Book Name:Dilchasp Malomaat Sawalan Jawaaban Part 01

سوال             کیادودھ پیتے بچے کا پیشاب  پاک ہوتا ہے؟

جواب   جی نہیں، ایک دن کے دودھ پیتے بچے کا پیشاب بھی اسی طرح ناپاک ہے جس طرح عام لوگوں کا۔([1])

سوال  کن پرندوں کی بیٹ پاک ہے؟

جواب   جو پرند حلال اُونچے اُڑتے ہیں جیسے کبوتر،  مینا،  مرغابی،  ان کی بیٹ پاک ہے۔([2])

سوال   ناپاک کارپیٹ(CARPET)کو کیسے پاک کیا جائے؟

جواب   کارپَیٹ کا ناپاک حصّہ ایک بار دھوکر لٹکادیجئے یہاں تک کہ پانی ٹپکنا مَوقوف ہوجائے پھر دوبارہ دھوکر لٹکائیے حتّٰی کہ پانی ٹپکنا بند ہو جائے پھر تیسری بار اِسی طرح دھوکر لٹکادیجئے جب پانی ٹپکنا بند ہوجائے گا تو کارپیٹ پاک ہوجائے گا ۔چَٹائی ، چمڑے کے چپل اورمِٹّی کے برتن وغیرہ جن چیزوں میں پتلی نَجاست جَذب ہو جاتی ہو اِسی طریقے پر پاک کیجئے۔([3])

سوال   دوسرے کے کپڑے پر نجاست لگی دیکھی تو کیا کیا جائے؟

جواب   کسی دوسرے مسلمان کے کپڑے میں نَجاست لگی دیکھی اور غالِب گمان ہے کہ اس کو خبر کرے گا تو پاک کر لے گا تو خبر کرنا واجِب ہے۔ (ایسی صورت میں خبر نہیں دے گا تو گنہگار ہوگا)۔([4])

وُضو

سوال      وضو سے متعلق قرآنِ پاک میں کیا اِرشاد ہوا؟

جواب     وُضو  کے متعلق قرآنِ پاک میں اِرشاد ہوتا ہے: (یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْۤا اِذَا قُمْتُمْ اِلَى الصَّلٰوةِ فَاغْسِلُوْا وُجُوْهَكُمْ وَ اَیْدِیَكُمْ اِلَى الْمَرَافِقِ وَ امْسَحُوْا بِرُءُوْسِكُمْ وَ اَرْجُلَكُمْ اِلَى الْكَعْبَیْنِؕ    ) (پ۶، المائدۃ: ۶)      ترجمۂ کنز الایمان: اے ایمان والو جب نماز کو کھڑے ہونا چاہو تو اپنا منھ دھوؤ اور کہنیوں تک ہاتھ  اور سروں کا مسح کرو  اور گٹوں تک پاؤں دھوؤ۔

سوال  حدیثِ پاک میں وُضو کی کیا فضیلت آئی ہے ؟

جواب  حضورِاکرم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے فرمایا: ”جب آدمی وضو کرتا ہے تو ہاتھ دھونے سے ہاتھوں کے اور چہرہ دھونے سے چہرے کے اور سَر کا مَسح کرنے سے سر کے اور پاؤں دھونے سے پاؤں کے گناہ جَھڑ جاتے ہیں۔“([5])

سوال  ہمیشہ باوُضو رہنے والے کو کونسی  سات فضیلتیں ملتی ہیں ؟  

جواب  (1)ملائکہ اُس کی صحبت میں رَغبت کریں(2)قلم اُس کی نیکیاں لکھتا رہے (3) اُس کے اَعضاء تسبیح کریں(4)اُس سے تکبیرِ اُولیٰ فوت نہ ہو(5)جب سوئے  اللہ تعالٰی کچھ فِرشتے بھیجے کہ جِن و اِنس کے شر سے اُس کی حفاظت کریں (6) سَکراتِ موت اس پر آسان ہو(7)جب تک باوُضو ہو امانِ الٰہی میں رہے۔([6])

سوال      وضو کے کتنے فرائض ہیں؟

جواب     وُضو میں چار فرض ہیں: (1) مونھ دھونا (2) کُہنیوں سمیت دونوں ہاتھوں کا دھونا  (3) سر کا مسح کرنا (4) ٹخنوں سمیت دونوں پاؤں کا دھونا۔([7])

سوال      کسی عُضْوْ کو دھونے کے کیا معنیٰ ہیں؟

جواب     کسی عُضْوْ کے دھونے کے یہ معنی ہیں کہ اس عُضْوْ کے ہرحصہ پر کم سے کم دو بوند پانی بہہ جائے۔ بھیگ جانے یا تیل کی طرح پانی چُپَڑلینے یا ایک آدھ بوند بہہ جانے کو دھونا نہیں کہیں گے نہ اس سے وُضو یا غُسل ادا ہو۔([8])

سوال                 کیا مِسواک  نَماز کے لئے سُنّت ہے یا وضو کے لئے ؟

جواب     مِسواک نماز کے لیے سنت نہیں بلکہ وُضو کے لیے ، تو جو ایک وُضو سے چند نمازیں پڑھے،  اس سے ہر نماز کے لیے مِسواک کا مطالبہ نہیں،  جب تک تَغَیُّرِ رائِحہ (سانس  بدبودار) نہ ہو گیاہو، ورنہ اس کے دفع کے لیے مُستقل سنّت ہے ۔([9])

سوال      ہاتھ وغیرہ سے خون نکلنے کے باوجود کب وُضو نہیں ٹوٹتا؟

جواب     خون نکلا لیکن بہا نہیں تو یہ وضو کو نہیں توڑتا۔([10])

سوال      خون نکل کر بہہ گیا مگر وُضو نہ ٹوٹا، اس کی کیا صورت ہے؟  

جواب     اگرخون  بہا مگر بہہ کر ایسی جگہ نہیں پہنچا جس کا وضو یا غُسل میں دھونافَرض ہو مثلاً خون نکل کر آنکھ یا کان میں بہا مگر ان سے باہر نہیں آیا تو وُضو نہیں ٹوٹا۔([11])

سوال      اِنجِکشن لگانے سے وضو ٹوٹے گا یا نہیں ؟

جواب     گوشت میں اِنجِکشن لگانے میں صرف اسی صورت میں وضو ٹوٹے گا جب کہ بہنے کی مقدار میں خون نکلے۔([12])

 



1   در مختار، کتاب الطھارۃ، باب الانجاس، ۱/۵۷۴۔

2   بہارشریعت، حصہ۲، ۱/۳۹۲ ۔

3   اسلامی بہنوں کی نماز، ص۲۶۳۔

4   بہار شریعت، حصہ ۲، ۱/ ۴۰۵۔

1   مسندامام احمد،  ۱/۱۳۰، حدیث: ۴۱۵۔

2   فتاویٰ رضویہ ، ۱/۷۰۳۔

1   بہارِ شریعت ، حصہ ۲، ١/ ٢٨٨۔

2   بہارِ شریعت ، حصہ ۲، ١/ ٢٨٨۔

3   بہارِ شریعت ، حصہ۲، ١/ ٢۹۵۔

4   فتاوی ھندیۃ، کتاب الطھارۃ، الباب الاول في الوضوء، الفصل الخامس، ۱/۱۰۔

1   فتاوی ھندیۃ، کتاب الطھارۃ، الباب الاول فی الوضوء، الفصل الرابع، فی المکروھات، ۱/۱۱۔

2   نماز کے احکام ، ص۲۷۔



Total Pages: 99

Go To