Book Name:Dilchasp Malomaat Sawalan Jawaaban Part 02

جواب     جس پر جُمُعَہ فرض ہے اسے شہر میں جُمُعَہ ہو جانے سے پہلے ظُہْرپڑھنا مکروہِ تَحْرِیمی ہے بلکہ امام ابنِ ہُمام رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہنے فرمایا :  حرام ہے اور پڑھ لیا جب بھی جُمُعَہ کے ليے جانا فرض ہے اور جُمُعَہ ہو جانے کے بعد ظُہْر پڑھنے میں کراہت نہیں ، بلکہ اگر جُمُعَہ دوسری جگہ نہ مل سکے تو ظُہْر ہی پڑھنافرض ہے مگر جُمُعَہ ترک کرنے کا  گناہ اس کے سر رہا ۔  (  [1])

سوال      نمازِ جُمُعَہ کے لیے جاتے ہوئے خریدوفروخت کرنا کیسا ہے ؟

جواب     پہلی اذان کے ہوتے ہی سعی واجب ہے اور بیع  (  خریدوفروخت) وغیرہ اُن چیزوں کا جو سعی کے منافی ہوں چھوڑ دینا واجب یہاں تک کہ راستہ چلتے ہوئے اگر خرید و فروخت کی تو یہ بھی ناجائز اور مسجد میں خرید و فروخت تو سخت گناہ ہے ۔  (  [2])

سوال      دورانِ خطبہ نامِ اقدس صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم آنے پر دُرودکا کیا حکم ہے ؟

جواب     حُضُورِ اَقدس صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا نامِ پاک خطیب نے لیا تو حاضرین دل میں دُرُود شریف پڑھیں ، زبان سے پڑھنے کی اُس وقت اجازت نہیں ۔  (  [3]) یونہی صحابۂ کرام کے ذکر پر اس وقت رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُمْ زبان سے کہنے کی اجازت نہیں ۔  (  [4])

سوال      جُمُعَہ کے دن سورۂ کہف پڑھنے کی کیا فضیلت ہے اورزیادہ بہتر کس وقت ہے ؟

جواب     جُمُعَہ کے دن یا رات میں سورۂ کہف کی تلاوت افضل ہے اور زیادہ بُزرگی رات میں پڑھنے کی ہے ۔ حدیثِ مبارکہ میں ہے کہ جوشخص جُمُعَہ کے دن سورۂ کہف کی تلاوت کرے اس کیلئے دونوں جمعوں کے درمیان نور روشن ہوگا ۔  (  [5]) نیز ارشاد فرمایا :  جو جُمُعَہ کے دن سورۂ کہف پڑھے اس کے قدم سے آسمان تک نور بلند ہو گا جو قیامت میں  اس کے ليے روشن ہو گا اور دو جمعوں کے درمیان جو گناہ ہوئے ہيں بخش دیئے جائیں گے ۔  (  [6])

سوال      جُمُعۃ المبارک کے دن فوت ہونے والے کیلئے حدیث میں کیا بشارت ہے ؟

جواب     حُضُور نبیِ کریم ، رَءُوْفٌ رَّحیم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا  : جو روزِ جُمُعَہ یا شبِ جُمُعَہ مرے گا عذابِ قَبْر سے بچا لیا جائے گااور قِیامت کے دن اِس طرح آئے گا کہ اُس پر شہیدوں کی مُہْرہو گی ۔  (  [7])

عیدین

سوال      بقرہ عید کے دن کونسی نیکی اللہ عَزَّ  وَجَلَّ کو سب سے زیادہ محبوب ہے ؟

جواب     حُضُور تاجدارِ ختمِ نبوتصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ  کا فرمانِ عالیشان ہے  :  انسان بقره عید کے دن کوئی ایسی نیکی نہیں کرتا جواللہ عَزَّ  وَجَلَّ کو  (  جانور کا) خون بہانے سے زیادہ پیاری ہو ، یہ قُربانی قِیامت میں اپنے سینگوں ، بالوں اور کُھروں کے ساتھ آ ئے گی (  اور اُس کی نیکیوں کے پلڑے میں رکھی جائے گی) اورقربانی کا خون زمین پر گرنے سے پہلے اللہ عَزَّ  وَجَلَّ  کے ہاں قَبول ہوجاتا ہے لہٰذاقُربانی خوش دِلی سے کرو ۔  (  [8])

سوال      باجماعت پڑھی جانے والی کونسی نمازوں کے لیے اذان واِقَامَت نہیں؟

جواب     وہ عِیدُالفطر ، بقرعید اور جنازہ وغیرہ کی نمازیں ہیں کیونکہ فرض نمازوں کے علاوہ کسی نماز میں اذان و اِقَامَت نہیں ۔  (  [9])

سوال      عِیدَین کی نماز کا مستحب وقت بتائیے ؟

جواب     ان دونوں نمازوں کا وقت سورج کے ایک نیزہ کی مقدار بلند ہونے  (  یعنی طلوعِ آفتاب کے بیس منٹ بعد) سے ضحوۂ کُبْریٰ یعنی نِصْفُ النہار شرعی تک ہے ۔  (  [10]) مگر عِیدُالفطر میں دیر کرنا اور عِيدُالْاضحیٰ میں جلد پڑھنا مستحب ہے ۔  (  [11])

سوال      نمازِ عید کی نیت کس طرح کرے ؟

جواب     میں نیت کرتا ہوں دو رَکْعَت نَماز عِیدُالفطر (  يا عِیدُالْاضحیٰ) کی ، ساتھ چھ زائد تکبیروں کے ، واسطے اللہ تعالیٰ کے ، پیچھے اِس امام کے  ۔  (  [12])

 



[1]     رد  المحتار ،  کتاب الصلاة ، باب الجمعة ، مطلب فی شروط وجوب الجمعة ، ۳ /  ۳۳ ، بہار شریعت ، حصہ۴ ، ۱ /  ۷۷۳ ۔

[2]     درمختار مع رد المحتار ، کتاب الصلاة ، باب الجمعة ، ۳ /  ۴۲ ۔

[3]     درمختار ، کتاب الصلاة ، باب الجمعة ، ۳ /  ۴۰ ۔

[4]      بہار شریعت ، حصہ۴ ، ۱ /  ۷۷۵ ۔

[5]     سنن صغری ، کتاب الصلاة ، باب فضل الجمعة ، ۱ /  ۲۱۰ ، حدیث : ۶۰۸ ۔

[6]     الترغیب والترھیب ، کتاب الجمعة ، الترغیب فی قراءة سورة الکھف ۔ ۔  ۔ الخ ، ۱ /  ۲۹۸ ، حدیث : ۲ ۔

[7]     ترمذی ، کتاب الجنائز ، باب ماجاء فیمن مات یوم الجمعة ، ۲ /  ۳۳۹ ، حدیث : ۱۰۷۶ ۔

مسند فردوس ، ۲ /  ۲۴۷ ، حدیث : ۵۹۶۸ ۔

[8]     ترمذی ، کتاب الاضاحی ، باب ماجاء فی فضل الاضحیة ، ۳ /  ۱۶۲ ، حدیث : ۱۴۹۸ ۔

[9] <



Total Pages: 122

Go To