Book Name:Islam Ki Bunyadi Batain Part 03

٭…  پھر نماز جیسا وضو کروائیں یعنی تین بار منہ پھر کہنیوں سمیت دونوں ہاتھ تین تین بار دھلائیں ، پھر سر کا مسح کریں ، پھر تین بار دونوں پاؤں دھلائیں ۔ )[1](

٭…  پھر سر اور داڑھی کے بال ہوں تو وہ دھوئیں ۔

٭…  اب بائیں (یعنی الٹی) کروٹ پر لٹا کر بیری کے پتوں کا جوش دیا ہوا (نیم گرم) پانی اور یہ نہ ہو تو خالص پانی نیم گرم سر سے پاؤں تک بہائیں کہ تختہ تک پہنچ جائے۔

٭…  پھر سیدھی کروٹ لٹا کر بھی اسی طرح کریں ۔

٭…  پھرٹیک لگا کر بٹھائیں اور نرمی کے ساتھ پیٹ کے نچلے حصے پر ہاتھ پھیریں اور کچھ نکلے تو دھو ڈالیں ۔ دوبارہ وضو اور غسل کی حاجت نہیں ۔

٭…  پھر آخر میں سر سے پاؤں تک تین بار کافور کا پانی بہائیں ۔

٭…  پھر کسی پاک کپڑے سے بدن آہستہ سے پونچھ دیں ۔

مسنون کفن اور اس کی تفصیل

سوال …:                     مرد وعورت کا مسنون کفن کیا ہے؟

جواب …:             مرد کے کفن میں تین کپڑے ہوتے ہیں :  (1)… لفافہ (2)… ازار اور (3)… قمیص۔

                        اور عورت کے لیے مذکورہ تین کے علاوہ دو مزید ہوتے ہیں یعنی (4)… سینہ بند اور (5)… اوڑھنی ۔

(1)… لفافہ (یعنی چادر) میت کے قد سے اتنی بڑی ہو کہ دونوں طرف سے باندھ سکیں ۔

(2)… ازار (یعنی تہبند) چوٹی سے قدم تک ہو۔

 (3)… قمیص (یعنی کفنی) گردن سے گھٹنوں کے نیچے تک اور یہ آگے پیچھے دونوں طرف برابر ہو، اس میں چاک اور آستینیں نہ ہوں ۔ مرد کے لئے کفنی کندھوں پر چیریں اور عورت کے لئے سینے کی طرف۔

(4)… سینہ بند پستان سے ناف تک اور بہتر یہ ہے کہ ران تک ہو۔

(5)… اوڑھنی تین ہاتھ (یعنی ڈیڑھ گز) کی ہو۔

سوال …:                     مُخَنَّث (ہیجڑے) کو مردوں والا مسنون کفن دیا جائے گا یا عورتوں والا؟

جواب …:             مُخَنَّث کو عورتوں والا کفن دیا جائے۔

سوال …:                     مردوں اور عورتوں کو کفن پہنانے کا طریقہ بتائیے؟

جواب …:                       مردوں اور عورتوں کو کفن پہنانے کا طریقہ درج ذیل ہے:

مرد کو کفن پہنانے کا طریقہ

٭…  کفن کو ایک، تین، پانچ یا سات بار دھونی دیں ۔

٭…  پھر اس طرح بچھائیں کہ پہلے لفافہ یعنی بڑی چادر اس پر تہبند اور اس کے اوپر کفنی رکھیں ۔

٭…   اب میت کو اس پر لٹائیں اور کفنی پہنائیں ۔

٭…  اب داڑھی پر (نہ ہو توٹھوڑھی پر) اور تمام جسم پر خوشبو ملیں ۔

٭…  وہ اعضاء جن پر سجدہ کیا جاتا ہے یعنی پیشانی ، ناک ، ہاتھوں اور قدموں پر کافور لگائیں ۔

٭…  پھر تہبند پہلے الٹی جانب سے پھر سیدھی جانب سے لپیٹیں ۔

٭…  اب آخر میں لفافہ بھی اسی طرح پہلے الٹی جانب سے پھر سیدھی جانب سے لپیٹیں تاکہ سیدھا اوپر رہے۔

٭…  آخر میں سر اور پاؤں کی طرف سے باندھ دیں ۔

عورت کو کفن پہنانے کا طریقہ

٭…  کفنی پہناکر اس کے بالوں کے دو حصے کرکے کفنی کے اوپر سینے پر ڈال دیں ۔

٭…  اوڑھنی کو آدھی پیٹھ کے نیچے بچھا کر سر پر لا کر منہ پر نقاب کی طرح ڈال دیں کہ سینے پر رہے۔ اس کا طول آدھی پشت سے نیچے تک اورعرض ایک کان کی لو سے دوسرے کان کی لو تک ہو۔ بعض لوگ اوڑھنی اس طرح اوڑاھتے ہیں جس طرح عورتیں زندگی میں سر پر اوڑھتی ہیں یہ خلافِ سنت ہے۔

 



[1]    میت کے وضو میں پہلے گٹّوں تک ہاتھ دھونا،   کلی کرنا اور ناک میں پانی ڈالنا نہیں ہے۔ البتہ کپڑے یا روئی کے پھریرے بھگو کر دانتوں،   مسوڑھوں،   ہونٹوں اور نتھنوں پر پھیر دیں۔

 



Total Pages: 146

Go To