Book Name:Dilchasp Malomaat Sawalan Jawaaban Part 01

سوال       کس صورت میں سامنے نماز پڑھنے والے کی پیٹھ پر سجدہ کرنا جائز ہے؟

جواب   جب بِھیڑ بہت زیادہ ہو تو سامنے والے کی پیٹھ پر سجدہ کرنا جائز ہے جبکہ وہ اس کی نماز میں شریک ہو۔([1])

سوال   سجدۂ سَہْوْ کرنے کے بعد بغیر تَشَہُّد پڑھے سلام پھیر دیا تو کیا حکم ہے ؟  

جواب   فرض ادا ہوجائے گا لیکن ایسا کرنے سے گناہ گار ہوگا اور نماز پھر سے پڑھنی واجب ہوگی۔([2])

سوال   قراءت کی جگہ صرف  بِسْمِ اللہ پڑھ لی تو کیا نماز ہوجائے گی ؟

جواب   نماز نہیں ہوگی کیونکہ صرف بِسْمِ اللہ پڑھنے سے فرض ادا نہ ہوگا۔([3])

واجباتِ نماز اور سجدۂ سَہْوْ

سوال             واجباتِ نماز میں سے اگر کوئی واجب بھولے سے رہ جائے تو کیا حکم ہے؟

جواب             واجباتِ نماز میں سے اگر کوئی واجب بھولے سے رہ جائے تو سجدۂ سَہْوْ واجب ہے۔([4])

سوال   سجدۂ سہو کا کیا طریقہ ہے؟

جواب             اَلتَّحِیّات پڑھ کر بلکہ افضل یہ ہے کہ درود شریف بھی پڑھ لیجئے ، سیدھی طرف سلام پھیر کر دو سجدے کیجئے پھر  تَشَہُّد ، درود شریف اور دعا پڑھ کر سلام پھیر دیجئے۔([5])

سوال   اگر داہنی طرف سلام پھیرے بغیر سجدۂ سہو کر لیا تو کیا حکم ہے ؟  

جواب   اگر بغیر سلام پھیرے سجدۂ سہو کرلیا تو نماز ہوجائے گی لیکن ایسا کرنا مکروہِ تنزیہی ہے۔([6])

سوال   سجدۂ سہو کے بعد اَلتَّحِیّات پڑھنے کا کیا حکم ہے؟

جواب             سجدۂ سہو کے بعد بھی اَلتَّحِیّات پڑھنا واجب ہے۔([7])

سوال   قیام میں کوئی شخص سورۂ فاتحہ پڑھ کرکچھ دیر سوچتا رہا کہ کونسی سورت پڑھوں تو کیا حکم ہے؟

جواب   اگر بقدرِ ادائے رُکن یعنی جتنی دیرمیں3 بار ’’ سُبْحٰنَ اللہ ‘‘  کہہ لیتا اتنے وقت تک سوچتا رہا تو سجدۂ سہو لازم ہے۔([8])

سوال   اگر سجدۂ سہو واجب ہونے کے باوجود نہ کیا تو کیا حکم ہے؟

جواب   اصل حکم یہ ہے ( کہ ) سجدۂ سہو واجب ہوا اگر نہ کیا نماز مکروہِ تحریمی ہوئی جس کا اِعادَہ واجب (ہے)۔ ([9])

سوال   جان بوجھ کر واجب ترک کیا تو کیا حکم ہے؟

جواب             جان بوجھ کر واجب ترک کیا تو سجدۂ سہو کافی نہیں بلکہ نماز دوبارہ لوٹانا واجب ہے۔([10])

سوال   فرض ترک ہو گیا تو کیا سجدۂ سہو سے اس کی تَلافی ہوجائے گی ؟

جواب             فرض ترک ہو جانے سے نماز جاتی رہتی ہے سجدۂ سہو سے اس کی تلافی نہیں ہوسکتی لہٰذا دوبارہ پڑھئے۔([11])

سوال   نماز میں قرآن پاک پڑھنے سے کب سجدۂ سہو واجب ہوتا ہے ؟

جواب   قیام کے علاوہ دیگر اَرکان میں قرآنِ مجید پڑھنے سے سجدۂ سہو واجب ہوتا ہے۔([12])

سوال   ایک سے زائد واجب ترک ہوئے تو کتنے سجدۂ سہو کرنے ہوں گے ؟

جواب             نماز میں اگرچہ دس واجب ترک ہوئے ، سہو کے دو ہی سجدے سب کیلئے کافی ہیں۔([13])

 



1   فتاوی ھندیہ، کتاب الصلاة، الباب الرابع فی صفة الصلاة، الفصل الاول فی فرائض الصلاة، ۱/ ۷۰۔

2   درمختار، کتاب الصلاة ، ۲/ ۱۹۳، بہارِ شریعت، حصہ ۳، ۱/۵۱۶۔

3   در مختار، کتاب الصلاة، باب صفۃ الصلاۃ، ۲/ ۲۳۶، بہارِ شریعت، حصہ۳، ۱/۵۱۲۔

4   در مختارورد المحتار، کتاب الصلاۃ، باب سجود السھو، ۲/۶۵۱، ۶۵۵۔

5   فتاوی ھندیہ، کتاب الصلاة، الباب الثانی عشر فی سجودالسہو، ۱/ ۱۲۵۔

1   درمختار، کتاب الصلاة، باب سجود السھو، ۲/ ۶۵۳۔

2   فتاوی ھندیۃ، کتاب الصلاۃ، الباب الثانی عشر فی سجود السھو، ۱/۱۲۵۔

3   فتاوی رضویہ، ۸/۱۷۷، ملتقطاً۔

4   فتاوی رضویہ، ۸/۱۷۸، ملتقطاً۔

5   در مختارو رد المحتار، کتاب الصلاۃ، باب سجود السھو، ۲/۶۵۵۔

1   درمختار وردالمحتار، کتاب الصلاۃ، باب سجود السھو، ۲/۶۵۵۔

2   رد المحتار، کتاب الصلاۃ، باب سجود السھو، ۲/۶۵۷ ۔بہارِ شریعت، حصہ ۴، ۱/۷۱۳۔

3   در مختارو رد المحتار، کتاب الصلاۃ، باب سجود السھو، ۲/۶۵۵۔



Total Pages: 99

Go To