکَام

( 1 ): شراب کسی قسم کی ہو مُطلقاً حرام ہے ۔( [5] )  ( 2 ): شراب کا ہر قطرہ حرام بھی ہے اور پیشاب ( Urine ) کی طرح نَجِس وناپاک بھی ۔( [6] )  ( 3 ): شراب کا بنانا، بنوانا، چُھونا، اُٹھانا، رکھنا، رکھوانا، بیچنا، بِکوانا، مَوْل لینا ( Purchase )، دِلوانا سب حرام، حرام، حرام ہے اور جس نوکری ( Job ) میں یہ کام یا شراب کی نگہداشت، اس کے داموں ( Charges ) کا حِسَاب کِتاب کرنا ہو، سب شرعاً ناجائز ہیں ۔( [7] )  ( 4 ): شراب پینا سَخْت گُنَاہِ کبیرہ اور پینے والا فاسِق، فاجِر، ناپاک، بے باک، مَردُود ومَلْعُون ہے ۔( [8] )

 



[1]    مصنف ابن ابى شيبه ،  كتاب الزهد ،  كلام ابى الدرداء رضى الله تعالى عنه ،  ٨ / ١٦٧ ،  حديث: ٤.

[2]    بخارى ،  كتاب بدء الخلق ،  باب صفة ابليس و جنوده ،  ص٨٤٠ ،  حديث: ٣٢٩٤  و الحصن الحصين ،  فيما يتعلق بالامور العلوية    الخ ،  ص١٠٤ ومدنی پنج سورہ ،  ص۲۰۷.

[3]     معجم كبير ،  ٢ / ٢١١ ،  حديث: ٢٦٦٣.

[4]     فتاویٰ رضویہ ،  ۲۵ / ۲۰۵ ،  ملخصاً.

[5]     فتاویٰ رضویہ ،  ۲۴ / ۱۹۳.

[6]     فتاویٰ رضویہ ،  ۲۵ / ۲۰۵.

[7]     فتاویٰ رضویہ ،  ۲۳ / ۵۶۵.

[8]     فتاویٰ رضویہ ،  ۲۵ / ۱۰۱.



Total Pages: 42

Go To