Book Name:Dilchasp Malomaat Sawalan Jawaaban Part 02

سوال      حضرت آدم عَلَیْہِ السَّلَام کی طرف معاذ اللہ ”گناہ یا نافرمانی“ کی نسبت کرنے کا کیا حکم ہے ؟

جواب     غیر تلاوت میں اپنی طرف سے حضرت سَیِّدُنا آدم عَلَیْہِ السَّلَام کی طرف نافرمانی وگناہ کی نسبت کرنا حرام ہے ۔  (  [1]) ائمہ دِین نے اس کی تصریح فرمائی ہے  بلکہ ایک جماعت علمائے کرام نے اِسے کفر بتایا ۔   (  [2])

سوال      حضرت نوح عَلَیْہِ السَّلَام کی کشتی کے بارے میں کچھ تفصیل بتائیے ؟

جواب     اس کشتی کی بلندی 30 گز تھی اوراس میں تین منزلیں تھیں ، نچلی منزل جنگلی جانوروں ، درندوں اور حشرات الارض کے لیے تھی ، درمیانی منزل میں چوپائے اور پالتو جانور تھے جبکہ اُوپر کی منزل انسانوں کے لیے مُخْتَص تھی ۔  (  [3])

سوال      تعمیر ِخانۂ کعبہ کے وقت حضرت ابراہیم اور اسماعیل عَلَیْہِمَا السَّلَام کی زبانوں پر کون سے الفاظ  جاری تھے ؟

جواب     ( رَبَّنَا تَقَبَّلْ مِنَّاؕ-اِنَّكَ اَنْتَ السَّمِیْعُ الْعَلِیْمُ(۱۲۷)) (  پ۱ ، البقرة : ۱۲۷) ترجَمۂ کنز الایمان :  اے رب ہمارے ہم سے قبول فرما ، بیشک تو ہی ہے سنتا جانتا ۔

سوال      حضرت سیدنا ابراہیم عَلَیْہِ السَّلَام کی ازواج کے نام بتائیے ؟

جواب     (  1) حضرت سارہ (  2) حضرت ہاجرہ قبطیہ مصریہ (  3) حضرت قنطورا  (  4) حضرت حجون بنت امین رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُن ۔  (  [4])

سوال      جنتی لاٹھی کسے کہتے ہیں؟

جواب     اِس سے مرادحضرت سیدنا موسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام کی وہ مقدس لاٹھی ہے جسے ’’عصائے موسیٰ‘‘کہتے ہیں ۔  (  [5])  اس کے ذریعہ آپ کے بہت سے معجزات کا ظہور ہوا جن کو قرآنِ مجید نے بار بار بیان فرمایا ہے ۔

سوال      جنتی عصاحضرت سَیِّدُناموسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام کو کیسے ملا؟

جواب     حضرت  سَیِّدُناآدم عَلَیْہِ السَّلَام کے بعد یہ مقدس عصا حضراتِ انبیائے کرام عَلَیْہِمُ السَّلَام کو یکے بعد دیگرے بطورِ میراث ملتا رہا ، یہاں تک کہ حضرت سَیِّدُنا شعیب عَلَیْہِ السَّلَام کو ملا ، جب حضرت  سَیِّدُنا موسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام مصر سے ہجرت فرما کر مَدْیَن تشریف لے گئے تووہاں حضرت سَیِّدُنا شعیب عَلَیْہِ السَّلَام نے بحکمِ الٰہی آپ کو یہ مقدس عصا عطا فرمایا ۔  (  [6])

سوال      حضرت سَیِّدُنا موسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام نے کتنی راتیں کوہِ طور پر اعتکاف کیا تو توریت شریف عطا کی گئی؟

جواب     حضرت سَیِّدُنا موسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام نے کوہِ طور پر40راتیں اعتکاف کیا جس کے بعدآپ کوتوریت شریف عطا کی گئی ۔  (  [7])

سوال      حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام کے اصحاب کو ”حَوارِی“کیوں کہتے ہیں؟

جواب     وہ  سب حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام کے مخلص جاں نثار تھے اور اُن کے قلوب اور نیتیں صاف تھیں اس بنا پر ان بارہ پاکبازوں اور نیک نفسوں کو ”حواری“ کا معزز لقب عطا کیا گیا ۔  (  [8])

سوال      حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام کو آسمان پر اُٹھائے جانے کا واقعہ کہاں اور کب پیش آیا؟

جواب     حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام کو آسمان پر اُٹھائے جانے کا واقعہ بَیْتُ الْمَقْدِس میں شبِ قدر کی مبارک رات میں وُقوع پذیر ہوا ۔  (  [9])

سوال      کیاحضورِاَکرم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے بھی  کچھ حواری تھے ؟

جواب     جی ہاں ۔ حضرت قتادہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  فرماتے ہیں کہ قریش میں12 صحابۂ کرام حضورنبی کریم  صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے ”حواری“ہیں ۔  (  [10])

سوال      حضورِاکرم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے حواریوں کے نام بتائیے ؟

جواب     12حواریوں کے نام یہ ہیں :   (  1) حضرت ابوبکر  (  2) حضرت عمرفاروق  (  3) حضرت عثمان غنی  (  4) حضرت علی  المرتضیٰ  (  5) حضرت حمزہ  (  6) حضرت جعفر  (  7) حضرت ابوعبیدہ بن الجراح   (  8) حضرت عثمان بن مظعون  (  9) حضرت عبدالرحمٰن بن عوف  (  10) حضرت سعد بن ابی وقاص  (  11) حضرت طلحہ بن عُبَیْدُاللہ   (  12) حضرت زبیر بن عوام رِضْوَان اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہِمْ اَجْمَعِیْن  ۔  (  [11])

 



[1]     احکام القرآن لابن العربی ، پ۱۶ ، طه ، تحت الآیة : ۱۲۱ ، ۳ / ۲۵۹ ۔

[2]     مدخل ، الجزء الثانی ، ۱ / ۲۳۷ ۔

[3]     تفسیر بغوی ، پ۱۲ ، ھود ، تحت الآیة : ۳۸ ، ۲ / ۳۲۲ ۔

[4]     قصص الانبیاء لابن کثیر ، الفصل الثالث عشر : ذکر اولاد ابراھیم الخلیل ، ص۲۴۰