Book Name:Dilchasp Malomaat Sawalan Jawaaban Part 01

جواب   جو نابالغ حدِ شَہْوَت کو پہنچ گیا وہ بالغ کے حکم میں ہے یعنی بالغ کو کفن میں جتنے کپڑے دئیے جاتے ہیں اسے بھی دئیے جائیں اور اس سے چھوٹےلڑکےکو ایک کپڑا (اِزار) اور چھوٹی لڑکی کو دو کپڑے (لِفافہ اور اِزار) دے سکتے ہیں اور لڑکے کو بھی دو کپڑے (لفافہ اور ازار) دئیے جائیں تو اچھا ہے اور بہتر یہ ہے کہ دونوں کو پورا کفن دیں اگرچہ ایک دن کا بچہ ہو۔([1])

سوال   میت کو عام سا کفن دینا چاہیے یا قیمتی ؟

جواب   کفن اچھا ہونا چاہئے یعنی مرد عِیْدَیْن وجمعہ کے لیے جیسے کپڑے پہنتا تھا اور عورت جیسے کپڑے پہن کر میکے جاتی تھی اس قیمت کا ہونا چاہئے۔([2])حدیثِ پاک میں ہے: ”مُردوں کو اچھا کفن دو کہ وہ قبروں میں باہم ملاقات کرتے ہیں۔“([3])

سوال   میت کو غسل کیسے شخص سے دلوایا جائے؟  

جواب   امانت دار اور پرہیزگار شخص سے غسل دلوایا جائے تاکہ وہ دورانِ غسل عیب والی بات دیکھے تو اسے چھپائے اور بھلائی والی بات دیکھے تو ظاہر کرے۔ بہتر یہ ہے کہ نہلانے والا میت کا قریبی رشتے دار ہو۔([4])

سوال   میت کا کفن کس کے مال سے خریدا جائے ؟

جواب    میت نے اگر کچھ مال چھوڑا تو کفن اسی کے مال سے ہونا چاہئے۔میّت نے مال نہ چھوڑا تو کفن اس کے ذمہ ہے جس کے ذمہ زندگی میں نَفَقَہ تھا اور اگر کوئی ایسا نہیں یا وہ نادار ہے تو وہاں کے مسلمانوں پر کفن دینا فرض ہے۔([5])

نمازِ جنازہ

سوال   نمازِ جنازہ فرض ہے یا واجب یا پھرسنت؟

جواب   نماز جنازہ فرضِ کِفایَہ ہے۔([6])

سوال   نمازِ جنازہ میں کتنے رُکن اور کتنی سُنَّتیں ہیں؟

جواب   نمازِ جنازہ میں دو رُکن ہیں: (1)چار تکبیریں اور (2)قیام ۔اورقیام میں تین سنّتِ مُؤکَّدَہ ہیں: (1)ثنا (2)درود ِپاک اور (3)میت کے لیے دعا۔([7])

سوال   کیا غائبانہ نمازِ جنازہ ہوسکتی ہے؟

جواب   میِّت کا سامنے ہونا ضروری ہے، غائبانہ نمازِ جنازہ نہیں ہوسکتی۔([8])

سوال   نمازِ جنازہ کا امام کہاں کھڑا ہو؟

جواب   مُستَحَب یہ ہے کہ امام میِّت کے سینے کے سامنے کھڑا ہو۔([9])

سوال      کس نماز کی آخری صف سب سے افضل ہے؟

جواب     نمازِ جنازہ کی آخری صف تمام صفوں سے افضل ہے۔([10])

سوال      جنازے میں کتنی صفیں ہونی چاہیں؟

جواب     بہتر یہ ہے کہ جنازے میں تین صفیں ہوں کہ حدیثِ پاک میں ہے: جس کی نماز(جنازہ)تین صفوں نے پڑھی اُس کے لیے جنت واجب ہوگئی۔([11])

سوال      اگرجنازہ پڑھنے والےافراد بہت ہی کم ہوں تو تین صفیں کیسے بنائیں؟

جواب     اگر کل سات آدمی ہوں تو ایک امام بن جائے اب پہلی صف میں تین کھڑے ہوجائیں دوسری میں دواور تیسری میں ایک۔([12])

سوال      جنازےکو کندھا دینے کا کیا ثواب ہے؟

جواب     حدیثِ پاک میں ہے: جو جنازے کو چالیس قدم لے کر چلے اُس کے چالیس کبیرہ گناہ مٹادئیے جائیں گے۔([13])

 



1   رد المحتار، کتاب الصلاة، باب صلاة الجنازة، ۳/ ۱۱۷۔

2   در مختار، کتاب الصلاة، باب صلاة الجنازة، ۳/ ۱۱۳۔

3   مسلم، کتاب الجنائز، باب فی تحسین کفن المیت، ص۴۷۰ ، حدیث: ۹۴۳، الکامل لابن عدی، الرقم:۷۳۴، سلیمان بن ارقم ، ۴/ ۲۳۷۔

4   ھندیہ، کتاب الصلاۃ، الباب الحادی والعشرون فی الجنائز، الفصل الثانی فی الغسل، ۱/ ۱۵۹۔

1   بہار شریعت، حصہ۴، ۱/ ۸۱۹، ۸۲۰۔در مختار، کتاب الصلاة، باب صلاة الجنازة، ۳/ ۱۱۴۔

2   درمختار ، کتاب الصلاۃ، باب صلاۃ الجنازۃ، ۳/۱۲۰۔

3   درمختار ، کتاب الصلاۃ، باب صلاۃ الجنازۃ، ۳/۱۲۴۔

4   درمختار ، کتاب الصلاۃ، باب صلاۃ الجنازۃ، ۳/۱۲۳۔

5   درمختار ، کتاب الصلاۃ، باب صلاۃ الجنازۃ، ۳/۱۳۴۔

1   درمختار ، کتاب الصلاۃ، باب صلاۃ الجنازۃ، ۳/۱۳۱۔

2   ترمذی، کتاب الجنائز، باب ماجاء فی الصلوة علی المیت   الخ، ۲/ ۳۱۷، حدیث:۱۰۳۰ ۔

3   غنیۃ المتملی، فصل فی الجنائز، ص ۵۸۸۔

4   معجم اوسط، ۴/ ۲۵۹، حدیث: ۵۹۲۰۔



Total Pages: 99

Go To