Book Name:Dilchasp Malomaat Sawalan Jawaaban Part 02

حج وعمرہ

سوال      سفر حج کے دوران  موت آنے کی کیا فضیلت ہے ؟

جواب     حضورِ اکرم ، شفیع ِمعظم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : جو حج کے لیے نکلا اور مرگیا قیامت تک اس کے لیے حج کا ثواب لکھا جائے گا ۔  (  [1])

سوال      حجِ مَبْرُوْر کسے کہتے ہیں اور اس کاثواب کیا ہے ؟

جواب     وہ حج جس میں ریا کاری اور ناموری کا کوئی شائبہ بھی نہ ہو اور نہ ہی کوئی فحش کلامی ہو اور نہ کوئی گناہ اور وہ حج مالِ حلال سے ہو ۔  (  [2]) حدیثِ پاک میں ہے  : حج مَبْرُوْر کاثواب جنت ہی ہے ۔  (  [3])

سوال      مِیْقَات کتنے اورکون کون سے ہیں؟

جواب     میقات پانچ ہیں :  (  1) ذُوالْحُلَیْفَہ : یہ مدینہ طیبہ سے مکۂ مکرمہ آنے والوں کیلئے میقات ہے (  2) ذاتِ عِرْق : یہ عراق والوں کیلئے میقات ہے (  3) جُحْفَہ : یہ اہل شام کیلئے  میقات ہے (  4) قَرْنُ الْمَنَازِلْ : یہ نجد (  ریاض) سے آنے والوں کیلئے میقات ہے (  5) یَلَمْلَمْ : یہ اہل یمن کیلئے میقات ہے ۔  (  [4])

سوال      حج کے  ارکان کتنے اور کون کونسے ہیں نیز اِس کا رکن اعظم  کونسا ہے ؟

جواب     حج کے دو رکن ہیں  :  (  1) طوافُ الزِّیارَۃ ۔  (  2) وُقُوفِ عَرَفہ ۔  (  [5]) 9ذوالحجّہ کو وقوفِ عرفہ حج کا رُکنِ اعظم ہے ۔  (  [6])

سوال      کعبہ مشرَّفہ پر جب پہلی نظر پڑے تو کیا کرنا چاہئے ؟

جواب     جوں ہی پہلی نظر پڑے تین بار’’لَا اِلٰہَ اِلَّاا للّٰہُ وَاللّٰہُ اَکْبَر“کہئے اور دُرود شریف پڑھ کر دُعا مانگئے کہ کَعْبَۃُ اللہ شریف پر پہلی نظر جب پڑتی  ہے اُس وقت مانگی  ہوئی دُعا ضَرور قَبول ہوتی ہے ۔  (  [7])

سوال      دورانِ طواف سینہ یا پیٹھ کعبے کی طرف ہوجائے تو کیا حکم ہے ؟

جواب     بھیڑ کے سبب یا بے خَیالی میں کسی طَواف کے دَوران تھوڑی دیرکے لیے اگر سینہ یا پیٹھ کعبے کی طرف ہوجائے تو طَواف میں سینہ یا پیٹھ کئے جتنا فاصِلہ طے کیا ہو اُتنے فاصلے کا اِعادہ  (  یعنی دوبارہ کرنا) واجِب ہے اور افضل یہ ہے کہ وہ پھیرا ہی نئے سرے سے کرلیا جائے ۔  (  [8])

سوال      طواف و سَعی میں کون سے سات کام جائز ہیں؟

جواب     (  1) سلام کرنا (  2) جواب دینا (  3) ضرورت کے وقت بات کرنا (  4) پانی پینا  (  سَعْی میں کھا بھی سکتے ہیں)  (  5) حمد و نعت یا منقبت کے اَشعارآہِستہ آہستہ پڑھنا  (  6) دورانِ طواف نمازی کے آگے سے گزرناکہ طواف بھی نماز ہی کی طرح ہے مگر سعی کے دوران گزرنا جائز نہیں (  7) فتویٰ پوچھنایافتویٰ دینا ۔  (  [9])

سوال      بحالتِ اِحْرام اگر وُضو کرنے میں بال جھڑیں تو کیا اِس پر بھی کفّارہ ہے ؟

جواب     وُضو کرنے میں ، کُھجانے میں یا کنگھا کرنے میں اگر دویا تین بال گرے تو ہر بال کے بدلے میں ایک ایک مُٹّھی اَناج یا ایک ایک ٹکڑا روٹی یا ایک چُھوارا خیرات کریں اور تین سے زِیادہ گرے تو صَدَقہ دینا ہوگا ۔  (  [10])

سوال      احرام میں خوشبو لگالی اور کفارہ بھی دے دیا تو اب لگی رہنے دیں یا کیا کریں؟

جواب     خوشبو لگاناجب جُرم قرار پایا تو بدن یا کپڑے سے دُور کرنا واجِب ہے اور کفّارہ دینے کے بعد اگر زائل (  یعنی دُور) نہ کیا تو پھر دَم وغیرہ واجِب ہوگا ۔  (  [11])

سوال      مُحْرِم نے اگربھول کرسِلا ہوا لباس پہن لیا اور یاد آتے ہی اُتار دیا تو کوئی کفّارہ وغیرہ ہے یا نہیں؟

جواب     کفّارہ ہے ! اگرچہ ایک لمحے کے لیے پہناہو ۔ جان بوجھ کرپہناہویابُھولے سے ’’صَدَقہ‘‘واجِب ہوگیااور اگر چارپَہریا اس سے زیادہ چاہے لگاتار کئی دِن تک پہنے رہا’’دَم‘‘واجِب ہوگا ۔  (  [12])

 



[1]     مسند ابی یعلی ، مسند ابی ھریرة ، ۵ /  ۴۴۱ ، حدیث : ۶۳۲۷ ۔

[2]     شرح المؤطاللزرقانی ، کتاب الحج ، باب جامع ماجاء فی العمرة ، ۲ /  ۳۷۶ ، تحت الحدیث : ۷۸۳ ۔

[3]     بخاری ، کتاب العمرة ، باب العمرة ۔ ۔ ۔ الخ ، ۱ /  ۵۸۶ ، حدیث : ۱۷۷۳ ۔

[4]     مسلم ، کتاب الحج ، باب مواقیت الحج والعمرة ، ص ۴۶۶ ، حدیث : ۲۸۰۹ ، ۲۸۱۰ ، رفیق الحرمین ، ۶۳-۶۴ ۔

[5]     درمختار ، کتاب الحج ، ۳ /  ۵۳۷ ۔

[6]     رفیق الحرمین ، ص۱۵۹ ، ۱۶۰ ۔

[7]     رفیق المعتمرین ، ص۴۰ ۔

[8]     رفیق المعتمرین ، ص۱۳۹ ۔

[9]     المسلک المتقسط ، باب دخول مکة ،  فصل فی مباحاتہ ، ص۱۶۲ ۔ ۱۶۴ ، فتاویٰ رضویہ ، ۱۰ /  ۷۴۵ ۔

[10]     المسلک المتقسط ، باب الجنایات ، فصل فی سقوط الشعر ،