Book Name:Dilchasp Malomaat Sawalan Jawaaban Part 02

سوال      ایک ہی حافظ صاحب کا دو مسجدوں میں تراویح پڑھانا کیسا ہے ؟

جواب     ایک امام دو مسجدوں میں تراویح پڑھاتا ہے اگر دونوں میں پوری پوری پڑھائے تو ناجائز ہے اور اگر گھر میں تراویح پڑھ کر مسجد میں آیا اور امامت کی تو مکروہ ہے ۔  (  [1])

سوال      امام کے سلام پھیرنے کے بعدرکعتوں کی تعداد میں شک ہوجائے تو کیا حکم ہے ؟

جواب     سلام پھیرنے کے بعد کوئی کہتا ہے دو ہوئیں کوئی کہتا ہے تین تو امام کے علم میں جو ہو اُس کا اعتبار ہے اور امام کو کسی بات کا یقین نہ ہو تو جس کو سچا جانتا ہو اُس کے قول پراعتبار کرے ۔  اگر اس میں لوگوں کو شک ہو کہ بیس ہوئیں یا اٹھارہ تو دو رَکعت تنہا تنہا پڑھیں ۔  (  [2])

سوال      قعدہ میں سوگیا اور امام اگلی دو رکعتوں کے قعدہ میں  پہنچ گیاتو اب کیاحکم ہے ؟

جواب     قعدہ میں مقتدی سو گیا ، امام سلام پھیر کر اور دو رکعت پڑھ کر قعدہ میں آیا اب یہ بیدار ہوا تو اگر معلوم ہوگیا تو سلام پھیر کر شامل ہو جائے اور امام کے سلام پھیرنے کے بعد جلد پوری کر کے امام کے ساتھ ہو جائے ۔  (  [3])

سوال      کیا مقتدا شخص تنہا تراویح کی نماز پڑھ سکتا ہے ؟

جواب     جو شخص مقتدا ہو کہ اس کے ہونے سے جماعت بڑی ہوتی ہے اور چھوڑ دے گا تو لوگ کم ہو جائیں گے اسے بلا عذر جماعت چھوڑنے کی اجازت نہیں ۔  (  [4])

سوال      تراویح کی 20 رکعتیں ایک ہی سلام کے ساتھ پڑھنا کیسا ہے ؟

جواب     تراویح کی 20رکعتیں دس سلام کے ساتھ پڑھے یعنی ہر دو رکعت پر سلام پھیرے اور اگر کسی نے 20 پڑھ کر آخر میں سلام پھیرا تو اگر ہر دو رکعت پر قعدہ کرتا رہا تو ہو جائے گی مگر کراہت کے ساتھ اور اگر قعدہ نہ کیا تھا تو دو رکعت کے قائم مقام ہوئیں ۔  (  [5])

سوال      اگر تراویح فوت ہو گئی تو اس کی قضا کب کرے ؟

جواب     تراویح اگروقت میں نہ پڑھی اورفوت ہو گئی تو اس کی قضا نہیں ، نہ جماعت سے نہ تنہا اور اگر کوئی قضا کر بھی لیتا ہے تو یہ جداگانہ نفل ہو جائیں گے ، تراویح سے ان کا تعلق نہ ہو گا  ۔  (  [6])

سوال      نمازِ تراویح فاسد ہوجانے پر اُس میں کی گئی تلاوت کا کیا حکم ہے ؟

جواب     اگر کسی وجہ سے نمازِ تراویح فاسد ہو جائے تو جتنا قرآن مجید ان رکعتوں میں پڑھا ہے اُسے دوبارہ پڑھا جائے  تاکہ ختمِ قرآن  میں کمی نہ رہے ۔  (  [7])

سوال      مُرَوَّجَہ شبینہ کے بارے میں صدرُ الشَّریعہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہنے کیا فرمایا ہے ؟

جواب     صدرالشریعہ مفتی امجد علی اعظمی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی فرماتے ہیں  : شبینہ کہ ایک رات کی تراویح میں پورا قرآن پڑھا جاتا ہے ، جس طرح آج کل رواج ہے کہ کوئی بیٹھا باتیں کر رہا ہے ، کچھ لوگ لیٹے ہیں ، کچھ لوگ چائے پینے میں مشغول ہیں ، کچھ لوگ مسجد کے باہر حُقّہ نوشی کر رہے ہیں اور جب جی میں آیا ایک آدھ رکعت میں  شامل بھی ہوگئے یہ ناجائز ہے ۔  (  [8])

قضا نمازیں

سوال      ادا اور قضا کی تعریف بیان کیجئے ؟

جواب     جس چیز کابندوں کوحکم ہے اسے وقت میں بجا لانے کو ادا کہتے ہیں اور وقت کے بعد عمل میں لانا قضا کہلاتاہے ۔  (  [9])

سوال     غزوۂ خندق میں کتنی نمازوں کی قضا ادا کی  گئی؟

جواب     غزوۂ خندق میں حضورنبی کریمصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ  کی چار نمازیں مشرکین کی وجہ سے جاتی رہیں یہاں تک کہ رات کا کچھ حصہ چلا گیا ، حضرت بلال رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ  کو حکم فرمایا ، انہوں نے اذان و اقامت کہی ، حضورنبی پاک صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے ظہر کی نماز پڑھی ، پھر اقامت کہی تو عصر پڑھی ، پھر اقامت کہی تو مغرب پڑھی ، پھر اقامت کہی تو عشاپڑھی ۔  (  [10])

سوال      قضا نمازوں کے گناہ سے توبہ  کے لیے کیا چیز ضروری ہے ؟

 



[1]     فتاوی ھندیة ، کتاب الصلاة ، الباب التاسع فی النوافل ، فصل فی تراویح ، ۱ /  ۱۱۶ ۔

[2]     فتاوی ھندیة ، کتاب الصلاة ، الباب التاسع فی النوافل ، فصل فی تراویح ، ۱ /  ۱۱۷ ۔

[3]     فتاوی ھندیة ، کتاب الصلاة ، الباب التاسع فی النوافل ، فصل فی تراویح ، ۱ /  ۱۱۹ ۔

[4]     فتاوی ھندیة ، کتاب الصلاة ، الباب التاسع فی النوافل ، فصل فی تراویح ، ۱ /  ۱۱۶ ۔

[5]     درمختار ، کتاب الصلاة ، باب الوتر والنوافل ، ۲ /  ۵۹۹ ۔

[6]     درمختار ، کتاب الصلاة ، باب الوتر والنوافل ، ۲ /  ۵۹۸ ۔

[7]     فتاوی ھندیة ، کتاب الصلاة ، الباب التاسع فی النوافل ، فصل فی تراویح ، ۱ /  ۱۱۸ ۔

[8]     بہار شریعت ، حصہ۴ ، ۱ /  ۶۹۵ ۔

[9]     درمختار ، کتاب الصلاة ، باب قضاء الفوائت ، ۲ /  ۶۲۷ ، ۶۳۲ ۔

[10]     سنن کبری للبیھقی ، کتاب الصلاة ، باب الاذان والاقامة للجمع ۔ ۔ ۔ الخ ، ۱ /  ۵۹۲ ، حدیث : ۱۸۹۲  ۔



Total Pages: 122

Go To